بھارت کا اجمیر شریف حاضری کیلئے پاکستانی زائرین کو ویزا دینے سے انکار
اسلام آباد: بھارت نے اجمیر شریف حاضری کے لیے پاکستانی زائرین کو ویزے جاری کرنے سے انکار کردیا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کے مطابق بھارت کا انتہا پسندانہ چہرہ کھل کر سامنے آ گیا ہے اور اس نے اجمیر شریف کے زائرین کو ویزے دینے سے انکار کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ 500 پاکستانی زائرین نے 7 مارچ کو بھارت روانہ ہونا تھا تاہم بھارت نے ویزے جاری نہ کرکے پاکستانی عقیدت مندوں کو خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ کی درگاہ کی حاضری سے محروم کر دیا۔
اس حوالے سے ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے ویزے جاری نہ کیے جانے کے باعث خواجہ معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ کے عقیدت مند مسلسل دوسرے سال حاضری سے محروم رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی زائرین خواجہ نظام الدین کے عرس میں شرکت سے محروم
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایک سال کے دوران 5 ہزار 600 بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے، جبکہ 312 ہندوں یاتریوں کو بھی ویزے جاری کیے گئے۔
ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے باوجود بھارت سے 98 سکھ یاتری گزشتہ روز پاکستان پہنچے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی سفارتخانے نے بذریعہ ٹیلی فون پارٹی منسوخی کی اطلاع دی ہے، وزارت نے زائرین کو بذریعہ 'ایس ایم ایس' اس کی اطلاع کردی جبکہ بھارتی سفارتخانے نے ابھی تک پاسپورٹ واپس نہیں کیے۔