'آن لائن مذاق اڑانے پر میں خودکشی کا سوچنے لگی تھی'
گیم آف تھیرونز سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ صوفی ٹرنر نے انکشاف کیا ہے کہ کچھ سال پہلے سوشل میڈیا پر مذاق اڑائے جانے پر وہ اکثر خودکشی کرنے کے بارے میں سوچنے لگی تھیں۔
ایک ٹی وی شو کے دوران 23 سالہ اداکارہ نے بتایا کہ آن لائن لوگوں کے کمنٹس نے ان کی ذہنی صحت کو بری طرح متاثر کیا تھا۔
گیم آف تھیرونز میں سانسا اسٹارک کا کردار ادا کرنے والی صوفی ٹرنر نے بتایا کہ انہوں نے کبھی سنجیدگی سے اپنی زندگی ختم کرنے کا تصور نہیں کیا مگر پھر بھی وہ اکثر اس کے بارے میں سوچتی تھیں۔
ان کا کہنا تھا 'یہ عجیب تھا، میں یہ نہیں کہتی کہ میں کم عمری میں بہت زیادہ ڈپریشن کا شکار تھی مگر میں خودکشی کے بارے میں بہت زیادہ سوچتی تھیں، مگر مجھے سمجھ نہیں آتا تھا کہ اس کی وجہ کیا ہے'۔
انہوں نے مزید بتایا 'شاید یہ ایک عجیب تصور تھا جس کی میں عادی ہوگئی تھی، مگر ہاں میں سوچتی ضرور تھی، میرا نہیں خیال کہ میں کبھی ایسا کام کروں گی مگر میں یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتی'۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر لوگوں کی جانب سے مذاق اڑانے پر ان کی ذہنی بے چینی اتنی زیادہ ہوگئی تھی کہ وہ گھر سے نکلنے اور دوستوں سے ملنے سے گریز کرنے لگی تھیں۔
صوفی ٹرنر کے مطابق وہ ان کے وزن، جلد اور بطور اداکارہ صلاحیت کے بارے میں منفی کمنٹس پر یقین کرنے لگی تھیں 'میرے اندر کسی بھی کام کا عزم ختم ہوگیا تھا یا باہر نکلنے کو دل نہیں کرتا تھا، یہاں تک کہ اپنے بہترین دوستوں سے ملنا بھی پسند نہیں رہا'۔
اب صوفی ٹرنر کو دنیا بھر میں شہرت حاصل ہوچکی ہے جس کی وجہ گیم آف تھیرونز کے کردار کے ساتھ ساتھ ایکس مین سیریز کی مختلف فلموں میں شمولیت ہے۔
ان کی منگنی گلوکار جو جوناس سے ہوچکی ہے اور رواں سال کے آخر میں شادی متوقع ہے۔