• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ہاکی فیڈریشن میں ڈرامائی صورتحال، شہباز سینئر اپنے ہی استعفے سے لاعلم

شائع May 5, 2019
میرے علم میں لائے بغیر خبریں چلوانا غیر اخلاقی ہے، شہباز سینئر — فائل فوٹو ٹوئٹر
میرے علم میں لائے بغیر خبریں چلوانا غیر اخلاقی ہے، شہباز سینئر — فائل فوٹو ٹوئٹر

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) میں اعلیٰ عہدے میں تبدیلی کا معاملہ ڈرامائی صورتحال اختیار کرگیا جہاں سیکریٹری پی ایچ ایف اپنے استعفے سے ہی لاعلم نکلے۔

خیال رہے کہ ایک روز قبل یہ اطلاعات سامنے آئیں تھیں کہ پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر(ر) خالد سجاد کھوکھر نے سیکریٹری فیڈریشن شہباز سینئر کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے اولمپئن آصف باجوہ کو فیڈریشن کا نیا سیکریٹری نامزد کردیا۔

ایک روز کی تاخیر کے بعد اس معاملے پر شہباز سینئر نے ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ میرے استعفے سے متعلق خبریں ٹی وی پر چلیں اور اخبارات میں شائع ہوئیں جن پر میں خود حیران ہوں اور اس استعفے سے لاعلم ہوں۔

انہوں نے خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے تردید کی کہ میں نے کسی قسم کا استعفیٰ نہیں دیا۔

مزید پڑھیں: شہباز سینئر کا استعفیٰ منظور، آصف باجوہ نئے سیکریٹری ہاکی فیڈریشن نامزد

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے سابق اولمپیئن کا کہنا تھا کہ میرے لیے سیکریٹری پی ایچ ایف کا عہدہ میری پاکستان کے لیے خدمات کے مقابلے میں کوئی بڑا تعارف نہیں ہے۔

شہباز سینئر نے کہا کہ میں نے اس ملک کے لیے جو کیا ہے وہ ہی اصل میں میرا تعارف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے دل میں کسی عہدے کا کوئی لالچ نہیں، تاہم اگر کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ میں پی ایچ ایف میں کام نہ کروں تو میں بغیر کسی تصادم کے کام چھوڑ دوں گا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے شہباز سینئر نے کہا کہ اس طرح ان سے منسوب کرکے بیانات چلوانا غیر اخلاقی عمل ہے۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل اپنے بیان میں پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر(ر) خالد سجاد کھوکھر کا کہنا تھا کہ شہباز سینئر مکمل وقت نہیں دے پارہے تھے اور ان کی مصروفیات دوسرے ادارے کے ساتھ زیادہ تھیں اس لیے مستعفی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز سینئر عہدے سے مستعفی

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اولمپئن آصف باجوہ کو ہاکی فیڈریشن کا نیا سیکریٹری جنرل نامزد کردیا گیا اور نئے سیکریٹری 6 مئی کو باقاعدہ طور اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے نومبر 2018 میں شہباز سینئر کو 4 رکنی ایگزیکیٹو بورڈ میں رکن منتخب کیا تھا۔

یاد رہے کہ شہباز سینئر نے ستمبر 2015 میں رانامجاہد کے استعفے کے بعد ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری کے طور پر چارج سنبھالا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024