• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

سمجھوتہ ایکسپریس 185 مسافروں کو لے کر بھارت پہنچ گئی

شائع March 5, 2019
ٹرین سروس معطل ہونے کی وجہ سے مسافر لاہور میں پھنس گئے تھے — فوٹو: ڈان نیوز ٹی وی
ٹرین سروس معطل ہونے کی وجہ سے مسافر لاہور میں پھنس گئے تھے — فوٹو: ڈان نیوز ٹی وی

لاہور: پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والی ٹرین سروس سمجھوتہ ایکسپریس بحالی کے بعد سخت سیکیورٹی میں 185 مسافروں کو لے کر بھارت پہنچ گئی۔

واضح رہے حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے باعث گزشتہ ہفتے جمعرات کو لاہور سے واہگہ کے راستے اٹاری ریلوے اسٹیشن جانے والی ٹرین کی روانگی موخر کردی گئی تھی اور بعدازاں وزارت خارجہ کی جانب سے سروس معطل ہونے کا اعلان سامنے آیا تھا۔

اس بارے میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ریلوے لاہور ڈویژن کے ایک ذمہ دار کا کہنا تھا کہ ’ٹرین کی روانگی کا وقت 8 بجے تھا تاہم ٹرین 8 بج کر 23 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک-بھارت کشیدگی، سمجھوتہ ایکسپریس سروس معطل

ٹرین میں کل 185 مسافر سوار تھے، جس میں وہ مسافر بھی شامل تھے جو ٹرین سروس معطل ہونے کے باعث گزشتہ ہفتے نہیں جاسکے تھے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بدستور جاری ہے اور اس کے باوجود لاہور سے اٹاری کے درمیان اس ٹرین سروس کا ہفتے میں دو مرتبہ روانگی اور آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

خیال رہے کہ جمعرات کو ٹرین سروس معطل ہونے کی وجہ سے مسافر لاہور میں پھنس گئے تھے جس کے باعث انہیں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا کیوں کہ ٹرین کراچی سے بھارت جانے والے مسافروں کو لاہور پہنچا چکی تھی۔

بعد ازاں 2 مارچ کو وزیر ریلوے شیخ رشید نے اعلان کیا تھا کہ سمجھوتہ ایکسپریس 4 مارچ کو بحال ہوگی اور سروس شیڈول کے مطابق جاری رہے گی۔

مزید پڑھیں: سمجھوتہ ایکسپریس 4مارچ کو بحال ہوگی، شیخ رشید

اس حوالے سے حکام کا مزید کہنا تھا کہ 185 مسافروں میں متعدد وہ افراد بھی شامل ہیں، جن کی جمعرات کو جانے والی ٹرین میں نشستیں مختص تھیں لیکن انہیں ان کے ٹکٹ کی ادائیگی واپس کردی گئی تھی۔

بعدازاں وہ پیر کو بھارت روانہ ہوئے اسی طرح اٹاری سے لاہور آنے والے 12 مسافروں کو بھی ٹکٹ کی رقم لوٹائی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جمعرات کو لاہور سے اٹاری روانہ ہونے والی ٹرین بھارت میں پھنسے ہوئے مزید مسافروں کو وطن واپس لائے گی۔


یہ خبر 5 مارچ 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024