• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm

نانگا پربت: لاپتہ ہونے والے کوہ پیماؤں کی تلاش جاری

شائع February 28, 2019
دونوں کوہ پیماؤں نے نئے راستے سے کوہ پیمائی کا آغاز کیا تھا —فوٹو: ڈان اخبار
دونوں کوہ پیماؤں نے نئے راستے سے کوہ پیمائی کا آغاز کیا تھا —فوٹو: ڈان اخبار

گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے بتایا ہے کہ نانگا پربت سر کرنے کے دوران لاپتہ ہونے والے برطانوی اور اٹلی کے کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے زمینی سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں 8 رکنی ٹیم خدمات انجام دے رہی ہے اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ نے فضائی اور زمینی ریسکیو آپریشن کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

فیض اللہ فراق کے مطابق نانگا پربت کے دامن میں پولیس فورس کو حفاظتی انتظامات کے لیے تعینات کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نانگا پربت، کوہ پیماؤں کا مقتل بھی، جنوں بھی

اس سلسلے میں ایک مقامی پولیس افسر کا کہنا تھا کہ پاک-بھارت سرحدی کشیدگی کی وجہ سے فضائی سروس معطل ہے جس کے باعث نانگا پربت میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو آپریشن شروع نہیں ہو سکا،

انہوں نے مزید بتایا کہ نانگا پربت سر کرنے جانے والے کوہ پیماؤں سے گزشتہ 4 دنوں سے کوئی رابطہ نہیں ہوسکا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اٹلی سے تعلق رکھنے والے ڈینیئل نردی اور برطانیہ کے ٹام بلارڈ نامی دونوں کوہ پیما نئے راستے سے نانگا پربت سر کرنے کے لیے روانہ ہوئے تھے۔

تاہم کیمپ نمبر 4 سے دونوں غیر ملکی کوہ پیما 24 فروری سے لاپتہ ہیں، جن کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ مرچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: سرد موسم، نامساعد حالات کے باوجود کوہ پیما کے ٹو، نانگا پربت سر کرنے کیلئے پُر عزم

واضح رہے کہ ڈینیئل نردی اور ٹام بلارڈ نے جنوری میں پاکستانی کوہ پیماؤں رحمتہ اللہ بیگ اور کریم حیات کے ہمراہ نانگا پربت پر چڑھائی شروع کی تھی لیکن 29 جنوری کو برف کے طوفان میں کیمپ 2 کے خیمے دفن ہونے کی وجہ سے پاکستانی کوہ پیماؤں نے چڑھائی ترک کردی تھی۔

حکام کے مطابق دونوں غیر ملکی کوہ پیما 6300 میٹر کی بلندی پر واقع کیمپ 4 میں پہنچنے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔

اس سلسلے میں 24 فروری کو شام 7 بجے دونوں نے بیس کیمپ میں موجود اپنے باورچی سے رابطہ کیا اور کیمپ 4 تک پہنچنے کا بتایا تھا جس کے بعد اگلی صبح ایک مرتبہ اور ان کی بات ہوئی اور اس کے بعد رابطے کا سلسلہ ختم ہوگیا۔

واضح رہے کہ ڈینیئل نردی کی نانگا پربت سر کرنے کی یہ 5ویں کوشش جبکہ ٹام بلارڈ کا پہاڑ کی چوٹی تک پہنچنے کا پہلا مشن تھا۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024