سلمان خان پریانکا چوپڑا سے ناراض کیوں؟

شائع May 5, 2019 اپ ڈیٹ May 6, 2019
سلمان خان اور پریانکا چوپڑا — ڈان امیجز فوٹو
سلمان خان اور پریانکا چوپڑا — ڈان امیجز فوٹو

بولی وڈ اسٹار سلمان خان اپنی فلم 'بھارت' میں کام کرنے سے آخری وقت میں انکار کرنے پر پریانکا چوپڑا سے تاحال ناراض ہیں۔

ٹوئٹر پر مداحوں سے لائیو سیشن کے دوران پریانکا چوپڑا کی جگہ لینے والی کترینہ کیف نے 'بھارت' کے ڈائریکٹر علی عباس ظفر کو بتایا کہ انہیں اس کردار کی تیاری کے لیے بہت کم وقت ملا تھا جس پر سلمان خان نے کہا کہ ایسا پریانکا کی وجہ سے ہوا جو اس وقت پراجیکٹ کو چھوڑ گئیں جب اس پر کام شروع ہونے والا تھا۔

کترینہ کیف کا کہنا تھا 'مجھے اس کردار کی تیاری کے لیے 2 ماہ ملے اور مجھے بہت زیادہ محنت کرنا پڑی، ڈائریکٹر کردار کے انداز کے حوالے سے بہت واضح سوچ رکھتے تھے اور جب ایک بار ہم جسمانی انداز اور بالوں کو اپنانے میں کامیاب ہوگئے تو کام آسان ہوگیا۔ یہ کردار بہت اچھا اور بہت مضبوط خاتون کا ہے جو مردوں کی دنیا میں جدوجہد کررہی ہے، علی عباس ظفر اور میرے کوچ نے اس کے لیے میری بہت مدد کی'۔

سلمان خان نے اس موقع پر کہا 'ہاں کترینہ کیف نے اس کردار کی تیاری کے لیے بہت محنت کی، کاش پریانکا چوپڑا سے ہمیں اس کے لیے زیادہ وقت ملا جاتا'۔

جس پر علی عباس ظفر نے فوری طور پر کہا 'اگلا سوال'۔

گزشتہ سال اپریل میں پریانکا چوپڑا نے سلمان خان کے ساتھ اس فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے کا اعلان کیا تھا، مگر 3 سال بعد انہوں نے فلم میں کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا جس کی وجہ انہوں نے شادی کی تاریخوںاور شوٹنگ کے شیڈول کا تصادم قرار دیا۔

اگرچہ ڈائریکٹر نے پریانکا کی نئی زندگی کے لیے اچھی خواہشات کا اظہار کیا مگر پروڈیوسر نے اسے غیرپیشہ وارانہ رویہ قرار دیا جبکہ رپورٹ کے مطابق سلمان خان کا کہان تھا 'ہم پریانکا کو کہنا چاہتے ہیں، اگر آپ کام نہیں کرنا چاہتیں تو نہ کریں، مگر ہمیں اس وقت مختلف وجہ بتائی گئی تھی'۔

انہوں نے مزید کہا 'مگر وجہ چاہے جو بھی ہو، شادی، فلم یا وہ کسی بھارتی فلم میں کام نہیں کرنا چاہتی یا میرے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتی یا صرف ہولی وڈ میں کام کرنا چاہتی ہیں، یہ ان کی وجوہات ہیں۔ ہم ان کے اچھے کام کی سپورٹ کرتے ہیں، تو کیا ہوا جو وہ یہاں کام نہیں کرنا چاہتیں، انہوں نے وہاں بھارت کا نام روشن کیا، اگر وہ سلمان کے ساتھ کام کرنا نہیں چاہتیں مگر ہولی وڈ کے بڑے نام کے ساتھ کام کرتی ہیں، تو اس سے ملک کا نام روشن ہوتا ہے'۔

بھارت ایک جنوبی کورین فلم پر مبنی ہے جس میں تبو، دیشا پٹانی، سنیل گروور اور جیکی شیروف بھی کام کررہے ہیں جبکہ یہ فلم عید الفطر کے موقع پر ریلیز ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 4 جنوری 2025
کارٹون : 3 جنوری 2025