• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

'تحریک چلانے کی ضرورت نہیں، حکومت خود اپنے بوجھ سے گر جائے گی'

شائع April 22, 2019
پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمٰن اور مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی کی حکومت پر تنقید کی — فائل تصاویر بشکریہ ٹوئٹر
پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمٰن اور مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی کی حکومت پر تنقید کی — فائل تصاویر بشکریہ ٹوئٹر

ملک کی 2 اہم اپوزیشن جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے کہا ہے کہ انہیں حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی ضرورت نہیں کیونکہ حکومت اپنی نااہلی کے سبب خود ہی جلد گر جائے گی۔

وزیر اعظم عمران خان کی کوئٹہ میں کی گئی تقریر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو یہ سمجھنا ہوگا کہ پاکستان کے عوام ان کے جھوٹے پروپیگنڈے اور الزامات کی بوچھاڑ پر یقین نہیں کر رہے۔

مزید پڑھیں: 'عمران خان ناکامی کا اعتراف کرکے مستعفی ہوں'

انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیر اعظم ہوتے ہوئے بھی کسی ہارے ہوئے کھلاڑی کی طرح رونا شروع ہو گئے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عمران خان کی حکومت کبھی قدم جما ہی نہیں سکی اور وہ سازشوں کی شکایت کر رہے ہیں، وزیر اعظم کو یہ سمجھنا ہو گا کہ حکومت کے زوال کی وجہ نااہلی، ناقابلیت اور بیوقوفی ہے۔

عمران خان کی جانب سے اپوزیشن رہنماؤں کو جیل میں ڈالنے کی دھمکی کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے کہا کہ اگر پشاور میٹرو منصوبے میں ضائع کیے گئے 100 ارب روپوں کی واپسی اور لوگوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے میں مدد ملتی ہے تو ہر سیاستدان کو جیل میں ڈال دیں۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ جس طرح تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے بعد قومی خزانے کو لوٹا گیا اس کی کوئی مثال نہیں ملتی اور ملک کا قرض 30 ہزار ارب تک پہنچ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو یہ بتائیں کہ یہ 16ارب روپے کا قرض کسی کی جیب میں جا رہا ہے ، وزیر اعظم کو عوام کو بتانا ہو گا کہ ان کے ذاتی اثاثے چند کروڑ سے بڑھ کر 3ارب سے زائد کیسے ہو گئے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمٰن نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر اعظم حکومت کو کھو دینے کے خوف میں مبتلا ہیں اور الزام عائد کیا کہ عمران خان اپنی گرتی ہوئی حکومت کو بچانے کی کوشش میں سابق صدر آصف علی زرداری کی کردار کشی کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نوڈیرو ہاؤس پر نیب کا چھاپہ، زرداری کے قریبی ساتھی گرفتار

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت گرانے کے لیے کسی کو کچھ بھی کرنے کی ضرورت نہیں، یہ خود اپنے ہی بوجھ سے گر جائے گی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم عمران خان قومی احتساب بیورو اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کو شوکت خانم ہسپتال کی طرح چلا رہے ہیں اور عمران خان سے کہا کہ وہ منی لانڈرنگ کے الزامات لگانے کے بجائے عدالتوں کو ثبوت فراہم کریں۔

شیری رحمٰن نے مزید کہا کہ عمران خان کی حقیقت صرف 9 ماہ میں قوم کے سامنے عیاں ہو گئی ہے اور وہ ایک مذاق بن کر رہ گئے ہیں۔


یہ خبر 22 اپریل 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024