سعودی وزیر خارجہ کی پاک ۔ بھارت مسائل کے پرامن حل کیلئے تعاون کی یقین دہانی
اسلام آباد: سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام تصفیہ طلب مسائل کے پرامن حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرادی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرانے میں کردار ادا کرنے کے لیے سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر اہم دورے پر پاکستان پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزارت خارجہ پہنچنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عادل الجبیر کا خیر مقدم کیا۔
مزید پڑھیں: سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ عادل الجبیر جمعرات کو پاکستان پہنچیں گے
دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں پاک-بھارت کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی کے خاتمے کے لیے سعودی ولی عہد کی جانب سے مصالحت کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاک-سعودی سپریم رابطہ کونسل کے تحت دو طرفہ اقتصادی، سیاسی اور سیکیورٹی سے متعلقہ تعاون کو فروغ دینے سے متعلق طے کردہ امور کو معینہ مدت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچانے پر اتفاق کیا۔
سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو دونوں ممالک کے درمیان تصفیہ طلب امور کو پر امن طریقے سے حل کروانے کے سلسلے میں سعودی حکومت کی جانب سے مکمل اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
بعد ازاں سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ نے وفود کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور دیگر وزرا بھی موجود تھے۔
آرمی چیف سے ملاقات میں پاک،بھارت صورتحال پر تبادلہ خیال
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ عادل الجبیر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوطرفہ دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی اور پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ مہمان شخصیت نے علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور سعودی عرب کی حمایت کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف نے انتہائی مشکل حالات میں امن کی کوشش پر سعودی وزیر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا سچا دوست ثابت ہوا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ کو پاک ۔ بھارت کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کرنے کے لیے گزشتہ ہفتے یکم مارچ کو پاکستان اور بھارت کا دورہ کرنا تھا۔
تاہم بھارت کی جانب سے امن کی کوششوں کا مثبت جواب نہ آنے کی وجہ سے ان کا دورہ پاکستان چند روز کے لیے مؤخر ہوگیا تھا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ عادل الجبیر کو دورہ پاکستان میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی پیغام لے کر آنا تھا۔
پاکستان آمد سے قبل عادل الجبیر کے دورہ بھارت کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک-بھارت کشیدگی پر ہمیں تکلیف ہوتی ہے، سعودی وزیرخارجہ
خیال رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جنوبی ایشیا کے دورے کے پہلے مرحلے میں 17 فروری کو پاکستان آئے تھے اور 2 روزہ دورے میں پاکستان کے ساتھ کئی مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط کیے تھے۔
پاکستان کے دورے کے بعد محمد بن سلمان دو روزہ دورے پر 19 فروری کو بھارت پہنچے تھے جہاں ان کے ہمراہ وزیرمملکت برائے خارجہ عادل الجبیر اور دیگر بھی شامل تھے۔