ناصر خان جان کی تضحیک، مارننگ شو کے میزبان تنقید کی زد میں
سوشل میڈیا پر ویڈیوز شیئر کرکے شہرت حاصل کرنے والے ناصر خان جان کو نجی ٹی وی چینل پر انٹرویو کے لیے مدعو کیا گیا تاہم اس دوران شو کے میزبان نے مہمان کے ساتھ نہایت نامناسب اور تضحیک آمیز رویہ اختیار کیا۔
نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو ’نیا دن‘ میں ناصر خان جان سے ان کی ویڈیوز اور ان کے کام سے متعلق مختلف سوالات کیے گئے۔
مگر ان سوالات کو پوچھنے کا انداز تحقیر آمیز تھا، شو کے دونوں میزبانوں کی جانب سے سخت جملوں اور نامناسب الفاظ کا استعمال کیا گیا۔
تاہم جب سوشل میڈیا اسٹار نے ان سوالات کا جواب دینا شروع کیا تو میزبان کرن آفتاب اور محمد شعیب نے ناصر کی بات کو روک کر انہیں ویڈیوز بنانے پر تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ ناصر خان جان کو کسی سوال کا جواب دینے کا پورا موقع بھی نہیں دیا گیا۔
نجی ٹی وی کے اس مارننگ شو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آتے ہی صارفین کی جانب سے میزبانوں پر سخت تنقید کی گئی اور صارفین نے میزبانوں پر تضحیک آمیز رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کردیا۔
مارننگ شو میں ایک موقع پر میزبان محمد شعیب نے ناصر خان جان پر بغیر شرٹ کے ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر تنقید کی، جس کے بعد انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوئی معقول شخص ایسی ویڈیوز نہیں بنائے گا، جبکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ سب ناصر کے لیے انٹرٹینمنٹ کا ذریعہ ہوگا لیکن ان کے لیے نہیں۔
اس ہی حوالے سے ٹوئٹر پر ایک صارف کی ٹوئٹ بھی سامنے آئی جس میں انہوں نے کئی بڑے اور نامور مرد اداکاروں کی وہ تصاویر پوسٹ کیں جن میں وہ بغیر شرٹ کے موجود ہیں۔
سوشل میڈیا صارف نے شو کے میزبانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال کیا کہ وہ اسی انداز میں ان اداکاروں سے بھی سوال کریں جس انداز میں وہ ناصر خان جان سے کررہے تھے اور اگر ایسا نہیں کرسکتے تو پھر نیشنل ٹی وی پر ناصر سے معافی مانگیں۔
شو میں ایک موقع پر ناصر نے جب خود کو سوشل میڈیا اسٹار کہا تو اس پر میزبان نے سوال کیا کہ ’آپ خود ساختہ اسٹار ہیں؟‘، اس پر جب ناصر نے انہیں جواب دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر مقبول ہیں تو میزبان نے ناصر کی تضحیک کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر صارفین انہیں گالیاں دیتے ہیں۔
جب ناصر خان نے بتایا کہ ان کے گھر والوں کو ان پر فخر ہے تو اس پر بھی میزبانی نے حیرانی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ اپنے سیگمنٹ کے آخر میں میزبان محمد شعیب نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے ناصر پر تنقید کی اور یہ صرف اس لیے تھا کہ اتنی شدید تنقید کے باوجود ناصر خان جان انتہائی صبر و تحمل سے جواب دیتے رہے اور سوشل میڈیا پر صارفین کو بھی اس بات کا خیال رکھنا چاہیے۔
تاہم سوشل میڈیا پر صارفین نے نجی چینل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں شو پر اپنے مہمان کی عزت کرنا نہیں آتی تو اسے مدعو کرنا بھی نہیں چاہیے۔
یاد رہے کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں جب کسی میزبان نے اپنے شو پر مہمان کو مدعو کرنے کے بعد اس کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا ہو۔
اس سے قبل 2016 میں معروف ٹی وی اینکر عامر لیاقت نے گلوکار طاہر شاہ کو اپنے پروگرام میں مدعو کیا تھا، جہاں عامر لیاقت نے طاہر شاہ اور ان کے گانوں کا نہ صرف مذاق اڑایا تھا بلکہ گلوکار کے ساتھ انتہائی نامناسب رویہ اختیار کیا تھا۔
اس واقعے کے بعد عامر لیاقت کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
تبصرے (1) بند ہیں