• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

کراچی کیلئے 162 ارب روپے کے خصوصی پیکج کا اعلان

شائع March 30, 2019
کراچی کی ترقی پورے پاکستان کے لیے ضروری ہے، وزیراعظم عمران خان — فوٹو: ڈان نیوز
کراچی کی ترقی پورے پاکستان کے لیے ضروری ہے، وزیراعظم عمران خان — فوٹو: ڈان نیوز

وزیرِ اعظم عمران خان نے ٹرانسپورٹ، سیوریج اور پانی کے منصوبوں سے متعلق کراچی کے لیے 162 ارب روپے کے خصوصی پیکج کا اعلان کردیا۔

گورنر ہاؤس میں اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی پورے پاکستان کے لیے ضروری ہے، اس شہر کے لیے کیے گئے اپنے وعدوں کو نہیں بھول سکتے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کا ماسٹر پلان بھی ایک مسئلہ ہے، کیونکہ اگر طیارے میں سفر کرتے ہوئے نیچے دیکھیں تو ایسا لگتا ہے کہ پورے شہر میں کنکریٹ بکھرا ہوا ہے، یہاں سبزہ دکھائی نہیں دیتا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی شہر پھیلتا جارہا ہے اور شہر جتنا پھیلتا ہے اس کے لیے اتنے ہی مسائل بڑھتے ہیں، تاہم اب ہم چاہتے ہیں کہ شہرِقائد کو پھیلنے سے روکا جائے اور یہاں کثیرالمنزلہ عمارتیں بنائی جائیں۔

مزید پڑھیں: بحریہ ٹاؤن کراچی کے قبضے میں موجود غیرقانونی زمین واگزار کروانےکا حکم

انہوں نے کہا کہ کراچی کے ماسٹر پلان کی تیاری تک اس کے لیے عبوری اقدامات اٹھائے جائیں، کیونکہ اگر یہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو آئندہ ڈھائی سال کے اندر پتہ نہیں یہ شہر کہاں پہنچ جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور کراچی کی انتظامیہ کو کہا ہے کہ وفاقی حکومت انہیں مدد کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 45 کھرب روپے ٹیکس کی مد میں جمع ہوتے ہیں جس میں سے 2 کھرب روپے قرضے کی ادائیگی کی مد میں چلے جاتے ہیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس آمدن میں سے تقریباً ڈھائی ارب روپے صوبوں کو چلے جاتے ہیں جبکہ دفاعی شعبے کے لیے بھی وفاق کو 17 سو ارب روپے رکھنے ہوتے ہیں، تاہم اس طرح مالی سال کا آغاز ہی خسارے پر ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا کراچی میں سیاحتی مقاصد کیلئے ٹرام چلانے کا حکم

سندھ حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی کا مسئلہ حکومتِ سندھ کی ذمہ داری ہے، کیونکہ اندرونِ سندھ سے ایک جماعت الیکشن جیت جاتی ہے اور پھر گزشتہ دس سال میں اس نے کراچی کے ساتھ کیا کیا وہ سب کے سامنے ہے۔

وزیراعظم نے کراچی کے لیے 162 ارب روپے کے خصوصی پیکج کا اعلان کیا جس میں مجموعی طور پر 18 تجویز کردہ منصوبے ہیں۔

ان منصوبوں میں پبلک ٹرانسپورٹ کے 10 منصوبے اور سیوریج اور پانی کے 7 منصوبے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ ہم کراچی میں پانی بچانے کے لیے مہم چلائیں گے جس کے لیے شہری انتظامیہ تیاری کرے، کیونکہ آج تک پاکستان میں اس کی منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔

کراچی کے بن قاسم پارک کا افتتاح

وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے شہریوں کے لیے بنائے گئے بن قاسم پارک کا بھی افتتاح کردیا۔

پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ضروری ہے کہ کراچی کے لیے سرسبز جگہوں کو بچائیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گلوبل وارمنگ سے متاثر ہونے والے 10 ممالک میں پاکستان کا 8واں نمبر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری آنے والی نسلوں کو ایک اچھا ماحول ملنا چاہیے، یہاں کھیل کے میدان اور پارکس ضروری ہیں جن پر قبضہ ہوچکا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہریالی کم ہونے سے موسم کی حدت میں اضافہ ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024