• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ملک حالت جنگ میں ہے اور ہمیں نوبل انعام کی پڑ گئی، خورشید شاہ

شائع March 2, 2019
مجھے سمجھ نہیں آتا حکومتی وزرا یہ سب کیوں کر رہے ہیں — فائل فوٹو: ڈان
مجھے سمجھ نہیں آتا حکومتی وزرا یہ سب کیوں کر رہے ہیں — فائل فوٹو: ڈان

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے وزیر اعظم عمران خان کو امن کا نوبل انعام دینے کی آن لائن پٹیشن پر برہمی کا اظہار کردیا۔

اپنے بیان میں خورشید شاہ نے کہا کہ 'ملک حالت جنگ میں ہے اور ہمیں نوبل انعام کی پڑ گئی۔'

انہوں نے نوبل انعام کے لیے پٹیشن سے متعلق مزید کہا کہ ’مجھے سمجھ نہیں آتا کہ حکومتی وزرا یہ سب کیوں کر رہے ہیں‘۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کو امن کا نوبل انعام دینے کا مطالبہ

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی وزرا، وزیر اعظم کو نوبل انعام دلوانا چاہتے ہیں لیکن عمران خان نے اپوزیشن رہنماؤں سے سلام دعا تک نہیں کی۔

خورشید شاہ نے واضح کیا کہ ملکی سلامتی کے لیے اپوزیشن نے حکومت سے ایک قدم آگے بڑھ کر اپنا تعاون پیش کیا۔

نوبل انعام کے لیے آن لائن پٹیشن کا آغاز

وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے گرفتار بھارتی پائلٹ کو آزاد کرنے کے اعلان کے بعد دنیا بھر میں ان کے امن پھیلانے کے پیغام کو سراہا گیا تھا۔

وزیر اعظم کے اعلان کے بعد گزشتہ روز شام کو گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔

گرفتار بھارتی پائلٹ کو جذبہ خیر سگالی کے تحت آزاد کرنے اور خطے میں امن پھیلانے کے وزیر اعظم عمران خان کے فیصلوں کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں امن کا نوبل انعام دینے کی مہم شروع کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کے گرفتار پائلٹ کو جذبہ خیر سگالی کے تحت کل رہا کردیں گے، وزیراعظم

نہ صرف سوشل میڈیا بلکہ وزیر اعظم عمران خان کو امن کا نوبل انعام دینے کے لیے رمیز آصف نامی شخص کی جانب سے ایک آن لائن پٹیشن کی مہم بھی شروع کردی گئی، جس پر اب تک 3 لاکھ سے زائد افراد دستخط کر چکے ہیں۔

پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ خطے میں امن قائم کرنے کی کوششیں کرنے پر اس درخواست کے ذریعے وزیراعظم پاکستان عمران خان نیازی کو 2020 کے امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کیا جاتا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہےکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا مقصد خطے میں امن اور استحکام پیدا کرنا ہے، اس لیے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ انہیں 2020 کا امن کا نوبل انعام دیا جائے۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے گرفتار ہونے والے بھارتی پائلٹ کی ویڈیو جار ی کر دی

علاوہ ازیں ٹوئٹر پر بھی وزیر اعظم عمران خان کو امن کا نوبل انعام دینے کی مہم شروع کردی گئی اور ’نوبل پیس پرائز فار عمران خان‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024