سعودی ولی عہد کیلئے 8 کنٹینرز پر مشتمل سامان پاکستان پہنچا دیا گیا
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے 7 بی ایم ڈبلیو سیون سیریز، ایک لینڈ کروزر اور 8 کنٹینرز پر مشتمل سامان پاکستان پہنچا دیا گیا جبکہ شاہی مہمانوں کے لیے 8 ہوٹلز میں 750 کمروں کی بکنگ کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا جنہیں سیکیورٹی کلیئرنس کے لیے ایک روز پہلے سیل کر دیا جائی گا۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دورہ پاکستان کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد کے لیے سعودی عرب سے لگژری گاڑیاں پاکستان پہنچا دی گئی ہیں۔
ان لگژری گاڑیوں کو سعودی عرب سے دو 'سی 130' طیاروں کے ذریعے نور خان ایئر بیس لایا گیا، محمد بن سلمان کے لیے لائی گئی لگژری گاڑیوں میں 7 بی ایم ڈبلیو سیون سیریز 2019 اور ایک لینڈ کروزر شامل ہے۔
ذرائع نے کہا کہ سعوی ولی عہد کے استعمال کے لیے سامان وزیر اعظم ہاؤس پہنچا دیا گیا جو 8 کنٹینرز پر مشتمل ہے۔
محمد بن سلمان کے طیارے میں 40 رکنی وفد اور شاہی گارڈ کا دستہ بھی ہمراہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سعودی عرب کی بھاری سرمایہ کاری کا امکان
دوسری جانب شاہی دورے پر سعودی عرب سے آنے والے مہمانوں کے لیے ہوٹلز کی بکنگ کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ شاہی مہمانوں کو اسلام آباد کی 8 ہوٹلز میں ٹھہرایا جائے گا، جہاں پر مہمانوں کے لیے 750 کمروں کی بکنگ کرا لی گئی ہے۔
سعودی عرب سے آئے مہمانوں کے لئے بُک کرائے گئے تمام ہوٹلز انتظامیہ کو ایڈوانس بکنگ منسوخ کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ان ہوٹلز کو ایک روز قبل سیکیورٹی کلیئرنس کے لیے بند کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سعودی وفد کی آمد سے قبل سیکیورٹی ادارے ہوٹلز کا کنٹرول سنبھال لیں گے اور شاہی مہمانوں کی آمد تک آٹھوں ہوٹلز کوئی استعمال نہیں کر سکے گا۔
واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکورٹی پلان تشکیل دیتے ہوئے دو روز تک راولپنڈی اور اسلام آباد کے مخصوص علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اہم شاہراہوں پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ بھی بند رہے گا۔
سعودی ولی عہد کے دورے کے دوران اسلام آباد کی فضائی حدود مکمل طور پر بند رہے گی۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دو روزہ دورے پر 16 فروری کو پاکستان پہنچ رہے ہیں اور ان کے ہمراہ شاہی خاندان کے اہم افراد کے ساتھ ساتھ وزرا اور کاروباری شخصیات سمیت ایک بڑا وفد بھی پاکستان آئے گا۔
سعودی ولی عہد کے دورے کا شیڈول
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات صدر مملکت عارف علوی اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی متوقع ہے۔
محمد بن سلمان کے ہمراہ آنے والے سعودی وزرا بھی اپنے ہم منصبوں سے ملیں گے اور مذکورہ شععبوں میں باہمی تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔
مزید پڑھیں: پیسوں کی ضرورت ہے، سعودی عرب کی دعوت ٹھکرا نہیں سکتے تھے، عمران
سعودی کاروباری شخصیات بھی پاکستانیوں سے ملاقاتیں کریں گے اور دونوں ممالک میں نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع ڈھونڈے جائیں گے۔
وزیراطلاعات فواد چوہدری نے عرب نیوز کو بتایا سعودی ولی عہد کے اعزاز میں پریزیڈنٹ ہاؤس میں استقبالیہ دیا جائے گا جہاں وزیراعظم، آرمی چیف، تمام وزرا، بیوروکریٹس اور ملک کی اہم شخصیات کے ساتھ ساتھ وفد میں شامل شاہی خاندان کے افراد بھی شریک ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، سائنس، انفارمیشن اور میڈیا سمیت مختلف جوائنٹ گروپس کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد بھارت، چین، ملائیشیا اور انڈونیشیا جائیں گے۔