نہار منہ اس مشروب کو پینے سے جسم میں کیا تبدیلیاں آتی ہیں؟
کشمش کو تو آپ نے دیکھا ہی ہوگا جو کہ انگور خشک کرکے بنائی جاتی ہے اور اس کی رنگت گولڈن، سبز یا سیاہ ہوسکتی ہے۔
وٹامنز، فائبر اور منرلز سے بھرپور کشمش سب سے زیادہ استعمال ہونے والا میوہ بھی ہے جو کہ کسی سپرفوڈ کی طرح کام کرتی ہے۔
کچھ لوگ اسے پانی میں بھگو کر بھی کھاتے ہیں اور یہ طریقہ کشمش کو صحت کے لیے زیادہ فائدہ مند بنا دیتا ہے۔
رات بھر پانی میں بھیگے رہنے سے کشکش کے تمام منرلز اور غذائی اجزا پانی میں حل ہوجاتے ہیں اور اس میوے کو زیادہ صحت بخش بنادیتے ہیں۔
جگر اور آنتوں سے زہریلا مواد خارج کرے
کشمش کو رات بھر پانی میں رکھ کر صبح پی لینا جگر اور آنتوں کی صفائی میں مدد دیتا ہے، اس میں اینٹی آکسائیڈنٹس اور غذائی فائبر اس سلسلے میں مدد دیتے ہیں۔ اینٹی آکسائیڈنٹس جگر کے افعال کو درست رکھنے میں مدد دیتے ہیں اور جسم سے زہریلے مواد کی صفائی کا عمل تیز کرتے ہیں جبکہ فائبر آنتوں کے افعال بہتر کرکے قبض جیسے مسئلے کو دور کرتا ہے۔ یہ مشروب نہار منہ خالی پیٹ پینا اس کے کام کو زیادہ تیز کردے گا اور پانی میں بھیگی ہوئی کشمش کو کھانا مت بھولیں۔
جسمانی توانائی بڑھائے
سائنسدان اور کھیلوں کے ماہرین کا ماننا ہے کہ کشمش انرجی بار کا بہتر متبادل ثابت ہوسکتی ہے، کشمش میں فائبر اور دیگر اجزا کی بھرمار جبکہ چینی کی جگہ قدرتی مٹھاس ہوتی ہے، کشمش کا پانی نہار منہ صبح پینا دن بھر کے لیے جسم کو توانائی سے بھرپور رکھنے میں مدد دیتا ہے جبکہ اس مشروب کو جسمانی سرگرمیوں سے پہلے بھی پیا جاسکتا ہے۔
بلڈ کولیسٹرول اور بلڈ پریشر مستحکم کرے
تحقیقی رپورٹس میں یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ کشمش فائبر، پوٹاشیم، اینٹی آکسائیڈنٹس اور phytonutrients ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد دیتے ہیں جبکہ کشمش پانی کا استعمال نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح بھی کم کرتا ہے، جس سے خون کی شریانوں سے جڑے امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
نظام ہاضمہ بہتر ہوتا ہے
کشمش فائبر سے بھرپور میوہ ہے اور یہ پانی میں بھگو کر کھانے پر جلاب کی طرح کام کرتا ہے، جس سے قبض سے نجات ملتی ہے اور نظام ہاضمہ درست طریقے سے کام کرتا ہے۔
جسمانی وزن میں کمی
کشمش قدرتی شکر سے بھرپور ہوتی ہے اور چینی کی طلب کی روک تھام کرتی ہے، مگر اعتدال میں رہ کر کھانا ہی بہتر ہوتا ہے جس سے بلڈشوگر لیول کو کنٹرول میں رکھنے کے ساتھ کھانے کی اشتہا کو قابو کرنے میں مدد ملتی ہے، جس سے جسمانی وزن میں کمی میں مدد ملتی ہے۔
ہڈیوں کی مضبوطی
کشمش میں ہڈیوں کے لیے ضروری جز Boron موجود ہوتا ہے جبکہ اس میں موجود کیلشیئم بھی ہڈیوں کی مضبوطی میں مدد دیتے ہیں، پانی میں بھگو کر کشمش کو کھانے سے یہ اجزا زیادہ بہتر طریقے سے جسم میں جذب ہوتے ہیں، جس سے ہڈیوں کی کثافت میں بہتری آتی ہے۔
سانس کی بو دور کرے
کشمش کی جراثیم کش خصوصیات منہ کی صفائی میں مدد دیتی ہیں اور سانس کی بو کا مسئلہ دور کرتی ہیں۔
خون کی کمی دور کرے
خون کے سرخ خلیات بننے کے عمل کے لیے آئرن بہت ضروری ہوتا ہے، کشمش آئرن سے بھرپور میوہ ہے، جس کو پانی میں بھگو کر کھانے سے جسم میں خون کی سپلائی بڑھتی ہے اور انیمیا کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔
یہ خیال رکھیں
اس کو بنانے کے مختلف طریقہ کار ہیں اور یاد رکھیں کشمش کا پانی صحت بخش غذا کا اچھا اضافہ ضرور ہے مگر یہ ادویات کا متبادل ثابت نہیں ہوسکتا۔ اگر آپ کو جگر، دل، بلڈ پریشر یا کسی قسم کی بیماری کا سامنا ہے تو ڈاکٹر سے رجوع کرکے مناسب علاج کرائیں اور صحت بخش غذا کو طرز زندگی کا حصہ بنائیں۔
نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔