شاہی جوڑے کا بچے کی پیدائش لوگوں کی نظر سے دور رکھنے کا فیصلہ
برطانوی شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے ہاں آئندہ ماہ تک پہلے بچے کی پیدائش کا امکان ہے۔
ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری اور ڈچز آف سسیکس میگھن مارکل نے مئی 2018 میں شادی کی تھی۔
ان کی شادی کے چند ماہ بعد ہی یہ اطلاعات آنا شروع ہوگئی تھیں کہ میگھن مارکل امید سے ہیں اور بعد ازاں اکتوبر 2018 میں شاہی محل کی جانب سے شاہی خاندان کے نئے مہمان کی ممکنہ آمد کی تصدیق کی گئی تھی۔
یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ میگھن مارکل بھی شاہی خاندان کی بڑی بہو کیٹ مڈلٹن کی طرح کسی ہسپتال میں بچے کو جنم دیں گی۔
تاہم اب شاہی جوڑے نے اعلان کیا ہے کہ وہ بچے کی پیدائش کو لوگوں کی نظروں سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) نے شاہی خاندان کی جانب سے جاری بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ شاہی محل نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ میگھن مارکل بچے کو ہسپتال میں جنم نہیں دیں گی بلکہ ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کو لوگوں کی نظروں سے دور رکھا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق شاہی خاندان کا کہنا تھا کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل پہلے بچے کی پیدائش کو نجی رکھنا چاہتے ہیں اور جوڑا نہیں چاہتا کہ ان کے ہاں ہونے والا پہلا بچہ دنیا میں آتے ہی میڈیا کا توجہ بن جائے۔
خیال رہے کہ شاہی جوڑے کی جانب سے پہلے بچے کی پیدائش کو خفیہ رکھنے کے اعلان سے قبل یہ خبریں بھی آئی تھیں کہ میگھن مارکل نے گود بھرائی کی رسم بھی خفیہ منعقد کی تھی۔
رواں برس فروری میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ میگھن مارکل 5 روزہ دورے کے لیے نیویارک پہنچیں تھیں، جہاں انہوں نے گود بھرائی کی خفیہ رسم بھی منعقد کی تھی۔
میگھن مارکل کی گود بھرائی کی رسم کے حوالے سے شاہی خاندان کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی تھی، تاہم متعدد امریکی و برطانوی نشریاتی اداروں نے اپنے ذرائع سے بتایا کہ گود بھرائی کی رسم خفیہ طور پر نبھائی گئی۔
رپورٹس تھیں کہ میگھن مارکل کی گود بھرائی کی تقریب پرتعیش ہوٹل میں منعقد کی گئی، جس میں ان کی قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔