وزیراعظم کی فوجی سربراہان سے ملاقات، سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے مسلح افواج کے سربراہان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے حوالے سے وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق’ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کو ایوان وزیر اعظم میں بلایا گیا‘۔
اس ملاقات میں ملکی سلامتی کی صورتحال اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ قابلیت کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی آرمی چیف سے ایک ہفتے میں تیسری ملاقات
خیال رہے کہ وزیراعظم عموماً قومی سلامتی کمیٹی یا نیشنل کمانڈ اتھارٹی (این سی اے) میں فوجی سربراہان سے دیگر اراکین کی موجودگی میں اکٹھے ملاقات کرتے ہیں۔
لہٰذا یہ ملاقات اس لحاظ سے اہم تھی کہ اس میں ملک کو داخلی اور خارجی سطح پر درپیش خطرات کا غیر رسمی جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعظم کی فوجی سربراہان سے حالیہ ملاقات یومِ پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی پریڈ کے تناظر میں ہوئی جس میں پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں غیر ملکی شخصیات اور فوجی وفود شرکت کریں گے۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر کا دورہ
اس تقریب کے مہمانِ خصوصی ملائیشین وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد ہوں گے جبکہ آذربائیجان کے وزیردفاع، بحرین کے فوجی سربراہ اور اومان کے حکومتی حکام بھی خصوصی مہمان کی حیثیت سے شریک ہوں گے۔
اس کے علاوہ 23 مارچ کو ہونے والی پریڈ میں چین، سعودی عرب، ترکی، آذربائیجان، بحرین اور سری لنکا کے فوجی دستے بھی حصہ لیں گے۔
یہ خبر 21 مارچ 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔