• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 5:06pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 4:44pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 4:51pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 5:06pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 4:44pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 4:51pm

’لال کبوتر: ٹوٹل پیسہ وصول فلم‘

شائع March 22, 2019

لال کبوتر کو چند لائنوں میں سمویا جائے تو یہ کراچی کے ایک ٹیکسی ڈرائیور کی کہانی ہے جو اپنے حالات بہتر بنانے کے لیے دبئی جانا چاہتا ہے اور اس واسطے اسے 3 لاکھ روپے درکار ہیں، جن کو حاصل کرنے کے لیے وہ اپنے جرائم پیشہ دوستوں کے ساتھ مل کر ٹیکسی چھینے جانے کا ڈرامہ کرتا ہے اور اس ڈرامے کے دوران اس کی ملاقات حادثاتی طور پر ایک لڑکی سے ہوجاتی ہے جس کے صحافی شوہر کو ایک مقامی بلڈر نے نامعلوم ٹارگٹ کلر کے ہاتھوں قتل کروادیا ہوتا ہے۔

لال کبوتر میں ٹیکسی ڈرائیور کا کردار احمد علی اکبر نے ادا کیا ہے اور وہ اس کردار میں خوب جچتے ہیں۔ کراچی جیسے شہر میں ایک غریب نوجوان کس قسم کے مسائل کا شکار ہوسکتا ہے، اس کی بھرپور عکاسی احمد علی اکبر نے کی ہے۔

مزید پڑھیے: لالچ، طاقت اور بدلے کی کہانی ’لال کبوتر‘

مقتول صحافی کی بیوی کا کردار کہنہ مشق منشا پاشا نے نبھایا ہے، مگر اسکرپٹ رائٹر نے ان کے کردار میں پرفارمنس مارجن کم ہی رکھا ہے، پھر یہ بھی کہیں بتانے کی کوشش نہیں کی گئی کہ منشا پاشا کرتی کیا ہیں، لیکن ان تمام تر کمی کوتاہی کے باوجود منشا کو جہاں جہاں جس منظر میں بھی اداکاری دکھانے کا ذرا سا بھی موقع ملا تو اس نے مایوس نہیں کیا ہے۔ پولیس انسپیکٹر جب ان سے تھانے میں الٹے سیدھے سوال کررہا ہوتا ہے تو ان کی پرفارمنس قابلِ دید ہے۔

لال کبوتر میں پہلی بار منشا پاشا اور احمد علی اکبر ایک ساتھ کام کر رہے ہیں—اسکرین شاٹ
لال کبوتر میں پہلی بار منشا پاشا اور احمد علی اکبر ایک ساتھ کام کر رہے ہیں—اسکرین شاٹ

پولیس انسپیکٹر کے کردار میں راشد فاروقی اور ٹارگٹ کلر کے کردار میں سلیم معراج، دونوں اس فلم کی جان ہیں۔ میری ناقص رائے میں اگر پولیس انسپیکٹر کا کردار سلیم معراج اور ٹارگٹ کلر کا کردار راشد فاروقی کو دیا جاتا تو فلم زیادہ بہتر ہوسکتی تھی۔

سلیم معراج ایک بڑا اداکار ہے اور خواہ اس کے فلم میں سینز گنتی کے ہی کیوں نہ ہوں، وہ جب جب سنیما اسکرین پر دِکھے گا، چھا جائے گا۔ سلیم معراج یہ بات پہلے بھی کئی فلموں میں ثابت کرچکے ہیں اور لال کبوتر میں بھی وہ اپنی اداکاری سے سب کو متاثر کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

فلم کی ہدایات کمال خان نے دی ہیں اور وہ اس کم بجٹ کی فلم کو اتنا خوبصورت بنانے پر بلاشبہ تحسین کے مستحق ہیں۔ کراچی کی بستی، کالونیاں اور اوریجنل لوکیشنز پر جس طریقے سے فلم کو عکس بند کیا گیا ہے، وہ قابلِ داد ہے۔ فلم کا میوزک غیر روایتی ہے اور کانوں پر اچھا تاثر چھوڑ جاتا ہے۔ بیک گراونڈ میوزک بھی فلم کے ہر منظر سے مطابقت رکھتا ہے۔

لال کبوتر پاکستانی فلم انڈسٹری کے کرتا دھرتاؤں کی اس گھسی پٹی سوچ کو منہ توڑ جواب ہے جن کے مطابق ایک کمرشل فلم کی کامیابی کے لیے بڑے نام اور آئیٹم نمبرز بہت ضروری ہیں، کیونکہ لال کبوتر میں نہ ہی کوئی آئیٹم نمبر ہے اور نہ ہی فلم میں کوئی بڑا کمرشل نام ہے مگر اس کے باوجود یہ فلم آغاز سے اختتام تک آپ کو اپنے سحر میں جکڑے رکھتی ہے۔

کراچی کی بستی، کالونیاں اور اوریجنل لوکیشنز پر جس طریقے سے فلم کو عکس بند کیا گیا ہے، وہ قابلِ داد ہے—اسکرین شاٹ
کراچی کی بستی، کالونیاں اور اوریجنل لوکیشنز پر جس طریقے سے فلم کو عکس بند کیا گیا ہے، وہ قابلِ داد ہے—اسکرین شاٹ

فلم کا دورانیہ 94 منٹ ہے۔ سو فلم کی کہانی پہلے حصے میں جس سستی سے آگے بڑھتی ہے وہ آپ کو بالکل بھی ناگوار نہیں گزرتا کیونکہ فلم طوالت پکڑنے سے پہلے ہی ختم ہوجاتی ہے۔ نیز فلم کے دوسرے ہاف میں واقعات اتنی سرعت سے وقوع پذیر ہوتے ہیں کہ آپ فلم میں منہمک ہوکر رہ جاتے ہیں۔

مزید پڑھیے: منشا پاشا، علی کاظمی اور ’لال کبوتر‘

لال کبوتر ایسے وقت میں ریلیز ہوئی ہے جب پاک بھارت کشیدگی کے سبب پاکستان میں بھارتی فلموں پر پابندی عائد ہوچکی ہے، اور سنیما گھروں کا اس وقت سارا دار و مدار پاکستانی فلموں پر ہی ہے۔ لیکن امید ہے کہ یہ ہفتہ سنیما گھروں اور شائقین کے لیے اچھا گزرے گا کیونکہ لال کبوتر کے ساتھ فلم شیردل بھی ریلیز ہوئی ہے۔

اگر میری رائے لی جائے تو میں یقینی طور پر لال کبوتر کو 2019 کی پہلی سپرہٹ فلم قرار دے سکتا ہوں۔ میں یہ بھی سمجھتا ہوں کہ چونکہ سنیما شائقین ہمیشہ ہی ایک اچھی فلم کے منتظر ہوتے ہیں اور لال کبوتر کسی ایک شعبے میں بھی انہیں مایوس نہیں کرے گی۔

ابوعلیحہ

علی سجاد شاہ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور صحافی، بلاگر اور فلم میکر ہیں۔ ابوعلیحہ کے نام سے لکھتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر کافی معروف ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تبصرے (64) بند ہیں

حکیم عمر عطاری Mar 22, 2019 02:29pm
شاہ جی آپ جب لکھتے ہیں لکھنے کا حق ادا کرتے ہیں آپ نے کہا ہے فلم سپر ہٹ تو ضرور دیکھیں جائے گی
Raza Haider Mar 23, 2019 03:42pm
Pakistani cinema viewers kafi mature hain, agar quality work ho to appreciate krtay hain.
Noor Fatima Mar 23, 2019 06:45pm
Acha likhay hain ap
Read All Comments

کارٹون

کارٹون : 28 اپریل 2025
کارٹون : 27 اپریل 2025