• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کراچی: احتجاج کرنے والے اساتذہ پر پولیس کا لاٹھی چارج، واٹر کینن کا استعمال

شائع March 28, 2019
پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان کے خلاف لاٹھی چارج کیا —فوٹو: ڈان نیوز
پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان کے خلاف لاٹھی چارج کیا —فوٹو: ڈان نیوز

کراچی پولیس نے مطالبات کے حق میں احتجاج کرنے والے اساتذہ کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کی طرف جانے سے روکنے کے لیے لاٹھی چارج، آنسو گیس اور واٹر کینن کا بے دریغ استعمال کیا۔

ایس ایس پی جنوبی میر محمد شاہ نے ڈان کو بتایا کہ اساتذہ نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے مظاہرین کو کراچی پریس کلب کے باہر ہی احتجاج محدود رکھنے کی تلقین کی کیونکہ ریڈ زون میں مظاہرے پر پابندی ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی پریس کلب کے بابر تقریباً 2 ہزار احتجاجی اساتذہ جمع ہوئے اور گورنمنٹ اسکول ٹیچرز ایسوسی ایشن (گسٹا) کے عہدیداران نے مطالبات تسلیم کیے جانے کے حق میں تقریریں کی۔

پولیس کی شیلنگ سے ایک بزرگ استاد بیہوش ہوگئے — فوٹو: ڈان نیوز
پولیس کی شیلنگ سے ایک بزرگ استاد بیہوش ہوگئے — فوٹو: ڈان نیوز

عینی شاہدین نے بتایا کہ مرد و خواتین اساتذہ نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کی طرف مارچ شروع کیا تو پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا۔

لاٹھی چارج کے بعد مظاہرین اور پولیس کے درمیان معمولی جھڑپ بھی ہوئی جس کے بعد متعدد اساتذہ کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کی بھاری نفری نے وزیراعلیٰ ہاؤس جانے والی تمام شاہراؤں کو بلاک کردیا جبکہ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن بھی طلب کی گئی۔

اس حوالے سے کہا جارہا ہے کہ پولیس نے متعدد اساتذہ کو گرفتار کرلیا تاہم پولیس کی جانب سے مظاہرین کو متنبہ کیا جارہا ہے کہ اگر احتجاج ختم نہیں کیا گیا تو مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جا سکتی ہیں۔

گورنمنٹ اسکول ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر اشرف خاصخیلی نے بتایا کہ پولیس 200 اساتذہ کو حراست میں لے چکی ہے اور پولیس کے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے باعث 8 خواتین سمیت 150 اساتذہ زخمی ہوئے۔

تاہم ایس ایس پی جنوبی کہنا تھا کہ 8 احتجاجی اساتذہ کو حراست میں لیا گیا جبکہ 2 زخمی ہوئے۔

کمشنر کے ترجمان نے بتایا کہ ’کمشنر نے اساتذہ کو اپنا احتجاج ختم کرنے کی تلقین کرتے ہوئے یقین دلایا تھا کہ ان کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں گے اور اس ضمن میں سمری تیار کی جا چکی ہے‘۔

اساتذہ وزیراعلیٰ ہاؤس کی طرف مارچ کررہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
اساتذہ وزیراعلیٰ ہاؤس کی طرف مارچ کررہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

پولیس افسرنے بتایا کہ ’گسٹا کے رہنماؤں نے اجلاس میں ’اطمینان‘ کا اظہار کیا لیکن جب وہ کراچی پریس کلب پہنچے تو وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کردیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’پولیس نے اساتذہ کو منتشر کرنے کے لیے صرف آنسو گیس کا استعمال کیا۔'

دوسری جانب جناح ہسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ ’دو مرد اساتذہ کو زخمی حالت میں ہسپتال لایا گیا جنہیں طبی امداد دے کر رخصت کردیا گیا‘۔

اس دوران سیکریٹری تعلیم قاضی شاہد پرویز کے حوالے سے میڈیا میں کہا گیا کہ میٹرک کے امتحانات کے وقت احتجاج ایک ’سازش‘ ہے، تاہم انہوں نے سازش کے بارے میں مزید کچھ نہیں بتایا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Mueen Akhtar Mar 28, 2019 08:00pm
koi nai baat nahi PPP ki government main hamesha aisha hi hota he kabi Kisano pe tashadud to kabhi asatza pe or Jab tak Bhutto zinda he aisa hota rahega

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024