• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

انٹربینک میں روپے کی قدر میں اضافہ ڈالر 78 پیسے سستا

شائع May 29, 2019
انٹر بینک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران ڈالر 149 روپے 70 پیسے تک پہنچ گیا تھا۔ — فائل فوٹو: اے ایف پی
انٹر بینک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران ڈالر 149 روپے 70 پیسے تک پہنچ گیا تھا۔ — فائل فوٹو: اے ایف پی

ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے جہاں اب روپے کی قدر میں اضافے کے ساتھ ڈالر 78 پیسے سستا ہوگیا۔

انٹرماکیٹ میں کاروباری دن کے اختتام پر ڈالر کی قیمت کم ہوکر 150 روپے 22 پیسے ہوگئی۔

دوسری جانب کاروباری روز کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 150 روپے پر مستحکم رہی۔

کرنسی ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کمی کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں استحکام نظر آیا۔

مزید پڑھیں: ڈالر ایک ہفتے میں 9 روپے مہنگا ہوکر 154 کا ہوگیا

تاہم ماہرین کی جانب سے توقع کی جارہی ہے کہ اگر انٹر بینک مارکیٹ اگلے دو روز مزید کم ہوتی ہے تو اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں واضح فرق نظر آئے گا۔

آج انٹر بینک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران ڈالر کی قیمت روپے کے مقابلے میں 149 روپے 70 پیسے تک نیچے جاتی ہوئی بھی دیکھی گئی۔

تاہم کاروباری روز کے اختتام پر ڈالر کی قیمت 150 روپے 22 پیسے پر بند ہوئی۔

خیال رہے ڈالر کی قدر میں گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران تیزی کے ساتھ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور انٹربینک مارکیٹ میں تاریخ کی بلند ترین سطح 154 روپے تک ہوگیا تھا۔

ڈالر کی قدر میں اضافے کی وجہ سے ملکی قرضوں پر براہ راست بوجھ پڑ رہا ہے۔

دو روز قبل ڈالر کی قدر میں کمی کے معمولی رجحان پر ایکسچینج کمپنی ایسوسی ایشن پاکستان کے سیکریٹری جنرل ظفر پراچہ نے ڈان نیوز کو بتایا تھا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو ڈالر کی قدر میں مزید 3 سے 4 روپے کمی ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈالر ایک مرتبہ پھر 151 روپے کا ہوگیا

ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں ڈالر کی رسد میں اضافے کے ساتھ ساتھ خریداروں کی بھی ڈالر سے دلچسپی میں کمی سامنے آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'ڈالر کا بہاؤ بہت زیادہ ہے جبکہ مانگ تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے، میرا ماننا ہے کہ کرنسی ڈیلرز عید تک 50 لاکھ ڈالر تک سرپلس فی دن بینک میں جمع کروائیں گے'۔

ظفر پراچہ کا کہنا تھا کہ خریداروں کی دلچسپی اس وجہ سے بھی کم ہوئی کیونکہ روپے کی قدر میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اضافہ ہوا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024