• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

'بیرون ملک پھنسے شہریوں' کو واپس لانے کیلئے فضائی آپریشن کا آغاز

شائع March 2, 2019
ترجمان پی آئی اے کے مطابق کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سے پروازیں آپریٹ کی جارہی ہیں — فائل فوٹو/ اے ایف پی
ترجمان پی آئی اے کے مطابق کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سے پروازیں آپریٹ کی جارہی ہیں — فائل فوٹو/ اے ایف پی

پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے ملک کے 4 شہروں کے ایئر پورٹس سے فضائی آپریشن کا آغاز کر دیا۔

پی آئی اے ترجمان مشہود تاجور کے مطابق کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سے پروازیں آپریٹ کی جارہی ہیں۔

ان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پی آئی اے کو بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو جلد از جلد وطن واپس پہنچانے کے لیے چیف ایگزیکٹو افسر ایئر مارشل ارشد ملک کو ہدایات جاری کر دیں۔

ادھر وفاقی وزیر ہوا بازی محمد میاں سومرو نے ہدایات جاری کیں کہ سعودی عرب اور خلیجی ممالک سے مسافروں کو ترجیحی بنیادوں پر وطن واپس پہنچایا جائے۔

مزید پڑھیں: پاک-بھارت کشیدگی، کمرشل فلائٹس کیلئے پاکستان کی فضائی حدود بند

پی آئی اے ترجمان نے بتایا کہ عمرہ زائرین اور خلیجی ممالک کے مسافر، جن کے ویزا کی معیاد ختم ہو رہی ہے، ان کو ترجیح دی جارہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق اب تک 5 ہزار سے زائد مسافروں کو وطن واپس پہنچایا جا چکا ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں پی آئی اے کے آپریشنل عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ پی آئی اے کے مسافروں کے متعلق شعبہ جات مسلسل مسافروں کی رہنمائی میں مصروف ہیں۔

خیال رہے کہ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک مذکورہ آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا پروازوں کی بحال کے فوری بعد معطل کرنے کا اعلان

واضح رہے کہ 14 فروری کو بھارت کے زیر تسلط کشمیر کے علاقے پلوامہ میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی بس پر حملے میں 44 پیراملٹری اہلکار ہلاک ہوگئے تھے اور بھارت کی جانب سے اس حملے کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دیا گیا تھا جبکہ پاکستان نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔

26 فروری کو بھارت کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارتی فضائیہ کے طیاروں نے پاکستان کی حدود میں در اندازی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا مبینہ کیمپ کو تباہ کردیا۔

بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر کے علاقے میں دراندازی کی کوشش کو پاک فضائیہ نے ناکام بناتے ہوئے اور بروقت ردعمل دیتے ہوئے دشمن کے طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کیا تھا۔

مزید پڑھیں: گرفتار بھارتی پائلٹ کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا

بعد ازاں پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے بتایا تھا کہ آزاد کشمیر کے علاقے مظفرآباد میں داخل ہونے کی کوشش کر کے بھارتی فضائیہ کے طیاروں نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی کی۔

اس کے بعد 27 فروری کو بھارتی فضائیہ نے ایک مرتبہ پھر پاکستانی حدود میں دراندازی کی کوشش کی تھی جس پر پاک فضائیہ نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا تھا اور ایک پائلٹ کو گرفتار کرلیا تھا جسے بعد ازاں یکم مارچ کو رہا کردیا گیا۔

پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے ہر قسم کی کمرشل فلائٹس کے لیے پاکستان کی فضائی حدود کو بند کردیا تھا۔

28 فروری کو قومی ایئرلائن 'پی آئی اے' نے ترجیحی بنیادوں پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے لیے بعض پروازیں بحال کرنے کا اعلان کے فوری بعد اسے معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024