• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

چمن: دھماکے میں 2 افراد جاں بحق، 10 زخمی

شائع April 12, 2019
دھماکے میں 10 افراد زخمی ہوئے —فوٹو: ڈان نیوز
دھماکے میں 10 افراد زخمی ہوئے —فوٹو: ڈان نیوز

بلوچستان کے ضلع چمن میں مال روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔

نامعلوم افراد نے مال روڈ پر مرکزی بازار میں کھڑی موٹرسائیل میں دھماکا خیزمواد نصب کیا ہوا تھا، دھماکا اس وقت ہوا جب فرنٹیئر کور کے اہلکاروں کی گاڑی مال روڈ سے گزر رہی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق شہریوں میں ایک بچہ اور زخمیوں میں 2 ایف سی اہلکار بھی شامل ہیں۔

دھماکے کے فوری بعد پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے جائے حادثہ پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لیا اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے چمن دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جان کے ضیاع پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے حساس شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ: سبزی منڈی میں دھماکا، 20 افراد جاں بحق

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے سیکیورٹی سے متعلق اقدامات کریں۔

خیال رہے کہ یہ ایک ہی روز میں بلوچستان میں ہونے والا دوسرا دھماکا ہے۔

آج صبح کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزار گنجی میں قائم سبزی منڈی میں دھماکے سے 20 افراد جاں بحق اور 48 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

ایک ماہ میں 4 دھماکے

بلوچستان میں گزشتہ ماہ بھی 3 دھماکے ہوئے تھے جس میں 4 دہشت گردوں سمیت کم از کم 8 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

26 مارچ کو بلوچستان کے ضلع لورالائی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران لیویز اہلکاروں پر حملے کے ماسٹرمائنڈ سمیت 4 مبینہ دہشتگردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔

اس سے قبل 17 مارچ کو ڈیرہ مراد جمالی میں ریل کی پٹڑی پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں جعفرآباد ایکسپریس کی بوگیاں ٹریک سے اترگئی تھیں جس کے نتیجے میں ماں بیٹی سمیت 4 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے تھے۔

11 مارچ کو کوئٹہ کے علاقے میاں غنڈی میں پولیس کے محکمے انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی ) کی موبائل کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 4 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024