• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

کرکٹ کی دنیا پر مبنی فلمیں جو دنیا بھر میں مقبول ہوئیں

کرکٹ صرف میدانوں تک محدود نہیں، بلکہ دنیا بھر کی سینما انڈسٹری میں بھی کرکٹ کو خاصی اہمیت حاصل ہے۔
شائع June 17, 2019 اپ ڈیٹ June 18, 2019

ورلڈکپ 2019 اس وقت جاری ہے اور دنیا بھر کے شائقین میں کرکٹ کا جنون سر چڑھ کر بول رہا ہے کیونکہ کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے، جسے بچے بڑے نوجوان ہر کوئی شوق سے دیکھتے بھی ہیں اور کھیلتے بھی۔

اس ہی طرح ورلڈ کپ 2019 میں ہر کوئی اپنے اپنے ممالک کی ٹیموں کا سپورٹ بھی پورے جوش کے ساتھ کررہا ہے، جبکہ سب کو امید ہے کہ اس سال کا ورلڈکپ ان کے ملک کی ٹیم ہی جیتے گی۔

اگر کرکٹ کی بات کی جائے تو یہ کھیل صرف میدانوں تک محدود نہیں، بلکہ دنیا بھر کی سینما انڈسٹری میں بھی کرکٹ کو خاصی اہمیت حاصل ہے۔

چاہے بات ہولی وڈ کی ہو، بولی وڈ کی یا پھر پاکستانی فلم انڈسٹری کی، کرکٹ پر ہمیشہ ہی فلمیں بنانے کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔

بولی وڈ سالوں سے کرکٹ پر مبنی فلموں کی تشہیر کررہا ہے، جبکہ نامور بولی وڈ اداکار رنویر سنگھ اس وقت معروف بھارتی کرکٹر کپل دیو کی زندگی پر مبنی فلم '83' کی شوٹنگ میں بھی مصروف ہیں، جو اگلے سال سامنے آئے گی۔

کرکٹ اور فلموں کی ہی بات کی جارہی ہے تو تینوں بڑی سینما انڈسٹریز میں کرکٹ پر کئی فلمیں بنائیں گئی۔

یہاں چند ایسی فلمیں مندرجہ ذیل ہیں، جن کی کہانی کرکٹ پر مبنی ہے اور یہ دنیا بھر میں خود کامیاب ثابت ہوئیں۔

میں ہوں شاہد آفریدی

2013 میں سامنے آئی پاکستانی فلم 'میں ہوں شاہد آفریدی' ایک ایسے نوجوان لڑکی کی کہانی تھی جو کرکٹ کی دنیا میں پاکستان کا نیا شاہد آفریدی بننے کا خواہش مند تھا۔

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے شاہد نامی نوجوان جس کرکٹ کلب کا حصہ تھا اس کا بینک دیوالیہ ہوجاتا ہے، جس کے بعد سیالکوٹ میں ہونے والے ایک ٹارنامنٹ کے لیے اس نے بغیر کسی کوچ کے ساتھیوں کی ٹیم تیار کی۔ جس کے بعد اکبر دین نامی سابق کرکٹر نے ان کی مدد کی۔

اس فلم میں ہمایوں سعید، نعمان حبیب، ندیم بیگ، ماہ نور بلوچ، جاوید شیخ، شہزاد شیخ اور حمزہ علی عباسی نے اہم کردار نبھائے۔

فلم کی ہدایات سید علی رضا اسامہ نے دی تھی۔

وکٹری

2009 میں سامنے آئی اس بھارتی فلم میں اداکار ہرمن باویجا نے مرکزی کردار نبھایا تھا، جبکہ فلم میں امریتا راؤ اور انوپم کھیر بھی موجود تھے۔

اس فلم کی کہانی ایک نوجوان کے بھارتی کرکٹ ٹیم میں کھیلنے اور چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کی جدوجہد پر مبنی تھی۔

اس فلم کی سب سے خاص بات یہ تھی کہ اس میں کرکٹ کی دنیا کے کئی نامور کرکٹرز کو بھی مختصر کرداروں میں پیش کیا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ سے تعلق رکھنے والی بھی کئی اسٹارز اس فلم کا حصہ بنے تھے جن میں شعیب ملک، وقار یونس، سہیل تنویر شامل ہیں۔

فلم میں بھارتی، آسٹریلوی اور سری لنکا کے کرکٹرز کو بھی دکھایا گیا تھا۔

اظہر

2016 میں ریلیز ہوئی بولی وڈ فلم 'اظہر' معروف بھارتی کرکٹر اور سابق کپتان اظہرالدین کی زندگی پر مبنی ہے، جن پر ان کے کیریئر میں میچ فکسنگ کا الزام عائد کردیا گیا تھا۔

فلم میں اداکار عمران ہاشمی نے اظہرالدین کا کردار نبھایا تھا، جبکہ پراچی دیسائی اور نرگس فخری نے اظہرالدین کی پہلی اور دوسری اہلیہ کا کردار نبھایا تھا۔

فلم کی ہدایات اینتھونی ڈی سوزا نے دی تھی۔

چین کلی کی مین کلی کی چین

بولی وڈ فلم 'چین کلی کی مین کلی کی چین' 2007 میں ریلیز ہوئی تھی۔

اس فلم کی کہانی ایک یتیم بچے کی زندگی پر بنائی گئی جو کرکٹر بننے کا خواہش مند ہے اور اسے ایک جادوئی بلا مل جاتا ہے جس سے یہ پورے بھارت کا پسندیدہ کرکٹر بن جاتا ہے۔

فلم کی ڈائیریکشن کرن جیت سلوجا نے کی تھی، جس میں زین خان اور راہول بوس نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔

سچن: اے بلین ڈریمز

2017 کی یہ فلم بھارت کے کامیاب کرکٹر سچن ٹنڈلکر کی زندگی پر مبنی ہے۔

اس فلم میں سچن ٹنڈلکر کی ذاتی زندگی اور کرکٹ کیریئر کو پیش کیا گیا، جبکہ ان کی زندگی کے ایسے کئی راز بھی سامنے آئے جو مداحوں جو معلوم نہ تھے۔

فلم میں سچن خود اپنی زبانی اپنی زندگی کی کہانی بیان کرتے نظر آئے۔

ایم ایس دھونی: دی ان ٹولڈ اسٹوری

2016 میں ریلیز ہوئی بولی وڈ فلم 'ایم ایس دھونی: دی ان ٹولڈ اسٹوری' بھارتی کرکٹر مہندر سنگھ دھونی کی زندگی پر مبنی ہے۔

فلم میں ایم ایس دھونی کی زندگی کو پیش کیا گیا کہ کس طرح انہوں نے ایک عام لڑکے سے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان بننے تک کا سفر طے کیا۔

فلم میں مہیندر سنگھ دھونی کا کردار اداکار سشانتھ سنگھ راجپوت نے نبھایا تھا۔

نیرج پانڈے کی ہدایات میں بننے والی فلم کی کہانی اور اداکاروں کی اداکاری کو مثبت ریویوز بھی موصول ہوئے تھے۔

دی فائنل ٹیسٹ

ہولی وڈ فلم 'دی فائنل ٹیسٹ' 1953 میں سامنے آئی تھی، جس کی ہدایات اینتھونی ولیم نے دی تھی۔

ویسے تو اس فلم کی کہانی ایک باپ اور بیٹے کے رشتے پر مبنی تھی، تاہم اس میں کرکٹ کو بھی پیش کیا گیا تھا۔

فلم میں شائقین کا کرکٹ کے لیے جنون دکھایا گیا، جبکہ اس کی تشہیر بھی کی گئی۔

'دی فائنل ٹیسٹ' کی کہانی سیم پالمر نامی برطانوی کرکٹر سے شروع ہوتی ہے جو اپنے کیریئر کے آخری میچ کی تیاری کررہا ہوتا ہے، اس کی واحد خواہش یہی ہوتی ہے کہ اس کا بیٹا اسٹیڈیم آکر یہ میچ دیکھے، تاہم سیم کا بیٹا کرکٹ کا شوقین نہیں، وہ شاعری کا شوقین ہوتا ہے اور اس ہی روز اپنے پسندیدہ شاعر ایلکزینڈر وائٹ ہیڈ سے ملاقات کرنے کا ارادہ کرتا ہے، تاہم اسے حیرانی اس وقت ہوتی ہے جب اسے پتا چلتا ہے کہ الیکزینڈر خود کرکٹ کے بہت بڑے مداح ہیں۔

وونڈرس اوبلیوین

اس فلم کی کہانی ایک ایسے نوجوان پر مبنی ہے جو کرکٹ کھیلنے کا شوقین تو ہے لیکن اس کے سامنے کئی مسائل آتے ہیں۔

تاہم اس سفر میں اس نوجوان کی مدد اس کے پڑوس میں موجود ایک والد اور ان کی بیٹی کرتے ہیں۔

جس کے بعد ڈیوڈ ایک کامیاب کرکٹر بننے میں کامیاب ہوتا ہے۔

یہ فلم 2003 میں سامنے آئی تھی جس کی ہدایات پول موریسن نے دی تھی۔

فراری کی سواری

بولی وڈ فلم 'فراری کی سواری' 2012 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں شرمن جوشی نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔

اس فلم کی کہانی ایک ایسے والد پر مبنی ہے جو اپنے بیٹے کے لارڈز میں کرکٹ کھیلنے کی خواہش کو پورا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

فلم کی ہدایات راجیش ماپسکر نے دی، جس میں کرکٹ کو شائقین کے لیے بہترین انداز میں پیش کیا گیا۔

جنت

ویسے تو اس فلم کی کہانی رومانوی تھی تاہم اس میں کرکٹ کی دنیا کو نہایت الگ انداز میں پیش کیا گیا تھا۔

2008 میں سامنے آنے والی اس بولی وڈ فلم میں اداکار عمران ہاشمی نے مرکزی کردار نبھایا جنہوں نے کرکٹ کی دنیا میں میچ فکسنگ کی کہانی کو پیش کیا۔

اپنے پیار کی خاطر جلد پیسے کمانے میں عمران ہاشمی کرکٹ میں میچ فکسنگ کا کام شروع کردیتا ہے۔

دل بولے ہڑپا

دل بولے ہڑپا 2009 میں سامنے آئی بولی وڈ فلم ہے جس میں ایک لڑکی کے کرکٹ کھیلنے کے جنون کو پیش کیا گیا۔

اس فلم میں رانی مکھرجی نے مرکزی کردار نبھایا جو ایک گاؤں سے تعلق رکھنے والی لڑکی بنی ہیں، رانی تھیٹر ڈرامے میں لڑکے کا کردار نبھاتی ہیں، جبکہ وہ کرکٹ کھیلنے کی بھی شوقین ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ وہ لڑکے کا روپ اپنا کر اپنے گاؤں کی کرکٹ ٹیم کا حصہ بنتی ہیں۔

فلم میں شاہد کپور نے بھی مرکزی کردار نبھایا تھا۔

پٹیالا ہاؤس

2011 میں ریلیز ہوئی فلم 'پٹیالا ہاؤس' برطانیہ میں رہائش پزید ایک سکھ خاندان کی زندگی پر مبنی ہے۔

اس خاندان سے تعلق رکھنے والا نوجوان اپنے والد سے چھپ کر برطانیہ کی کرکٹ ٹیم کا حصہ بنتا ہے اور اپنا خواب پورا کرتا ہے۔

اس فلم میں اکشے کمار، انوشکا شرما، رشی کپور اور ڈمپل کپاڈیا نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔

کائے پو چے

2013 میں ریلیز ہونے والی اس بولی وڈ کی کہانی تین ایسے دوستوں پر مبنی تھی جو اپنی کرکٹ اکیڈمی کا آغاز کرتے ہیں۔

اس اکیڈمی کا مقصد صرف یہی تھا کہ دنیا کے سامنے کرکٹ کی دنیا کے نئے سپراسٹارز سامنے لائے جاسکیں تاہم اس سفر میں ان تینوں دوستوں کو کئی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

اس فلم میں سشانت سنگھ راجپوت اور راج کمار راؤ نے مرکزی کرار نبھایا تھا۔

اقبال

فلم کی کہانی ایک بولنے اور سننے کی صلاحیت سے معذور شخص کی زندگی پر مبنی ہے جس کا خواب اپنے ملک کی کرکٹ ٹیم کا حصہ بننا تھا۔

تاہم اس کے والد اس بات سے خلاف تھے، تاہم اپنی بہن کی مدد سے اس نوجوان کو ایک ایسا کوچ ملتا ہے جو اسے کرکٹ کھیلنا سکھاتا ہے۔

فلم 2005 میں سامنے آئی تھی، جس میں شریاس تلپڈے نے اہم کردار نبھایا تھا۔

لگان

2001 میں ریلیز ہوئی فلم 'لگان' کو بولی وڈ کی سب سے بڑی کرکٹ پر مبنی فلم کہا جاتا ہے۔

اس فلم میں عامر خان نے مرکزی کردار نبھایا تھا، جبکہ اور کئی نامور اداکار فلم کا حصہ بنے تھے۔

فلم لگان کی کہانی بھارت کے ایک چھوٹے گاؤں میں انگریزوں کے قبضے پر بنائی گئی تھی، جہاں کے افراد اپنے گاؤں کو واپس حاصل کرنے کے لیے کرکٹ میچ کا مقابلہ رکھنے کا فیصلہ کرتے۔

ان تمام فلموں میں سے آپ کی پسندیدہ فلم کون سی ہے؟ کمنٹ میں ضرور بتائیں۔