• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

‘تحریک انصاف اور ایم کیو ایم اگلا الیکشن اکٹھے لڑیں گے‘

شائع April 4, 2019
حیدر آباد یونیورسٹی کے قیام میں وفاقی حکومت تعاون کرے گی، عمران خان — فوٹو: ڈان نیوز
حیدر آباد یونیورسٹی کے قیام میں وفاقی حکومت تعاون کرے گی، عمران خان — فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اگلا الیکشن مل کر لڑیں گے۔

اسلام آباد میں وفاقی اردو یونیورسٹی حیدر آباد کے سنگ بنیاد کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے اقرار کیا کہ ’ہماری کابینہ میں شامل خالد مقبول صدیقی اور فروغ نسیم سب سے زیادہ نفیس ارکان ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: 'دوسروں کی پروا نہیں، آخری سانس تک عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں'

انہوں نے کہا کہ ’حیدر آباد یونیورسٹی کے قیام میں وفاقی حکومت تعاون کرے گی تاہم یونیورسٹی کے قیام کی مخالفت پر حیران ہوں‘۔

عمران خان نے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’بتائیں کہ حیدر آباد یونیورسٹی کے قیام کی مخالفت کیوں کی جارہی ہے، میں سمجھنے سے قاصر ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ ملک اور قوم کا اصل تحفظ تعلیم سے ہی ممکن ہے اس لیے حکومت، انصاف اور تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا ’جن ممالک نے تعلیم پر توجہ دی وہ ترقی کے میدان میں آگے نکل گئے جبکہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوان نسل پر مشتمل ہے، لیکن تعلیمی اداروں کا معیار قابل قدر نہیں ہے‘۔

مزید پڑھیں: عمران خان کے ٹیچر کا ’اپنے فیصلوں‘ پر ثابت قدم رہنے کا پیغام

وزیر اعظم نے سنگاپور کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’سنگاپور کی ایک یونیورسٹی کا بجٹ پاکستان کی تمام جامعات سے زیادہ ہے کیونکہ وہ سمجھ چکے ہیں کہ افرادی قوت پر خرچ کرنے سے ہی ترقی ممکن ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اگر نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر کے وسیع اور معیاری مواقع فراہم نہیں کیے تو بے روزگار نوجوان ہی ہمیں نیچے لے آئیں گے‘۔

انہوں نے مسلم لیگ (ن) کا نام لیے بغیر تنقید کی کہ پہلے سڑکوں کا افتتاح ہوتا تھا، آج ہم یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں۔

عمران خان نے عندیہ دیا کہ نمل یونیورسٹی میں رائج طرز تعلیم کو حیدر آباد یونیورسٹی میں اپنانے کے لیے بھرپور مدد کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ نمل یونیورسٹی کے 92 فیصد فارغ التحصیل طلبہ کو بہترین نوکریاں ملیں اور ان کے اہلخانہ کی زندگیوں میں مثبت معاشی تبدیلی آئی‘۔

یہ بھی پڑھیں: 51 فیصد پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی کارکردگی سے مطمئن، سروے

انہوں نے بتایا کہ ’غیر سرکاری سطح پر جہلم میں القادر یونیورسٹی قائم کریں گے جہاں صرف دو مضامین سائنس اور صوفی ازم کی تعلیم دی جائے گی‘۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی 90 فیصد آبادی انگریزی زبان سے نابلد ہے لیکن پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پارلیمنٹ کے فورم پر کھڑے ہو کر انگریزی میں گفتگو کرکے لوگوں کی توہین کرتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024