• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان سٹیزن پورٹل: کسٹمز حکام پر اہلکاروں سے گھروں پر ذاتی کام کروانے کا الزام

شائع April 10, 2019
وزیراعظم عمران خان نے پاکستان سٹیزن پورٹل ایپ اکتوبر 2018 متعارف کرائی تھی — فائل فوٹو/ پی ٹی آئی فیس بک پیج
وزیراعظم عمران خان نے پاکستان سٹیزن پورٹل ایپ اکتوبر 2018 متعارف کرائی تھی — فائل فوٹو/ پی ٹی آئی فیس بک پیج

وزیراعظم عمران خان کے شروع کردہ پاکستان سٹیزن پورٹل میں کسٹمز حکام کے خلاف اہلکاروں نے انوکھی شکایت درج کرادی۔

کسٹمز کے اہلکاروں نے وزیراعظم عمران خان سے اپنے افسران کی شکایت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ادارے کے اعلیٰ افسران سپاہیوں سے گھروں پر ذاتی نوعیت کے کام کرواتے ہیں۔

شکایت کنندگان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسٹم کے سپاہی کی تربیت پر کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں جبکہ تربیت مکمل کرنے کے بعد ہمیں چائے بنانے پر لگا دیا گیا۔

مزید پڑھیں: سٹیزن پورٹل: سندھ کے محکمہ تعلیم سے متعلق 22 سو شکایات، ایک بھی حل نہ ہوسکی

ان کا مزید کہنا تھا کہ کئی سپاہیوں کو افسران نے اپنے گھروں پر تعینات کررکھا ہے، جہاں وہ سارا دن افسران کے ذاتی ملازم بن کر خدمات انجام دیتے ہیں۔

شکایت کنندگان نے مزید بتایا کہ کسٹم ہاؤس اسلام آباد کے گریڈ 21 کے افسر کی ذاتی خدمت کے لیے 5 سپاہی مقرر ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیں وردی پہن کر برتن دھوتے اور کچن میں کام کرتے شرم آتی ہے، خدا کے لیے ہمیں اس ذلت سے نجات دلائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سٹیزنز پورٹل عالمی سطح پر دوسری بہترین سرکاری ایپلی کیشن قرار

خیال رہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایت اسلام آباد کسٹم ہاؤس کے سپاہیوں کی جانب سے درج کرائی گئی تھی۔

دوسری جانب ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز اشفاق احمد نے بتایا کہ سپاہیوں سے ذاتی کام کرانے کی کوئی شکایت نہیں ملی، کسٹمز کے پاس سپاہیوں کی تعداد ویسے ہی بہت کم ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سپاہیوں کی ڈیوٹی ویئر ہاؤس یا اس جگہ لگائی جاتی ہے جہاں سامان پکڑا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: ’ملکی تاریخ میں پہلی بار حکومت کا احتساب ہوگا‘

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کوئی بھی شکایت موصول ہوئی تو فوری کارروائی کریں گے۔

13 فروری 2019 کو پاکستان سٹیزن پورٹل ایپ جو گزشتہ سال اکتوبر کے مہینے میں وزیر اعظم عمران خان نے متعارف کرائی تھی، کو ورلڈ گورنمنٹ سمٹ (ڈبلیو جی ایس) میں دوسری بہترین سرکاری ایپلی کیشن قرار دے دیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024