• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان پانی سے بجلی بنانے والے ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگیا

شائع May 15, 2019
فہرست میں پڑوسی ملک بھارت اپنے سسٹم میں 535 میگا واٹ بجلی کا اضافہ کرنے پر 8 ویں درجے پر رہا—فائل فوٹو:رائٹرز
فہرست میں پڑوسی ملک بھارت اپنے سسٹم میں 535 میگا واٹ بجلی کا اضافہ کرنے پر 8 ویں درجے پر رہا—فائل فوٹو:رائٹرز

لاہور: پاکستان سال 2018 میں پانی سے بجلی بنانے (ہائیڈرو پاور) کی گنجائش کے اعتبار سے دنیا کے 20 ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگیا۔

پاکستان کو یہ درجہ برطانیہ سے تعلق رکھنے والی معروف ادارے ‘انٹرنیشنل ہائیڈرو پاور ایسوسی ایشن (آئی ایچ اے)‘ نے اپنی رپورٹ میں دیا۔

مذکورہ رپورٹ حال ہی میں جاری کی گئی جس کا عنوان تھا ’2019: ہائیڈرو پاور اسٹیٹس رپورٹ-سیکٹر ٹرینڈز اینڈ انسائٹس‘۔

اس ادارے کا قیام یونیسکو کی رہنمائی میں 1995 میں عمل میں آیا تھا جس کا مقصد ہائیڈرو پاور میں اچھے اور نئے طریقہ کار کو فروغ دینا تھا، اور اب آئی ایچ اے چیمپیئن اس شعبے میں مسلسل بہتر اور پائیدار طریقہ کار پر گامزن ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملکی تاریخ کے پہلے نجی ہائیڈرو پاور پلانٹ کا افتتاح

آئی ایچ اے کی رپورٹ کے مطابق نئی گنجائش کی تنصیب کے بعد پاکستان 2018 میں 2 ہزار 487 میگا واٹ بجلی نظام میں داخل کرنے میں کامیاب ہوا۔

فہرست میں پاکستان سے پہلے برازیل 3 ہزار 866 میگا واٹ ہائیڈل بجلی اور فہرست میں سب سے اوپر چین 8 ہزار 540 میگا واٹ بجلی کے ساتھ موجود ہے۔

جس کے بعد نئی ہائیڈرو گنجائش کے تحت ترکی ایک ہزار 85 میگا واٹ اور انگولا 668 میگا واٹ ہائیڈل بجلی کے ساتھ چوتھے اور پانچویں درجے پر رہے۔

فہرست میں پڑوسی ملک بھارت اپنے سسٹم میں 535 میگا واٹ بجلی کا اضافہ کرنے پر 8 ویں درجے پر رہا۔

مزید پڑھیں: داسو ہائیڈرو پاور منصوبہ: زمین کی فراہمی کیلئے مالکان کی اکثریت رضامند

20 ممالک کی اس فہرست میں تاجکستان 605 میگا واٹ بجلی کے ساتھ چھٹے درجے درجے پر رہا جس کے بعد ایکواڈور (556 میگا واٹ)، بھارت (535 میگا واٹ)، ناروے(419 میگا واٹ)، کینیڈا(401 میگا واٹ)، آسٹریا(385 میگا واٹ)، کمبوڈیا(300 میگا واٹ)، لاؤس(254 میگا واٹ)، زمبابوے(150 میگا واٹ)، امریکا(141 میگا واٹ)، ایران(140 میگا واٹ)، کانگو(121 میگا واٹ)، کولمبیا(111 میگا واٹ)، پیرو(111 میگا واٹ) اور چلی (110 میگا واٹ) شامل ہیں۔

جہاں تک پاکستان میں ہائیڈرو پاور کے حالیہ اضافے کا ذکر ہے، ملک میں ایک سال میں پانی سے پیدا ہونے والی مجموعی توانائی میں 36 فیصد اضافہ ہوا۔

قبل ازیں واپڈا 1958 میں آغاز ہونے کے بعد سے 2017 تک صرف 6 ہزار 902 میگا واٹ پانی سے پیدا ہونے والی توانائی حاصل کرسکا تھا جبکہ ملک میں 60 ہزار میگا واٹ تک پانی سے بجلی پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔


یہ خبر 15 مئی 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024