مسعود اظہر کو ’عالمی دہشت گرد‘ قرار دینے کی امریکی کوششیں
واشنگٹن: اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) میں جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو 'عالمی دہشت گرد' قرار دینے کی کوششوں پر امریکا نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ ’دہشت گردوں' کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
ٖڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو نے بھارتی سیکریٹری خارجہ وجے گوکھیل کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف فوری کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔
امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق یو این ایس سی میں مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی قرار داد آج (13 مارچ) کو پیش کیے جانے کا امکان ہے تاہم سلامتی کونسل کے مستقل رکن اور ماضی میں ان کوششوں کو روک دینے والے چین کا کہنا ہے کہ ’معاملے کا ذمہ دارانہ حل‘ صرف بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
اس حوالے سے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ’لو کانگ‘ نے سوال کے جواب میں عالمی برادری کو اس قسم کے مسائل اجاگر کرنے کے ساتھ مسئلہ کشمیر کی جانب بھی توجہ دینے کا کہا۔
ان کا کہنا تھا کہ '1267 پابندی کمیٹی کی جانب سے کسی دہشت گرد کی حیثیت پر چین کا موقف اصولی اور واضح ہے‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چین نے ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے کمیٹی کے طریقہ کار اور قواعد و ضوابط پر عمل کیا جبکہ ذمہ دارانہ طریقے سے ہی بحث میں حصہ لیا۔
چینی عہدیدار نے کہا کہ ’صرف بات چیت کے ذریعے ہی ہم مسائل کا ذمہ دارانہ حل نکال سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: جماعت الدعوۃ کےسربراہ حافظ سعید کو نماز کی امامت سے روک دیا گیا
واشنگٹن میں موجود سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ امریکا، جس نے برطانیہ اور فرانس کے ہمراہ اس قراداد کو پیش کیا، چاہتا ہے کہ اس مرتبہ اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل اسے منظور کرلے۔
جس کے لیے امریکا نے چین سے مذکورہ قرار داد کو ویٹو نہ کرنے کا مطالبہ اور اس معاملے پر چینی مخالفت نرم کرنے کے لیے پاکستان پر اپنے اثر رسوخ کا استعمال کیا۔
ایک جانب امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو نے بھارتی ہم منصب سے ملاقات کی تو دوسری جانب امریکی مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو فون کر کے کئی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی یقین دہانی کرادی، امریکا
اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان کی جانب سے جیش محمد اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں پر پاکستانی وزیر خارجہ سے بات چیت کرکے ان کے اس اقدام کو سراہا ہے۔
امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے کہا تھا کہ انہیں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ان کا ملک دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گا۔