• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

خیبرپختونخوا: ٹریفک حادثے میں 13 افراد جھلس کر جاں بحق

شائع February 6, 2019
حادثے کے بعد مسافر ویگن میں آگ بھڑک اٹھی—فائل/فوٹو:اے ایف پی
حادثے کے بعد مسافر ویگن میں آگ بھڑک اٹھی—فائل/فوٹو:اے ایف پی

خیبرپختونخوا (کے پی) کے ضلع کرک میں کار سے ٹکرانے کے بعد مسافر ویگن میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور 4 مسافر زخمی ہوگئے۔

ریسکیو عہدیداروں کے مطابق پشاور سے ڈیرہ اسمٰعیل خان جانے والی وین کرک کے قریب انڈس ہائی وے میں سپنہ بانڈہ کے مقام پر کار سے ٹکرائی جس کے بعد ویگن میں آگ بھڑک اٹھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ویگن میں آگ لگنے سے 13 مسافر جھلس کر جاں بحق ہوئے اور زخمی مسافروں کو امدادی رضاکاروں اور مقامی افراد نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہستپال (ڈی ایچ کیو) کرک منتقل کردیا۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

ادھر ضلع لکی مروت میں انڈس ہائی وے پر باست خیل پھاٹک کے قریب شدید دھند کے باعث دو مسافر بسیں آپس میں ٹکراگئیں جس کے نتجے میں ایک مسافر جاں بحق اور دیگر 10 زخمی ہوگئے۔

پولیس اور مقامی افراد نے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال نورنگ منتقل کردیا جہاں 3 زخمیوں کی حالت تشویش ناک قرار دی جارہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک مسافر کوچ تجوڑی سے بنوں جبکہ دوسری بس بنوں سے ڈیرہ اسماعیل خان جا رہی تھی۔

خیال رہے کہ کے پی میں دور دراز علاقوں میں سڑکوں کی ناقص صورت حال کے باعث ماضی میں بھی دردناک حادثات پیش آتے رہے ہیں۔

جولائی 2013 میں کرک کے قریب اسی طرح کے ایک حادثے میں ایک ٹرک اور مسافر بس ٹکراگئی تھیں جس کے بعد گیس سلنڈر پھٹنے سے کم ازکم 17 مسافر جھلس کر جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:بنوں میں ٹریفک حادثہ، 17 افراد ہلاک

خیال رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ ٹریفک حادثات کے حوالے سے ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی جس کے مطابق ہر پانچ منٹ کے دوران روڈ حادثوں میں ایک شخص جاں بحق ہوتا ہے یا پھر شدید زخمی ہوکر زندگی بھر کے لیے معذور بن جاتا ہے۔

وزارت مواصلات کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں روڈ حادثے کے شکار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوجاتے ہیں، جب کہ روڈ سیفٹی کے حوالے سے بہترین ممالک وہ ہیں جہاں حادثے کے شکار افراد 30 دن کے اندر انتقال کرجاتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جو روڈ سیفٹی کے حوالے سے بدترین ممالک کی فہرست میں شمار ہوتے ہیں۔

پاکستان میں روڈ حادثات میں سب سے زیادہ اموات مشترکہ طور پر خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں ہوتی ہیں، دوسرے نمبر پر پنجاب اور تیسرے نمبر پر صوبہ سندھ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024