پاک-بھارت کشیدگی: فضائی حدود کی بندش میں 15 جون تک توسیع

شائع May 30, 2019
دڈھائی ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود پاکستان یا بھارت کی جانب سے بندش کے خاتمے کے لیے پیش رفت نہیں کی گئی
— فائل فوٹو/ رائٹرز
دڈھائی ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود پاکستان یا بھارت کی جانب سے بندش کے خاتمے کے لیے پیش رفت نہیں کی گئی — فائل فوٹو/ رائٹرز

راولپنڈی: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے ے) کی جانب سے ایئرمین کو جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے بھارت سے منسلک پاکستانی فضائی حدود 15 جون کی صبح 5 بجے تک بند رہے گی۔

نوٹس کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود یونیورسل ٹائم (یو ٹی سی) کے مطابق 14 جون کو رات 23 بج کر 59 منٹ تک بند رہیں گی۔

خیال رہے کہ یو ٹی سی اور پاکستانی وقت میں 5 گھنٹے کا فرق ہے۔

سی اے اے کی جانب سے ایئرمین کو جاری کیے گئے نوٹس کے مطابق پنجگور کی فضائی حدود مغربی جانب سے ٹرانزٹ فلائٹس کے لیے کھلی رہیں گی کیونکہ ایئر انڈیا پہلے سے وہ حدود استعمال کررہی تھی۔

مزید پڑھیں: پاک-بھارت کشیدگی: فضائی حدود کی جزوی بندش میں 30 مئی تک توسیع

خیال رہے کہ پاکستان نے 21 مئی کو کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کے لیے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کو پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے کی خصوصی اجازت دی تھی۔

تاہم دیگر کمرشل ایئرلائنز کے فضائی حدود تاحال بند ہیں۔

بھارتی فضائی حدود استعمال کرنے والی غیر ملکی پروازیں طویل روٹ طے کرنے پر مجبور ہیں کیونکہ انہیں پاکستان سے گزرنے کی اجازت نہیں، اس بندش سے یورپ سے جنوب مغربی ایشیا جانے والی پروازیں متاثر ہورہی ہیں۔

وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا تھا کہ مشرقی فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے پاکستان کو بھارت کے مقابلے میں کم نقصان کا سامنا ہے کیونکہ بھارتی کمرشل فلائٹس کو یورپ جانے کے لیے طویل راستہ طے کرنا پڑرہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک-بھارت فضائی حدود کی بندش سے ایشیا بھر کی پروازیں متاثر

15 مئی کو پاکستان نے بھارت کے لیے فضائی حدود کی بندش میں 30 مئی تک توسیع کی تھی جس کی وجہ سے بھارتی حدود استعمال کرنے والی غیر ملکی پروازوں کو پاکستان سے گزرنے کی اجازت نہیں تھی۔

کمرشل پروازوں کے لیے فضائی حدود کی بندش کو ڈھائی ماہ سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود پاکستان یا بھارت کی جانب سے بندش ختم کرنے کے لیے کوئی پیش رفت نہیں کی گئی۔


یہ خبر 30 مئی 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 5 جنوری 2025
کارٹون : 4 جنوری 2025