کیا موٹرولا کا پہلا فولڈ ایبل فون ایسا ہوگا؟
موٹرولا کا پہلا فولڈ ایبل فون ممکنہ طور پر رواں ماہ کے آخر میں متعارف کرایا جارہا ہے جو ماضی کے آئیکونک موبائل ریزر کا اپ ڈیٹ ورژن ہوگا۔
یہ اس کمپنی کا پہلا فلیگ شپ فون ہوگا جو کہ لچکدار ڈسپلے سے لیس ہوگا مگر اب تک یہ معلوم نہیں تھا کہ اس کا ڈیزائن کیسا ہوگا یا ممکنہ طور پر کیسا نظر آئے گا۔
مگر اب اس کا کانسیپٹ ڈیزائن سامنے آیا ہے جو ایک ڈیزائنر نے اس فون کی پیٹنٹ تصاویر کو دیکھ کر تیار کیا ہے۔
اس کانسیپٹ ڈیزائن سے اندازہ ہوتا ہے کہ موٹرولا ریزر 2019 پہلے کے مقابلے میں زیادہ چوکور ڈیزائن کا حامل ہوگا، جبکہ فون کو اوپن کرنے پر لچکدار ڈسپلے سامنے آئے گا جو کہ اوپر سے نیچے تک پھیلا ہوا ہوگا۔
اس فولڈ ایبل اسکرین میں 19:8 ایسپیکٹ ریشو دیا جائے گا جبکہ ایک نوچ بھی اسکرین کے اوپر نظر آرہا ہے۔
اس کا اوپری حصہ سنگل کیمرے اور سیکنڈری اسکرین سے لیس ہوگا، جو کہ ممکنہ طور پر صارفین کو الرٹس سے آگاہ کرے گی جیسا ماضی کے فون میں دیکھنے میں آیا تھا۔
اس کانسیپٹ ڈیزائن میں والیوم اور پاور بٹن دیکھنے میں نہیں آئے۔
اس نئے موٹرولا ریزر کے فیچرز کے حوالے سے تو زیادہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں مگر گزشتہ ماہ وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں اسے فلیگ شپ ڈیوائس قرار دیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق یہ فون اگلے ماہ امریکا میں فروخت کے لیے پیش کیے جانے کا امکان ہے جبکہ اس کی قیمت 15 سو ڈالرز تک ہوسکتی ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق موٹرولا کی ملکیت رکھنے والی کمپنی لیناوو کو توقع ہے کہ 2 لاکھ نئے ریزر فون فروخت ہوسکتے ہیں جو کہ ڈیڑھ ہزار ڈالرز والے فون کے لیے کافی بڑی سوچ ہے۔
مگر خیال رہے کہ ریزر وی تھری جب متعارف کرایا گیا تھا تو دنیا بھر میں اس کے 130 ملین یونٹ فروخت ہوئے تھے۔