فرنچ ڈیزائنر کی 'عمران سینڈلز' کے نام سے پشاوری چپل سامنے آگئی
دنیا بھر میں معروف فرنچ فیشن ڈیزائنر کرسٹین لوبوٹن کو لگتا ہے کہ پاکستان کی مشہور پشاوری چپلیں کچھ زیادہ ہی پسند آگئی ہیں جو انہوں نے اسے ایک نئے انداز سے متعارف کراتے ہوئے اسے 'عمران سینڈلز' کا نام دیا ہے۔
یہ تو واضح نہیں کہ یہ عمران سینڈلز کا نام وزیراعظم عمران خان کے اوپر رکھا گیا ہے جو کہ پشاوری چپلوں کو بہت زیادہ پسند کرتے ہیں یا یہ ڈیزائنر کے پاکستانی دوست عمران قریشی کے نام پر ہے۔
مگر یہ پشاوری چپل کافی جگمگاتی ہے جس پر سرخ، خاکستری، بھورے اور سیاہ رنگوں کا استعمال کیا گیا ہے۔
مگر یہ کتنی مہنگی ہوگی، اس بارے میں ابھی کچھ کہنا مشکل ہے کیونکہ اس سینڈل کی قیمت کا اعلان فی الحال نہیں کیا گیا۔
یہ بھی مشرق کے قدیم ڈیزائن کی نقل بنانے کا ایک اور واقعہ ہے جن کو مغرب میں بہت زیادہ قیمت پر فروخت کیا جاتا ہے۔
برطانوی ڈیزائنر سر پال اسمتھ کو بھی 2014 میں اس وقت تنازع کا سامنا ہوا جب انہوں نے پشاوری چپلوں کی نقل کرتے ہوئے 300 برطانوی پاﺅنڈ میں فروخت کیا اور ان کا نام رابرٹ رکھا۔
خیال رہے کہ کرسٹین لوبوٹن پرتعیش ڈیزائن کی وج ہسے دنیا بھر میں جانا جاتا ہے جو اس سے قبل 2017 میں لاہور فلیٹس کے نام سے بھی ایک لیڈیز چپل متعارف کراچکے ہیں۔