احسن خان کی ’شاہ رخ کی سالیاں‘ کے ساتھ کامیڈی میں واپسی
پاکستانی اداکار احسن خان رمضان میں اپنے مداحوں کو محظوظ کرنے کے لیے نئے ڈرامے ’شاہ رخ کی سالیاں‘ کے ساتھ سامنے آنے کو تیار ہیں۔
رومانوی اور کامیڈی کہانی پر مبنی اس ڈرامے میں احسن خان اداکارہ رمشہ خان کے ساتھ کام کرنے جارہے ہیں۔
ڈان سے بات کرتے ہوئے احسن خان نے بتایا کہ ’ہم سب امید سے ہیں کہ لکھاری ڈاکٹر یونس بٹ نے اس ڈرامے کی کہانی تحریر کی ہے تو آپ سوچ ہی سکتے ہیں کہ اس کی کہانی کتنی مزاحیہ ہوگی‘۔
اداکار نے مزید کہا کہ ’یونس بٹ نے حال ہی میں رومیو ویڈز ہیر کی کہانی بھی تحریر کی، جسے مداحوں نے کافی پسند کیا اور ہمارا یہ نیا ڈرامہ بھی اتنا ہی انٹرٹیننگ ہوگا‘۔
احسن خان نے مزید بتایا کہ اس ڈرامے کی ہدایات مظہر معین دے رہے ہیں جن کا ڈرامہ ’حیوان‘ بھی بہت پسند کیا گیا تھا۔
مظہر معین نے ’قدوسی صاحب کی بیویٰ بھی ڈائیریکٹ کیا ہے۔
یہ پہلا ڈرامہ نہیں جس میں احسن خان کامیڈی کردار نبھانے جارہے ہیں، البتہ وہ طویل عرصے بعد کسی کامیڈی ڈرامے میں نظر آئیں گے کیوں کہ کافی وقت سے وہ صرف سنجیدہ ڈراموں اور کرداروں کا حصہ بن رہے ہیں۔
ایک مرتبہ پھر کامیڈی ڈرامے کا حصہ بننے کے حوالے سے احسن خان نے بتایا کہ ’میں فی الحال دوبارہ کسی سنجیدہ ڈرامے میں کام نہیں کرنا چاہتا تھا، میں چاہتا تھا کہ مجھے سیٹس پر مزاح آئے، اس ڈرامے میں کام کرکے مجھے بےحد مزاح آرہا ہے، اور کاسٹ کے ساتھ بھی بہترین تجربہ حاصل ہورہا ہے‘۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’ڈرامے کی کہانی بہت مزاحیہ ہے، میں نے بہت زیادہ کامیڈی پروجیکٹس میں کام نہیں کیا، اس لیے مجھے بہت کچھ سیکھنے کو بھی مل رہا ہے‘۔
احسن خان اور رمشہ خان کے علاوہ اس ڈرامے کی کاسٹ میں جاوید شیخ، حنا بتات، ریحان شیخ، صبا فیصل اور دیگر اداکار شامل ہیں۔
رمشہ خان بھی شوبز انڈسٹری میں اپنی جاندار اداکاری سے مضبوط جگہ بنانے میں کامیاب ہورہی ہیں، انہوں نے ’تھوڑا جی لے‘ نامی فلم کے ساتھ ڈیبیو کیا، اور اپنے ڈرامے ’کیسا ہے نصیباں‘ سے بھی خوب تعریفیں بٹوری۔
’شاہ رخ کی سالیاں‘ نامی اس ڈرامے کی نشریات رمضان سے شروع ہوگی۔
تبصرے (1) بند ہیں