بھارت میں انتخابات کا چوتھا مرحلہ مکمل
بھارت کے لوک سبھا (ایوان زیریں) کے 17 ویں انتخابات کے چوتھے مرحلے میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا۔
ایک ارب 30 کروڑ آبادی والے ملک میں 6 ہفتوں پر محیط طویل انتخابات کے چوتھے مرحلے میں 9 ریاستوں کی 72 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی۔
بھارتی انتخابات کے چوتھے مرحلے میں جن ریاستوں میں 12 کروڑ سے زائد ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ان میں بہار کی 5 نشستیں، مہاراشٹر کی 17 نشستیں، راجستھان کی 13 نشستیں، اترپردیش کی 13 نشستیں، اوڈیسا کی 6 نشستیں، مدھیا پردیش کی 6 نشستیں، مغربی بنگال کی 8، جھارکھنڈ کی 3 اور بھارت کے زیر تسلط کشمیر کی ایک نشست شامل ہے۔
بھارت میں ہونے والے انتخابات کے اس مرحلے کو اس لیے بھی زیادہ اہمیت حاصل ہے کیونکہ اس میں وہاں کے سب سے بڑے شہر ممبئی میں بھی انتخابات ہورہے ہیں، جس میں بھارت کے کچھ امیر ترین خاندان، بالی وڈ اسٹاز اور دیگر نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
خیال رہے کہ 11 اپریل سے شروع ہونے والے بھارت کے 17ویں عام انتخابات 7 مراحل میں ہورہے ہیں، جو 19 مئی تک جاری رہیں گے جبکہ 23 مئی کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
ان عام انتخابات میں بھارت میں مجموعی طور پر 89 کروڑ 89 لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔