مرغی چوری کے الزام میں ایک سال سے قید ملزم کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر
سپریم کورٹ نے مرغی چوری کے الزام میں گزشتہ ایک برس سے قید ملزم کی درخواست ضمانت 12 فروری کو سماعت کے لیے مقرر کردی۔
جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ کل (12 فروری کو) ملزم محمد زاہد کی درخواست ضمانت پر سماعت کرے گا، بینچ میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بھی شامل ہیں۔
ملزم زاہد پر ان کے مالک سجاد نے 15 مرغیاں چوری کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس پولیس نے ایف آئی آر درج ہونے سے قبل ہی انہیں گرفتار کرلیا تھا۔
مزید پڑھیں: سزائے موت کے 'نفسیاتی قیدی' کی پھانسی تاحکم ثانی معطل
بعد ازاں پولیس نے زاہد کے خلاف 380/457 (پی پی سی 1860) کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی جو کہ قابل ضمانت جرم ہے۔
ملزم نے ضمانت پر رہائی کے لیے درخواست جمع کروائی تھی جسے مجسٹریٹ کورٹ اس کے بعد ڈسٹرکٹ کورٹ نے مسترد کردیا تھا۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی ملزم کی درخواست ضمانت کو مسترد کردیا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنے وکیل کے ذریعے سپریم کورٹ میں ضمانت پر رہائی کی درخواست دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: زمیندار نے چوری کے الزام میں 7 سالہ بچے کی ناک کاٹ دی
یاد رہے کہ اس سے قبل 2016 میں سپریم کورٹ نے ایک ہزار روپے کا دھینا چرانے والے ملزم کی درخواست ضمانت منظور کی تھی۔
ملزم نے ایک سال قبل ایک ہزار روپے کا دھنیا چوری کیا تھا جس پر ٹرائل کورٹ اور ہائیکورٹ نے بھی ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔
بعد ازاں سپریم کورٹ نے دھنیا چوری کے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کی تھی اور اسے رہا کردیا تھا۔