• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

برطانیہ کا پاکستان، بھارت پر جنگ بندی اور معاملہ جلد حل کرنے پر زور

شائع February 28, 2019
برطانیہ کے سیکریٹری آف اسٹیٹ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو گزشتہ 3 روز میں 2 مرتبہ فون کیا — فوٹو: اے پی پی/فیس بک
برطانیہ کے سیکریٹری آف اسٹیٹ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو گزشتہ 3 روز میں 2 مرتبہ فون کیا — فوٹو: اے پی پی/فیس بک

برطانیہ کے سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے خارجہ امور جیریمی ہنٹ نے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کرکے بھارتی جارحیت کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے آغاز کے بعد برطانوی سیکریٹری آف اسٹیٹ نے پاکستانی وزیر خارجہ سے گزشتہ 3 روز میں دوسری مرتبہ فون پر رابطہ کیا۔

وزیر خارجہ نے برطانوی سیکریٹری آف اسٹیٹ کو بھارت کی جانب سے پاکستان میں دراندازی اور خودمختاری کے خلاف جارحیت کے حوالے سے بتایا۔

مزید پڑھیں: پاک-بھارت کشیدگی، سمجھوتہ ایکسپریس سروس معطل

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، جن کا پاکستان نے اپنی فضائی حدود میں رہتے ہوئے دفاع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان صورتحال کو بہتر کرنا چاہتا ہے اور اس کے لیے مذاکرات کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے برطانیہ کو پاک-بھارت کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کرنے پر زور دیا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی فضائیہ کا پائلٹ گرفتار ہے اور جنیوا کنوینشن کے مطابق اس سے انسانی رویہ اختیار کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سرحد پر کشیدگی: پاک - بھارت اسٹاک مارکیٹس میں مندی کا رجحان

برطانوی سیکریٹری آف اسٹیٹ جیریمی ہنٹ نے خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور دونوں فریقین کو جنگ بندی اور معاملے کو جلد حل کرنے پر زور دیا۔

دونوں ممالک کے رہنماؤں نے کشیدگی کو کم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے اور مشاورت کرنے پر آمادگی کا بھی اظہار کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی جانب سے بھارتی دراندازی کے جواب میں 2 بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرائے جانے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024