• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف اہلکار کی مسافر کو مبینہ طور پر زدوکوب کرنےکی کوشش

شائع April 8, 2019
مسافر اور اہلکار کے درمیان دیگر افراد نے معاملہ ختم کروایا—اسکرین شاٹ
مسافر اور اہلکار کے درمیان دیگر افراد نے معاملہ ختم کروایا—اسکرین شاٹ

نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) اہلکار نے مبینہ طور پر مسافر کو زدوکوب کیا اور موبائل چھینے کی کوشش کی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر وائرل اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کا اہلکار اور مسافر کے درمیان تلخ کلامی ہورہی اور اہلکار کچھ چھینے کی کوشش کر رہا ہے۔

تاہم مسافر کی جانب سے یہ الزام لگایا گیا کہ اے ایس ایف اہلکار نے رشوت مانگی، جس پر ویڈیو بنانے کی کوشش کی۔

ویڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ اے ایس ایف اہلکار یہ کہہ رہا ہے کہ ’یہ ویڈیو بنا رہا ہے میری‘ جبکہ اس دوران دیگر افراد آکر دونوں کے درمیان معاملہ ختم کروانے کی کوشش کرتے ہیں۔

دوسری جانب اس وائرل ویڈیو کے حوالے سے اے ایس ایف کے ترجمان کرنل عاطف راجا نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایئرپورٹ پر اے ایس ایف اہلکار رشوت لینے کیا اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا اور اگر کسی کے خلاف رشوت لینا ثابت ہوجائے تو اس پر سخت محکمانہ کارروائی لیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس مسافر کو روکا گیا وہ بیرون ملک دیسی گھی لے کر جانا چاہتا تھا اور دیسی گھی بیرون ملک لے جانے پر پابندی عائد ہے، مسافر کو روکا گیا تو اس نے ویڈیو بنانے کی کوشش کی جس پر مسافر اے ایس ایف اہلکار سے الجھ پڑا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایئرپورٹ حساس ترین علاقہ ہے وہاں پر میڈیا بھی ویڈیو بنانے سے پہلے اجازت لیتا ہے، اس مقام پر جگہ جگہ سیکیورٹی کیمرے نصب ہیں اور کیمروں کی موجودگی میں کوئی کیسے رشوت لے سکتا ہے۔

کرنل عاطف راجا نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو جھوٹ پر مبنی ہے، اے ایس ایف کے اہلکار نے مسافر سے کوئی رشوت نہیں مانگی صرف دیسی گھی لے جانے کی اجازت نہ دینے پر رشوت کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں کسٹم اہلکاروں کی رشوت لینے والی ویڈیو منظر عام پر آئی جس کے بعد کچھ عناصر ہمیں بدنام کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں اور ہمارے خلاف پروپگینڈہ کیا جا رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024