• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سعودی عرب: منشیات اسمگلنگ پر پاکستانی کو سزائے موت

شائع May 14, 2019
عمران حیدر ولد غلام حسین  12 دسمبر 2013 کو سیالکوٹ سے جدہ گئے تھے — فائل فوٹو/اے پی
عمران حیدر ولد غلام حسین 12 دسمبر 2013 کو سیالکوٹ سے جدہ گئے تھے — فائل فوٹو/اے پی

راولپنڈی: انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) کے مطابق سعودی عرب میں ہیروئن اسمگلنگ پر ایک اور پاکستانی کو سزائے موت دے دی گئی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عمران حیدر ولد غلام حسین 12 دسمبر 2013 کو سیالکوٹ سے جدہ گئے تھے جہاں انہیں سعودی پولیس نے 500 گرام ہیروئن رکھنے پر گرفتار کرلیا تھا۔

مذکورہ کیس حال ہی میں ختم ہوا جس میں عمران کو سزائے موت سنائی گئی، سعودی عرب میں معمولی سی مقدار کی منشیات پر بھی موت کی سزا دی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں پاکستانی میاں بیوی کے سر قلم

اس سے قبل 11 اپریل کو منشیات اسمگلنگ کے الزام میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی کے سر قلم کردیے گئے تھے۔

خیال رہے سعودی عرب میں سزائے موت دیے جانے کی شرح دنیا میں بلند ترین سطح پر ہے جہاں دہشت گردی، ریپ، مسلح ڈکیتی اور منشیات کی اسمگلنگ پر موت کی سزا دی جاتی ہے۔

دوسری جانب اے این ایف نے مختلف کارروائیوں میں 17 کروڑ 47 لاکھ 40 ہزار روپے مالیت کی 56 کلو 180 گرام ہیروئن قبضے میں لے کر 16 افراد کو حراست میں لے لیا جن میں 3 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 3 گاڑیوں کو بھی ضبط کرلیا گیا۔

ضبط شدہ منشیات میں 46 کلو 200 گرام حشیش، 7 کلو 650 گرام ہیروئن، 3 ہزار 25 زین ایکس گولیاں اور ایک کلو 940 گرام ایمفیٹامن (آئس) شامل ہے۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب میں 2 پاکستانیوں سمیت 4 افراد کے سر قلم

خیال رہے کہ اے این ایف نے 2 ہفتوں کے دوران انسدادِ منشیات کی 15 کارروائیاں کیں۔

انسدادِ منشیات فورس نے ہنگو کے رہائشی کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 5 کلو حشیش برآمد کی۔

اس کے علاوہ اے این ایف نے اٹک میں جی ٹی روڈ پر کامرہ بس اسٹاپ کے نزدیک اپر دیر کے رہائشی سے 6 کلو حشیش برآمد کی۔

فورس نے اسلام آباد میں کشمیر ہائی وے پر گولڑہ موڑ کے نزدیک پشاور کے رہائشی کی کار سے 14 کلو 4 گرام حشیش اپنے قبضے میں لی۔

یہ بھی پڑھیں: اینٹی نارکوٹکس فورس کا ملک بھر میں آپریشن، 1.8 ٹن منشیات برآمد

اس کے ساتھ اے این ایف نے ضلع اٹک کی تحصیل حسن ابدال میں موٹروے ایم ون کے نزدیک پشاور کے ایک اور رہائشی کے قبضے سے 2 کلو 4 گرام حشیش برآمد کرکے قبضے میں لے لی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024