• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

دنیا کی 178 پارلیمان کو بھارت مخالف منظورشدہ قرارداد ارسال

شائع March 3, 2019
دنیا مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام پر ہونےوالے بھارتی سیکیورٹی فورسز کے مظالم کا نوٹس لے، اسپیکر قومی اسمبلی— فائل فوٹو: ڈان نیوز
دنیا مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام پر ہونےوالے بھارتی سیکیورٹی فورسز کے مظالم کا نوٹس لے، اسپیکر قومی اسمبلی— فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دنیا بھر کی 178 پارلیمان کو خطوط لکھ کر پاکستانی پارلیمنٹ میں بھارتی جارحیت کے خلاف منظور ہونے والی مشترکہ قرارداد ارسال کردی جبکہ ان تمام پارلیمان سے بھارت کے زیرِ تسلط کشمیر کے مظلوم عوام پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے دنیا بھر کی 178 پارلیمان، ان کے سربراہان اور اسپیکر اسمبلیوں کو خطوط ارسال کر دیے۔

مذکورہ خط میں اسپیکر قومی اسمبلی نے ان پارلیمنٹس کے سربراہان اور اسپیکرز کو 26 اور 27 فروری کو بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور بین الاقوامی سرحد کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے بھارت کے خلاف ماحولیاتی دہشت گردی کی شکایت درج کرانے کا فیصلہ کرلیا

اپنے خطوط میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ عالمی امن کی خاطر پاکستان نظم و ضبط اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے جبکہ بھارت کو پیغام دیا ہے کہ وہ کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کی جغرافیائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خطے کو جنگ کے دہانے پر لاکر کھڑا کردیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی تو وہ اپنی مادر وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کرے گا۔

اس کے علاوہ انہوں نے آگاہ کیا کہ پاکستانی ماہر اور پیشہ ورانہ پائلٹس کے ہاتھوں بھارتی طیاروں کی تباہی نئی دہلی کے لیے واضح پیغام ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’بھارت کے لیے امن ہی بہتر راستہ ہے‘

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بحثیت عوام کے منتخب کردہ نمائندگان، آپ اپنے رائے دہندگان کے حقوق، امن اور سلامتی کے نگہبان ہیں۔

اسد قیصر نے دنیا کی 178 ممالک کی پارلیمان میں بھارت کے زیرِ تسلط کشمیر کے مظلوم عوام پر ہونے والے بھارتی سیکیورٹی فورسز کے مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

اپنے خط میں اسپیکر قومی اسمبلی نے لکھا کہ کشمیر کے مظلوم عوام پر روا بھارتی ظلم کا نوٹس لیا جائے اور دنیا کو جنگ کی ہولناکیوں سے محفوظ بنایا جائے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا یہ بھی کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024