• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

آصف زرداری کرپشن سے یوٹرن لے لیتے تو آج عدالتوں کے چکر نہ کاٹنے پڑتے، عمران خان

شائع March 8, 2019
وزیر اعظم نے تھرپارکر کے عوام کے لیے صحت کارڈ کا اجرا کردیا—اسکرین شاٹ
وزیر اعظم نے تھرپارکر کے عوام کے لیے صحت کارڈ کا اجرا کردیا—اسکرین شاٹ

وزیر اعظم عمران خان نے اپنی مخالف جماعت پاکستان پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اور ان کے والد کرپشن سے یوٹرن لے لیتے تو آج عدالتوں میں نہیں پھرنا پڑتا۔

تھر میں صحت کارڈ کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چھاچھرو کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور الیکشن کے بعد پاکستان میں یہ میرا پہلا جلسہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں آنے کی پہلی وجہ یہ ہے کہ تھرپارکر پورے پاکستان سب سے پسماندہ علاقہ ہے اور یہ سب سے پیچھے رہ چکا ہے، یہاں کے 75 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ہیں اور گزشتہ 3 سے 4 سال میں تقریباً 13 سو بچے خوراک اور بھوک کی کمی کی وجہ سے مرگئے ہیں۔

تھر کے عوام کیلئے آر او پلانٹس اور موبائل ہسپتال کا اعلان

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آنے کا سب سے بڑا مقصد پاکستان میں لوگوں کو غربت سے نکالنے کی کوشش کرنا ہے کیونکہ تھرپارکر میں سب سے زیادہ غربت ہے، اس لیے میں نے یہاں آنے کا فیصلہ کیا۔

مزید پڑھیں: تھر، غذائی قلت اور وائرل انفکیشن سے مزید8 بچے جاں بحق

18ویں ترمیم پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد تقریباً تمام اختیار صوبے کے پاس چلے گئے ہیں لیکن یہ جو صحت کارڈ ایک لاکھ 12 ہزار گھرانوں کو ملے گا، اس سے وہ 7 لاکھ 20 ہزار روپے کا علاج کہیں بھی کروا سکیں گے اور یہ پورے تھرپارکر کے لوگوں کو پہنچائیں گے۔

انہوں نے تھرپارکر میں 2 موبائل ہسپتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جون، جولائی تک یہ ہسپتال یہاں پہنچ جائیں گے اور اس کے علاوہ 4 ایمبولنسز بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ لوگوں کو آسانی ہوسکے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ تھر سے نکلنے والا کوئلہ تھرپارکر، سندھ اور پورے پاکستان کی تقدید بدل دے گا لیکن ہماری کوشش ہے کہ اب کسی بھی پسماندہ علاقے سے نکلنے والی معدنیات، تیل، کوئلہ یا کچھ بھی ملے گا تو ہماری پہلی کوشش مقامی لوگوں کو فائدہ دینا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پسماندہ علاقوں سے زیادتی کی گئی اور وہاں سے نکلنے والی گیس سے وہیں کے عوام کو سب سے کم فائدہ ہوا لیکن ہمارا فیصلہ ہے کہ پسماندہ اور کمزور علاقوں کو اوپر لانا ہے۔

پانی کے مسئلے پر اپنے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے تھرپارکر کے لیے فوری طور پر 100 آر او پلانٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ مزید ضرورت پڑی تو وہ بھی فراہم کریں گے جبکہ سندھ حکومت کو کہیں گے کہ وہ اپنا فرض پورا کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں اس وقت وہاں کی حکومت کی موجودہ پالیسی کی وجہ سے اقلیتوں، مسلمانوں، سکھوں، مسیحیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ان پر ظلم ہورہا ہے۔

حکومت ہندو برادری کے ساتھ کھڑی ہے

وزیر اعظم نے کہا کہ یہاں دوسرا مقصد آنے کا یہ ہے کہ یہاں تقریباً آدھی آبادی ہندو مذہب کے لوگوں کی ہے، ہماری حکومت مکمل طور پر ہندو مذہب کے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے، ہم کسی قسم کا ظلم ان پر نہیں ہونے دیں گے۔

قائد اعظم محمد علی جناح کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ انسانوں کو تقسیم نہیں کرنا چاہتے تھے، وہ انگریزوں سے آزادی کے لیے مسلمان اور ہندو کو اکٹھا کرنا چاہتے تھے لیکن قائداعظم کو خدشہ ہوا کہ کانگریس کے ہندوستان میں مسلمانوں اور اقلیتوں کو حقوق نہیں ملیں گے اور آج جو بھارت میں ہورہا ہے وہاں کا مسلمان کہتا ہے کہ جو قائد اعظم کہہ رہے تھے وہ ٹھیک تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کو امن کا نوبل انعام دینے کا مطالبہ

انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کو حقوق نہیں مل رہے، پاکستان اس لیے بنا تھا کیونکہ ہندوستان میں مسلمان اقلیت میں تھے اور انہیں حقوق نہیں ملنے تھے، لہٰذا اس پاکستان میں ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنی اقلیتوں کو پورے حقوق دیں، وہ برابر کے شہری ہیں اور ان کے ساتھ کسی قسم کی تفریق نہیں ہونے دیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نفرت کی سیاست میں انسان کو تقسیم کرکے ووٹ لینا آسان سیاست ہے، نفرت کی سیاست سے کراچی میں تباہی کی گئی، اگر آج وہاں نفرت کی سیاست نہیں ہوتی تو وہ آج دبئی کا مقابلہ کررہا ہوتا، وہاں ایک آدمی نے اپنے اقتدار کے لیے نفرت پھیلائی اور دوسروں پر تشدد کیا۔

اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان میں سیاست دیکھی، کوئی پشتونوں کے نام پر سیاست کرتا اور ملک کو باٹتا، کسی نے بلوچ کا نام لیا لیکن مقصد اقتدار تھا جبکہ پنجاب میں جب ضرورت پڑی تو جاگ پنجابی جاگ کے نعرے لگا دیے اور جب سندھ کے حکمرانوں کو جیل میں جانا نظر آتا تو سندھ کارڈ کھیلا جاتا۔

مودی کی سیاست انسانوں کے خلاف نفرت پھیلانا

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے نریندر مودی کی بھی یہی سیاست ہے کہ انسانوں کو تقسیم کرو نفرتیں پھیلاؤ، جب ایک لیڈر نفرت پیدا کرتا ہے تو کارکنان وہ کرتے ہیں جو آج ہم نے بھارت میں دیکھا، یہ انسانیت کے خلاف ہے یہ حیوانوں کا نظام ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نریندر مودی کا پاکستان کے خلاف نفرت پھیلانا، جنگ کا ماحول پیدا کرنے کا مقصد انتخابات جیتنا ہے جبکہ مسلمان سب انسانوں کو اکٹھا کرتے ہیں نفرتیں نہیں پھیلاتے، ہم وہ نہیں کرتے جو بھارت میں ہورہا ہے کیونکہ ہم امن چاہتے ہیں، ہم نے بھارتی پائلٹ واپس کردیا کیونکہ ہم امن چاہتے۔

پلوامہ واقعے کی تحقیقات میں تعاون کی پشکش پر عمران خان کا کہنا تھا کہ کسی کو کوئی غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ یہ خوف کی وجہ سے ہے، جب وزیر اعظم بنا کو نریندر مودی سے کہا کہ برصغیر میں غربت کے خاتمے کی کوشش کریں، ہم امن قائم کریں اور اپنے مسائل حل کریں لیکن ان کا مقصد ہی نفرت پھیلا کر ووٹ لینا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان نے جلسے سے خطاب میں مزید کہا کہ ہمارا ہیرو بہادر شاہ ظفر نہیں بلکہ ٹیپو سلطان ہے کیونکہ ہم غلامی میں نہیں آزادی میں رہنا چاہتے ہیں، کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ہمیں غلام بنا لے گا تو میں واضح کردوں کہ ہم آخری گیند تک اپنی آزادی کے لیے لڑیں گے۔

جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہماری فوج اور عوام تیار ہے، کوئی یہ نہ سمجھے کہ انتخابات کے لیے پاکستانیوں کا قتل کریں گے تو ایسی غلط فہمی میں نہ رہیں کیونکہ ایسا کیا تو یہاں سے جوابی کارروائی ہوگی۔

مزید پڑھیں: نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد، 121 افراد حفاظتی تحویل میں لے لیے

نیشنل ایکشن پلان کا مقصد پاکستان کی بہتری ہے

نیشنل ایکشن پلان پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی مسلح گروپ کو اپنے ملک میں اجازت نہیں دیتا، تمام سیاسی جماعتوں نے فیصلہ کیا کہ کسی ملیشیا کو متحرک نہیں رہنے دینا، جب سے ہماری حکومت آئی ہم نے اس پلان پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کام کا صرف مقصد پاکستان کی بہتری ہے، ان گروپوں میں ایسے لوگ بھی ہیں جنہوں نے فلاحی کام کیا ہے، انہیں فکر نہیں کرنی چاہیے لیکن پاکستان کی زمین کسی دہشت گردی کی اجازت نہیں دے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کئی عسکریت پسند گروپ کے ونگ پہلے ہی ختم ہوچکے تھے لیکن جب تک ہم بین الاقوامی برادری کا حصہ ہیں تو بطور ذمہ دار ملک کسی عسکریت پسند گروپ کو اپنے ملک میں نہیں چلنے دیں گے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ نیا پاکستان بن رہا ہے، ہم نے یہاں سرمایہ کاری کروانی ہے، ہمارا نیا پاکستان ایک پرامن اور مستحکم پاکستان ہے۔

لیڈر جدوجہد میں مقصد پر پہنچنے کیلئے یو ٹرن لیتا ہے

سندھ کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں انتخابات میں یہاں مہم چلانے کا موقع نہیں ملا، کراچی میں ہم نے مہم چلائی اور وہاں انقلابی تبدیلی آئی لیکن اب ہم اندرون سندھ کے ہر ضلع میں جائیں گے، نئے ، پڑھے لکھے سیاست کو عبادت سمجھنے والے لوگ ہمارے ساتھ چلیں، سندھ میں نیا دور آنے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 10 برسوں میں سندھ میں 5 ہزار 3سو ارب روپے خرچ ہوئے جبکہ ترقیاتی بجٹ 1500 ارب تھا یہ رقم کہاں گئی یہاں کے عوام جانتے ہیں لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ سندھ کے لیڈر کو پتہ ہی نہیں کہ جدوجہد کیا ہوتی ہے۔

پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک لیڈر زرداری سے اپنا نام بھٹو کرکے لیڈر بن گیا، انہیں پتہ ہی نہیں جدوجہد کیا ہوتی، کاغذ کی پرچی سے لیڈر نہیں بنتے، لیڈر ایک نظریے پر کھڑا ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی بار قومی اسمبلی ہال میں نماز کی ادائیگی

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے اسمبلی میں انگریزی میں تقریر کردی، انہیں معلوم ہی نہیں کہ یہاں کے لوگوں کو کم انگریزی آتی، جو انگریزی بلاول بھٹو نے بولی وہ خاص طور پر مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی کے لوگوں سمجھ نہیں آئی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر بلاول بھٹو جدوجہد کرتے تو انہیں پتہ ہوتا کہ لیڈر جدوجہد میں مقصد پر پہنچنے کے لیے یو ٹرن لیتا ہے، آپ اور آپ کے والد (آصف زرداری) اگر یوٹرن کا مطلب سمجھتے تو آج اس مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑتا کیونکہ پرویز مشرف نے امریکی دباؤ میں آپ کے والد کو این آر او دیا، جب این آر او ملا تو 6 کروڑ ڈالر ملے، پھر سرے محل کا پیسہ بھی ہضم کرلیا گیا، اگر اس وقت کرپشن سے یوٹرن لے لیتے تو آج عدالت کے چکر کاٹنے نہیں پڑتے۔

انہوں نے کہا کہ وہ وقت کرپشن اور منی لانڈرنگ سے یو ٹرن کا تھا، اگر یو ٹرن لے لیتے تو نیب اور دیگر اداروں کے چکر نہیں لگانے پڑتے، آپ کے والد نے تو آپ کو بھی پھنسا دیا ہے، بلاول بھٹو یوٹرن بہت اچھی چیز ہوتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024