• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

افغان امن عمل میں کوششوں پر پاکستان کا شکریہ، امریکی نمائندہ خصوصی

شائع April 6, 2019 اپ ڈیٹ April 7, 2019
زلمے خلیل زاد نے اپنے دورے میں وزیرخارجہ سمیت دیگر حکام سے ملاقات کی—فوٹو:زلمے خلیل زاد ٹویٹر
زلمے خلیل زاد نے اپنے دورے میں وزیرخارجہ سمیت دیگر حکام سے ملاقات کی—فوٹو:زلمے خلیل زاد ٹویٹر

افغانستان میں امن کی بحالی کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے پاکستان کے دو روزہ دورے کے اختتام پر پاکستانی کوششوں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے عزم کو سراہا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ٹویٹر' پر اپنے بیان میں زلمے خلیل زاد نے کہا کہ ‘اسلام آباد کا دو روزہ دورہ مکمل ہوا، افغان امن عمل میں تعاون کے لیے حالیہ کوششوں پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘پاکستان کی کوششوں اور افغان اور صرف افغانوں کو اپنے مستقبل کے فیصلے کرنے کے اختیار کی تجدید نو پر شکریہ ادا کرتا ہوں’۔

زلمے خلیل زاد نے واپس کابل روانگی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘ابھی مزید کام کرنا ہے’۔

خیال رہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی نے گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے الگ الگ ملاقاتیں کی تھیں۔

مزید پڑھیں: وزیر خارجہ کی زلمے خلیل زاد سے ملاقات، افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال

امریکی نمائندہ خصوصی نے وزیر خارجہ کو امریکا اور طالبان کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کے نتائج کےحوالے سے آگاہ کیا اور افغانستان میں اپنی اہم ملاقاتوں سے بھی بتایا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان فریقین کے مابین مذاکرات کا انعقاد افغان مفاہمتی عمل کا اہم جزو ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغانستان میں سیاسی مصالحت کے لیے پاکستان نیک نیتی سے اپنا تعاون جاری رکھے گا اور پاکستان، دیرپا تعمیر و ترقی کے ایجنڈے پر گامزن ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام، معاشی اور انسانی ترقی پاکستان سمیت پورے خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا، افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار کا معترف

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ افغان امن عمل کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ‘ملاقات کے دوران مجموعی سیکیورٹی صورت حال بالخصوص افغان مصالحتی عمل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا’۔

امریکی نمائندے زلمے خلیل زاد نے وفد کی سطح پر پاکستانی سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے بھی ملاقات کی تھی۔

دونوں ممالک کے وفود کے اجلاس میں افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و امان کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024