اٹک میں تیل کی دریافت کیلئے کویتی کمپنی کو لائسنس جاری
پیٹرولیم ڈویژن نے کویت کی کمپنی 'کوفپیک' کے ذیلی ادارے 'کیرتھر پاکستان بی وی' کو اٹک میں مکھڈ بلاک میں تیل کی تلاش کے لیے لائسنس جاری کردیا۔
وزارت توانائی کی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ حکومت نے مذکورہ کمپنی کے ساتھ ایکسپلوریشن لائسنس (ای ایل) اور پیٹرولیم کنسیشن معاہدہ (پی سی اے) کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کے قریب سمندر سے تیل و گیس کے ذخائر نہ مل سکے
پریس ریلیز کے مطابق معاہدے پر سیکریٹری پیٹرولیم اسد حیاالدین اور کویتی کمپنی کوفپیک کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) شیخ نواف سعود الصبح نے دستخط کیے۔
تقریب میں وفاقی وزیر پیٹرولیم عمر ایوب خان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر عمر ایوب نے کہا کہ پی سی اے اور ای ایل پر عملدرآمد سے پیٹرولیم سیکٹر میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا رجحان بڑھے گا جبکہ توانائی کے شعبے میں موجود طلب اور رسد کے فرق میں کمی آئے گی۔
مزید پڑھیں: پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے ساتھ عوام کو رمضان مبارک، شہباز شریف
عمر ایوب خان نے کہا کہ اگلے چند برس میں مذکورہ فیصلہ ضرور رنگ لائے گا اور ملک کو اضافی ہائیڈروکاربن کے ذخائر مہیا ہوں گے۔
مکھڈ بلاک کے بارے میں بتایا گیا کہ مذکورہ بلاک خیبر پختونخوا کے ضلع اٹک میں موجود ہے جس کا رقبہ پنجاب میں میانوالی اور چکوال تک پھیلا ہوا ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق مکھڈ بلاک ایک ہزار 562 مربع کلو میٹر پر محیط ہے۔
یہ بھی پڑھیں: موٹرسائیکلوں کیلئے کم معیار کا پیٹرول متعارف کروانے پر غور
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق کوفپیک مکھڈ بلاک میں تقریباً 90 لاکھ 80 کروڑ ڈالر خرچ کرے گی۔
پریس ریلیز کے مطابق کویتی کمپنی مکھڈ بلاک میں سماجی اسکیموں پر سالانہ 30 ہزار ڈالر خرچ کرنے کی پابند ہوگی۔