• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پاکستان سے رہائی پانے والا بھارتی پائلٹ دوبارہ سری نگر ایئربیس پر تعینات

شائع April 21, 2019
رپورٹ کے مطابق بھارتی ایئرفورس ابھی نندن کو ویر چکرا کے لیے نامزد کرے گی — فائل فوٹو: ڈان نیوز
رپورٹ کے مطابق بھارتی ایئرفورس ابھی نندن کو ویر چکرا کے لیے نامزد کرے گی — فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان سے رہائی پانے والے بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن ورتھمان کو انڈین ایئر فورس (آئی اے ایف) نے دوبارہ سری نگر میں قائم فرنٹ لائن ایئربیس پر تعینات کردیا۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ابھی نندن کو سری نگر لے جایا جاچکا ہے۔

اس کے علاوہ یہ بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ پاکستانی پائلٹ کے ہاتھوں شکست کھانے والے بھارتی پائلٹ کو آئی اے ایف فوج کے تیسرے بڑے اعزاز ’ویر چکرا‘ کے لیے نامزد کرے گی۔

خیال رہے کہ رواں برس 27 فروری کو فضائی لڑائی کے دوران پاکستانی طیاروں نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کے طیارے کو مار گرایا تھا لیکن طیارہ زمین سے ٹکرانے سے قبل انہوں نے خود کو بحفاظت باہر نکال لیا تھا جس کے بعد پاکستان سیکیورٹی فورسز نے انہیں گرفتار کر لیا تھا۔

مزید پڑھیں: ابھی نندن کو بین الاقوامی قوانین کے تحت عزت سے قید میں رکھا، دفتر خارجہ

پاکستان نے خیرسگالی کے جذبے کے تحت گرفتار بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا تھا جنہیں واہگہ پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ابھی نندن کے سری نگر سے مغربی سرحد کی کسی دوسری ایئربیس منتقلی کا حکم نامہ بھی جاری کردیا گیا تاہم یہ حکم نامہ معمول کی کارروائی ہے۔

خیال رہے کہ واہگہ کے ذریعے بھارت پہنچنے کے بعد ونگ کمانڈر ابھی نندن کو بھارتی سیکیورٹی ایجنسیاں اپنے ساتھ لے گئی تھیں جنہوں نے پائلٹ کو 2 ہفتوں تک اپنی نگرانی میں رکھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی پائلٹ کی رہائی امن کی طرف دلیرانہ قدم کیوں اور کیسے؟

بعدازاں ابھی نندن 4 ہفتوں کے لیے چھٹیوں پر چلے گئے تھے، تاہم واپسی پر ان کی تعیناتی کا حکم نامہ بھی جاری کردیا گیا۔

ادھر بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایک میڈیکل بورڈ ابھی نندن کا معائنہ کرے گا جس کے بعد ان کے طیارہ اڑانے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا، جیسا کہ پائلٹ کی خواہش ہے۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی رپورٹ میں بھارتی بیانیہ جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ ابھی نندن نے پاکستان کا ایف 16 طیارہ گرایا، تاہم اس میں اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ آخر ابھی نندن پاکستانی کی تردید پر لب کشائی کیوں نہیں کر رہے۔


یہ خبر 21 اپریل 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024