• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

سپریم کورٹ کا کھوکھر برادران کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم

شائع March 14, 2019
عدالت نے کھوکھر برادران کے خلاف از خود نوٹس نمٹا دیا — فائل فوٹو/ڈان نیوز
عدالت نے کھوکھر برادران کے خلاف از خود نوٹس نمٹا دیا — فائل فوٹو/ڈان نیوز

سپریم کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر اور رکن صوبائی اسمبلی سیف الملوک کھوکھر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے ان کے خلاف از خود نوٹس نمٹا دیا۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے جسٹس منظور ملک، جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے احکامات جاری کیے۔

واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اوور سیز پاکستانیوں کی جانب سے دونوں بھائیوں کے خلاف اراضی پر قبضے کی شکایت کے بعد از خود نوٹس لیتے ہوئے کھوکھر برادران کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم جاری کیا تھا۔

دوران سماعت جسٹس منظور ملک نے ریمارکس دیے کہ کھوکھر برادران کے خلاف از خود نوٹس کن حالات میں لیا گیا ہمارے پاس مواد موجود نہیں۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کا محکمہ اینٹی کرپشن کو کھوکھر برادران کےخلاف کارروائی کاحکم

ان کا کہنا تھا کہ ’اللہ نے جسے اختیار دیا ہو، اسے احتیاط سے استعمال کرنا چاہیے‘۔

جسٹس منصور علی شاہ کا کہنا تھا کہ ’عدالتیں اپنی حدود سے آگے نہیں جا سکتیں، تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر قانون کے مطابق کام کرنا چاہیے‘۔

جسٹس منظور ملک نے لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ’ہمارا تعلق نہیں ہے کس نے کس کو اراضی بیچی، ہمارے کندھے پر رکھ کر کیس نیب کو بھجوانے کی کوشش مت کروائیں‘۔

انہوں نے مزید ریمارکس دیئے کہ ’آپ اپنا کام کریں اور سپریم کورٹ کو اپنا کام کرنے دیں‘۔

ریوینیو حکام نے جواب دیا کہ ’ہم نے رپورٹس تیار کی ہیں جس میں کھوکھر برادران قصور وار پائے گئے ہیں‘، جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ’تو پھر قانون کے مطابق کارروائی کریں، ججز استغاثہ نہیں اور نہ ہی وہ تحقیقات کرسکتے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: اراضی قبضہ کیس: مسلم لیگ(ن) کے رکن اسمبلی افضل کھوکھر کی ضمانت منظور

عدالت نے کھوکھر برادران کے خلاف اینٹی کرپشن میں درج مقدمات کا بھی قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم جاری کیا۔

ڈی جی ایل ڈی اے نے عدالت کو بتایا کہ ’ہمیں اینٹی کرپشن والے ہراساں کر رہے ہیں‘۔

جسٹس منصور علی شاہ نے انہیں جواب دیا کہ ’آپ کے پاس قانون موجود ہے قانونی راستہ اپنائیں ہمیں شامل نہ کریں‘۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی افضل کھوکھر اور ان کے بھائی کے خلاف غیر قانونی طور پر اراضی پر قبضے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 25 دسمبر کو پولیس نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری سے لیگی ایم این اے کو گرفتار کیا تھا لیکن ایک روز بعد ہی لاہور کی مقامی عدالت نے ان کی ضمانت منظور کرلی تھی۔

پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ نواب ٹاؤن میں برطانیہ میں مقیم محمد علی ظفر کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

محمد علی ظفر نے موقف اپنایا تھا کہ انہوں نے کئی سال قبل طارق محمود نامی شخص سے 34 مرلہ زمین خریدی تھی لیکن اب اس جگہ پر افضل کھوکھر کی رہائش گاہ ’کھوکھر پیلس‘ بن چکا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024