‘ن لیگ کے دور میں سعودیہ سے معاشی پیکج پر معاملات طے پائے تھے‘
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شبہاز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ (ن) لیگ کے دور میں ہی اس معاشی پیکج پر سعودی عرب کے ساتھ معاملات طے پاگئے تھے جس کا ثمر آج ملک کو مل رہا ہے۔
سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ’مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے جب پاکستان کی جوہری قوت کا مظاہرہ کیا تو سعودی عرب، پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا‘
مزید پڑھیں: سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان میں ایک روز کی تاخیر
انہوں نے کہا کہ ’سعودی ولی عہد اور معزز سعودی مہمانوں کو اسلام آباد آمد پر تہہ دل سے خوش آمدید کہتے ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ’ پورا پاکستان اپنے سعودی معزز بھائیوں کی آمد کا پرتپاک خیر مقدم کرتا ہے‘۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ’خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود پاکستان کے لیے خصوصی توجہ اور محبت کی سعودی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں‘۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ سلمان، ولی عہد محمد کا جمال خاشقجی کے بیٹے سے رابطہ
شبہاز شریف نے کہا کہ ’تیل پر انحصار کی معیشت کو جدید اقتصادی وژن سے تبدیل کرکے انہوں نے اپنی قابلیت کا جوہر منوایا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں اصلاحات کا عمل شروع کرکے ایک نئی روایت ڈالی۔
علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ’یہ معاشی پیکج بہت فراخدلانہ ہے جو معاشی طور پر پاکستان کی فلاح و بہبود کے لئے بہت مددگار ہے جس کے طویل المدتی فوائد ہوں گے‘۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’ پاکستان کے عوام یہ فراخدلی کبھی نہیں بھول سکتے‘۔
یہ بھی پڑھیں: محمد بن سلمان کا دورہ، اہم سامان اور سیکیورٹی ٹیم پاکستان پہنچ گئی
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب پاکستان کا قابل اعتماد، مشکل گھڑی میں کام آنے والا بڑا بھائی ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام مشکل حالات میں سعودی کردار کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔