• KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں اور سوجن سے نجات میں مددگار طریقے

شائع April 2, 2019
یہ سیاہ حلقے شخصیت کو متاثر کرتے ہیں — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ سیاہ حلقے شخصیت کو متاثر کرتے ہیں — شٹر اسٹاک فوٹو

خوبصورت آنکھیں آپ کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہیں اور یہ ضروری ہے کہ آپ اپنی آنکھوں کا خیال رکھیں تاکہ اس کے گرد سیاہ حلقے آپ کی خوبصورتی کو متاثر نہ کرسکیں۔

مرد ہو یا خواتین کسی کے چہرے پر یہ گہرے حلقے اچھے نہیں لگتے اور ان کو میک اپ سے چھپانا بھی کوئی آسان کام نہیں۔

شام کی تقریب میں ان کی وجہ سے آپ کو زیادہ توجہ نہیں ملتی جبکہ صبح میں یہ زیادہ واضح ہوتے ہیں۔

کیا آپ نے کبھی جاننے کی کوشش کی کہ آخر آنکھوں کے گرد یہ سیاہ حلقے کیوں بنتے ہیں؟ اکثر اس کی وجوہات میں نیند کی کمی اور تھکاوٹ کے ساتھ ساتھ غیر صحت بخش غذا?ں کا استعمال قابل ذکر ہوتے ہیں، مگر تناؤ، ہارمون میں عدم توازن، پانی کی کمی اور سورج میں بہت زیادہ وقت گزارنا بھی آنکھوں کے گرد ان حلقوں کا باعث بن سکتا ہے۔

مگر ان سے نجات کا عملی اور انتہائی آسان طریقہ کیا ہے؟ وہ کونسا بہترین ٹوٹکا ہے جو آنکھوں کے گرد جلد کو بغیر کسی خطرے کے جگمگا دے؟ نقصان دہ کیمیکلز کے استعمال کی بجائے آنکھوں کے نیچے شفاف جلد کا سب سے موثر ذریعہ کونسا ہے؟ یہاں کچھ ایسے ہی آسان نسخے بتائے جارہے ہیں۔

ٹھنڈک کو استعمال کرکے دیکھیں

اس پر عمل کرنا بہت آسان ہے اور خرچہ بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ آپ اسے اپنے گھر میں کسی بھی وقت آزما کر دیکھ سکتے ہیں۔ ایک دھاتی چمچ لیں اور اسے فریزر یا فریج میں کم از کم تین سے چار گھنٹے تک رکھیں، بلکہ زیادہ بہتر نتائج کے اس چمچ کو فریج میں رات کو سونے سے قبل رکھیں اور صبح اٹھنے کے بعد نکال کر اپنی دونوں آنکھوں پر کچھ منٹ کے لیے رکھیں۔ اس عمل کو تین بار دہرائیں، کچھ روز میں آپ فرق کو دیکھ سکیں گے، اسی طرح روزانہ تین سے پانچ بار ٹھنڈے پانی سے اپنی چہرے اور آنکھوں کو دھونا بھی فائدہ مند ہوتا ہے۔

انڈے کی سفیدی

آنکھوں کے سیاہ حلقوں کو ختم کرنے کے لیے انڈے کی سفیدی بھی مددگار ثابت ہوسکتی ہے ، سفیدی کو نرم برش سے آنکھوح کے نیچے احتیاط سے لگائیں، اس کے بعد 5 سے 10 منٹ انتظار کرکے چہرے کو گرم پانی سے دھولیں، یہ خیال رکھیں کہ انڈے کی سفیدی آنکھ کے اندر نہ جائے جس سے خارش ہوسکتی ہے۔

پانی کا زیادہ استعمال

جی ہاں روزانہ بہت زیادہ پانی پینا شروع کردیں، مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ کئی گیلن بلکہ کم از کم آٹھ گلاس پانی پینا معمول بنالیں۔ یہ چیز نہ صرف آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کو ختم کرنے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی بلکہ یہ آپ کی جلد کی بہتر صحت اور ڈی ہائیڈریشن کو دور کرنے کا بھی سپرفارمولا ہے۔ خالص پانی قدرت کا جھریاں دور کرنے والا ٹونک ہے، تو آپ اسے اپنے غذائی پلان سے خارج کیوں کرتے ہیں؟

کھیرے

کھیرے تو اس حوالے سے دنیا بھر میں استعمال ہوتے ہیں جو انتہائی موثر بھی ثابت ہوتے ہیں، ان میں موجود قدرتی اجزا آنکھوں کے نیچے پانی کا اجتماع کم کرتے ہیں جس سے حلقے اور سوجن کم ہوتی ہے جبکہ ورم کی شکایت ھبی دور ہوجاتی ہے، کھیرے جتنے ٹھنڈے ہوں گے اتنے ہی فائدہ مند بھی ہوں گے۔

ٹماٹر

ٹماٹر کی دو قاشیں لیں اور اپنی آنکھوں کے اوپر پندرہ سے پچیس منٹ تک لگائے رکھیں، مگر اس پر عمل ٹھنڈے چمچ کا طریقہ اپنانے کے بعد کریں، اور دونوں کے درمیان کم از کم دو گھنٹے کے وقفے کا خیال بھی رکھیں۔

ٹی بیگ

ایک ٹی بیگ (گرین ٹی بیگ ہو تو زیادہ بہتر ہے)کو پانی میں بھگو کر فرج میں رکھ دیں۔ بعد میں اسے اپنی آنکھوں پر رکھ دیں۔ اس عمل کو بار بار کرنے سے بہترین نتائج مل سکتے ہیں۔

بادام کا تیل

بادام کا تیل آنکھوں کے ارگرد کے حصے پر زبردست کام کرتا ہے اور یہ سیاہ حلقوں میں کمی لانے کے مستند ترین گھریلو نسخوں میں سے ایک ہے۔ ایک چائے کے چمچ بادام کے تیل اور ایک چائے کے چمچ شہد کو ملائیں، اس مکسچر کو سونے سے قبل اپنی آنکھوں کے نیچے لگائیں اور صبح اٹھ کر ٹھنڈے پانی سے دھو دیں۔ اس عمل کو اس وقت تک دہرائیں جب تک حلقے غائب نہ ہوجائیں۔

ہلدی

ہلدی کا پیسٹ بنا کر آنکھوں کے نیچے لگائیں، ورم کش ہونے کی وجہ سے ہلدی آنکھوں کے حلقے اور سوجن کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

لیموں کا عرق

لیموں کے عرق میں وٹامن سی ہوتا ہے جو آنکھوں کے گرد سیاہ حصے کو جگمگانے کے لیے اچھا سمجھا جاتا ہے۔ روئی کو لیموں کے تازہ عرق میں ڈبوئیں اور سیاہ حلقوں پر لگادیں، اسے بارہ منٹ تک کے لیے لگا رہنے دیں اور پھر ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ اس ٹوٹکے کو ایک ہفتے تک روزانہ ایک بار استعمال کریں۔

ایلو ویرا

ایلوویرا وٹامن ای سے بھرپور ہوتا ہے جبکہ نمی بھی کافی زیادہ ہوتی ہے، اس کے ساتھ ساتھ یہ جیل اینٹی فنگل، جراثیم کش اور جلد کی مرمت کی خصوصیات بھی رکھتا ہے، ایلو ویرا جیل کو فریج میں ٹھنڈا کرکے آنکھوں کے نیچے لگانا اس مسئلے کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

مناسب نیند

آپ کو اپنے نیند کے دورانیے پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے، کیونکہ اگر آپ کم وقت تک سوتے ہیں تو ہر طرح کے نسخے جیسے ٹماٹر اور ٹھنڈے چمچ وغیرہ فائدہ مند ثابت نہیں ہوتے، تو روزانہ چھ سے آٹھ گھنٹے سونا معمول بنالیں۔ جب آپ نیند مناسب ہوجائے تو آپ اس کے بہترین نتائج دیکھیں گے۔

آلو

آلوؤں کو چھیل کر ان کا جوس نکال لیں۔ پھر اس جوس میں روئی کے ٹکڑے کو بھگو کر آنکھوں کے نیچے رکھ دیں اور اس بات کو یقینی بنالیں کہ تمام سیاہ حصہ روئی سے ڈھکا ہوا ہو۔ بعد میں ٹھنڈے پانی سے اسے صاف کرلیں۔

اچھی غذا

اپنی غذا کو آئرن، وٹامن اے، سی، ای اور کے سے بھرپور بنائیں، مناسب نگہداشت اور اچھی غذا آپ کی آنکھوں کی خوبصورتی واپس لانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

آلو

دودھ کے روزانہ کی بنیاد پر استعمال سے نہ صرف آپ کی آنکھوں کے حلقے ختم ہوں گے بلکہ آپ کی جلد بھی بہتر ہوجائے گی۔ روئی کا ایک ٹکڑا لیجئے اور اسے ٹھنڈے دودھ کے ایک پیالے میں بھگودیں۔ اب اسے اپنی آنکھوں پر لگائیں اور اس بات کو یقینی بنالیں کہ تمام متاثرہ حصے پر یہ صحیح طرح سے لگ جائے۔ تھوڑی دیر اسی طرح رکھیں اور پھر چہرے کو پانی سے صاف کرلیں۔

آئی ڈراپس

کئی بار آنکھوں کی سوجن اور حلقے کسی الرجی کا ردعمل ہوسکتا ہے، اگر آپ کو ایسا امکان محسوس ہو تو ڈاکٹر کے مشورے سے آئی ڈراپ کا استعمال کرسکتے ہیں۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

every Apr 02, 2019 04:43pm
all good to see/tks

کارٹون

کارٹون : 7 جنوری 2025
کارٹون : 6 جنوری 2025