• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
شائع February 8, 2019 اپ ڈیٹ February 9, 2019

’اردو ادب کے وہ 10 بہترین ناول جنہوں نے بہت متاثر کیا‘

ابوعلیحہ

اردو ادب کی تاریخ کی اگر بات کی جائے تو اس میں پہلا ناول ڈپٹی نذیر احمد کا ’مراۃ العروس‘ ہے جو 1869ء میں لکھا گیا۔ گوکہ ہمارے ناقدین کی اکثریت اسے ناول کی صنف میں شامل کرنے سے گریز کرتی ہے اور رتن ناتھ سرشار کے ناول ’فسانہ آزاد‘ کو پہلا ناول قرار دیتی ہے، جس میں سرشار نے لکھنؤ معاشرت کی بھرپور عکاسی دکھائی تھی۔

پھر عبدالحلیم شرر کا تاریخی ناولوں کا سلسلہ شروع ہوتا ہے۔ علامہ راشد الخیری بھی اصلاحی ناول لکھتے رہے۔ مرزا ہادی رسوا کے شاہکار ’امرا ؤجان ادا‘ کو اردو ادب کا پہلا مکمل ناول کہا جاتا ہے جس میں مربوط پلاٹ کے ساتھ ساتھ انسان کی داخلیت اور نفسیاتی پرتوں کو بھی بیان کیا گیا ہے۔ ’رسوا‘ کے بعد پریم چند نے 13 ناول لکھے۔ جس میں ’بیوہ‘، ’بازارِ حسن‘ اور ’میدانِ عمل‘ مشہور ہوئے۔ پھر سجاد ظہیر، قاضی عبدالغفار، کرشن چندر، عزیز احمد، عصمت چغتائی وغیرہ مشہور ناول نگار گزرے ہیں۔

14 جنوری کو عالمی ادب سے بہترین ناولوں کا تعارف پیش کیا تو کمنٹس اور انباکس میں گلہ اور فرمائش کی گئی کہ اردو ادب کے کسی ایک ناول کو بھی درخور اعتنا نہ جانا گیا کہ وہ عالمی ادب کی فہرست میں جگہ پاسکتا تو عرض ہے کہ عالمی ادب سے مراد ہی غیر ملکی زبان میں لکھے جانے والے ناولوں کی لی جانی چاہئے تھی۔ احباب کی فرمائش پر اردو ادب کے 10 بہترین ناولوں کی فہرست پیش بصارت ہے۔ واضح رہے کہ فہرست مرتب کرتے ہوئے ناقدین کی رائے سے زیادہ احقر نے اپنی پسند کو مدنظر رکھا ہے اسی لئے اس فہرست میں پیش کئے جانے والے ناولوں پر آپ سب کا متفق ہونا قطعی ضروری نہیں ہے۔

فسانہ آزاد

اگرچہ اس میں حقیقی پلاٹ ندارد تھا اور اس کی ضخامت بھی اس کی مقبولیت کی راہ میں حائل رہی مگر یہی ناقدین روسی ادب کے شاہکار وار اینڈ پیس اور در برادرز کراموزوف کے بارے میں یہی رائے نہیں رکھتے حتیٰ کہ دونوں ناولوں کی تکنیک، فسانہ آزاد سے مشابہہ ہے۔ فسانہ آزاد میں لکھنؤ تہذیب کی بھرپور منظر کشی کی گئی ہے۔ فسانہ آزاد کا مزاحیہ کردار خوجی اردو ادب کے چند بہترین مزاحیہ کرداروں میں سے ایک قرار دیا جاسکتا ہے۔

امراؤ جان ادا

مرزا ہادی رسوا کا یہ شاہکار بار بار پڑھے جانے کے لائق ہے۔ لکھنؤ کی ایک طوائف کی آپ بیتی ہے جس میں آپ کو 19ویں صدی کے لکھنؤ کی سماجی اور ثقافتی جھلکیاں بڑے دلکش انداز میں دکھلائی گئی ہیں۔ امراؤ جان ادا 1899ء میں شائع ہوا۔

گئودان

منشی پریم چند کا یہ ناول 1936ء میں شائع ہوا۔ اسے پریم چند کا سب سے بہترین ناول مانا جاتا ہے۔ ناول ہندوستان کے پسے ہوئے کسانوں کی دکھ بھری زندگی کا احاطہ کرتا ہے۔ پریم چند نے نہایت بے باکی سے دہقانوں سے روا رکھے جانے والے ریاستی مظالم کا نقشہ کھینچا ہے۔ گئو دان پہلے دیوناگری رسم الخط میں لکھا گیا تھا پھر اقبال بہادر ورما ساحر نے اسے اردو زبان کے قالب میں ڈھالا۔

آگ کا دریا

یہ پڑھنے کے بعد احساس ہوتا ہے کہ کیوں اسے اردو زبان کا سب سے عظیم ناول قرار دیا جاتا ہے۔ معروف ناول نگار، قراۃ العین حیدر کی تخلیق آگ کا دریا جب 1957ء میں منظرِ عام پر آیا تو چند ناختم ہونے والے تنازعات کا موجب بنا تھا۔ چند ناقدین کی جانب سے ایک اعتراض کیا جاتا ہے کہ آگ کا دریا، ورجینیا وولف کے سوانحی ناول اورلینڈو سے ماخوذ ہے۔

اس ناول میں بیان کی جانے والی داستان 300 سال پر محیط ہے۔ قراۃ العین حیدر کو اس ناول کی وجہ سے ہراساں بھی کیا جاتا رہا۔ آگ کا دریا میں برصغیر کی ڈھائی ہزار برس کی تاریخ بتائی گئی ہے۔ ناول برِصغیر کے کلاسیکی، ازمنہ وسطیٰ، نوآبادیاتی اور جدید دور، چاروں ادوار کا چار کرداروں گوتم، چمپا، کمال اور سائرل کے ذریعے سے احاطہ کرتا ہے۔

اداس نسلیں

عبداللہ حسین کا وہ ناول جس نے انہیں عظیم ناول نگاروں کی صف میں لاکھڑا کیا۔ قراۃ العین حیدر نے اس ناول پر سرقہ کے الزام لگائے تھے اور صفحہ نمبر تک کے حوالے دیے تھے کہ عبداللہ حسین نے ان کے ناول آگ کا دریا سے اسلوب اور پیرا گراف چرائے ہیں۔ لیکن ان الزامات کے باوجود اداس نسلیں آزادی کے بعد تحریر کئے جانے والے ناولوں میں سب سے بہترین کہا جاسکتا ہے۔ دہلی اور پنجاب کے درمیان ایک گاؤں، جس میں ہندو، مسلم اور سکھ بستے ہیں کی دیہی زندگی کی بھرپور عکاسی کی گئی ہے۔ عبد اللہ حسین کے انتقال کے ساتھ ہی یہ ناول ایک مرتبہ پھر مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچا اور اس کے 2 ایڈیشن ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوئے۔

خدا کی بستی

شوکت صدیقی کا یہ ناول اگر اردو ادب کا سب سے زیادہ مقبول اور فروخت ہونے والا ناول کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ خدا کی بستی کے اب تک 55 سے زائد ایڈیشن شائع ہوچکے ہیں اور دنیا کی 20 زبانوں میں اس کا ترجمہ کیا جاچکا ہے۔ خدا کی بستی میں 50ء کی دہائی کا کراچی دکھایا گیا ہے جس میں کراچی کے مفلوک الحال لوگوں، اشرافیہ اور سیاستدانوں کی بقا و لالچ کی دوڑ کی منظر کشی کی گئی ہے۔ اس ناول پر پاکستان ٹیلی ویژن نے ڈرامہ بھی بنایا تھا جس نے مقبولیت کے کئی ریکارڈ قائم کئے تھے۔

کئی چاند تھے سرِ آسمان

آگ کا دریا کے بعد اگر کوئی ناول اردو ادب کا سب سے بہترین اول کہلانے کا حقدار ہے تو بلاشبہ وہ شمس الرحمان فاروقی کا ’کئی چاند تھے سرِ آسمان‘ ہوسکتا ہے۔ شمس الرحمان فاروقی کا یہ شاہکار ناول 18ویں صدی کے راجپوتانے سے شروع ہوکر دہلی کے لال قلعہ میں ختم ہوجاتا ہے۔ برِصغیر کی زوال پذیر ہوتی اسلامی تہذیب، انگریزوں کی سیاسی چپقلش، اس ناول کا موضوع ہیں۔ شمس الرحمان فاروقی نے عمدگی سے وزیر خانم کی زبانی مغلیہ سلطنت کے زوال، غالب کی زبانی اردو فارسی شاعری کی صورت حال، ہندوستانیوں کی بے بسی، انگریزوں کے ظلم و جبر پر روشنی ڈالی ہے۔

کئی چاند تھے سرِ آسماں کا مرکزی کردار وزیر خانم ہے جو مجسم حسن کا پیکر ہے۔ اپنی نفاست طبع، نازو انداز اور بات کرنے کے طور سلیقوں سے وہ ہر بااختیار مرد پر چھا جانے کی صلاحیت سے مالا مال ہے۔ وزیر خانم کو اس ناول میں مشہور شاعر داغ دہلوی کی والدہ بتایا گیا ہے۔ وزیر خانم کے کردار کو اردو ادب میں پیش کئے گئے عورت کے کرداروں میں سب سے لازوال قرار دیا جاسکتا ہے۔ شمس الرحمان فاروقی نے اس ناول میں زبان و بیان اور مکالموں کی برجستگی پر جو کمال برتا ہے اس کی اردو ادب میں اس سے پہلے اور بعد میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ اس ناول کو پڑھے بنا کوئی قاری خود کو اردو ادب کا قاری نہ ہی گردانے تو بہتر ہوگا اور اس ناول کی زبان سے لطف کشیدنے کے لئے لازم ہے کہ اسے وقفے وقفے سے اور دو بار لازم پڑھا جائے۔

بہاؤ

مستنصر حسین تارڑ ایک سفرنامہ نگار اور ٹیلی ویژن کے میزبان کی حیثیت سے شہرت رکھتے ہیں مگر بہاؤ ان کا وہ ناول ہے جسے اردو ناول نگاری میں اپنی اشاعت کے بعد سے آج تک خصوصی مقام حاصل ہے۔ بہاؤ دریائے سندھ کی ہزاروں سال قبل کی قدیم تہذیب و تمدن کو بیان کرتا ہے جو اپنے عروج پر پہنچنے کے بعد فنا ہوگئی۔

دریائے گھاگھرا کے کنارے ایک چھوٹا گاؤں اور اس گاؤں کے چند کرداروں کی زبانی انتہائی سادگی سے ایسی نقاشی بنتی ہے کہ پڑھنے والا فرط حیرت سے گنگ رہ جاتا ہے۔ ایک انٹرویو میں مستنصر حسن تارٖڑ نے بتایا تھا کہ بہاؤ لکھنے کے لئے انہوں نے 12 برس تحقیق کی تھی۔ بانو قدسیہ نے بہاؤ پڑھنے کے بعد تبصرہ کیا تھا کہ اس ناول کے بعد تارڑ کو مزید کچھ بھی لکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہی ایک ناول انہیں زندہ جاوید رکھنے کے لئے کافی ہے۔

دشت سوس

دشت سوس میرا پسندیدہ ناول ہے۔ ایک وجہ تو یہ ہے کہ میں نے یہ ناول حال میں ہی پڑھا ہے اور دوسری وجہ یہ ہے کہ مجھے اس ناول کی پیش کردہ زبان نے بہت متاثر کیا ہے۔ جمیلہ ہاشمی کا یہ معروف تاریخی ناول 1983ء میں منظرِ عام پر آیا۔ ناول بغداد کے درویش و صوفی حسین بن منصور حلاج کی زندگی کی بابت ہے جس میں ان کی زندگی کے ان عیاں گوشوں کو بے نقاب کیا گیا ہے جو ہمیں مؤرخین کی زبانی پڑھنے میں نہیں آئے۔ ناول میں 10ویں صدی کے عباسی دور میں رونما ہونے والے اہم سیاسی، سماجی و مذہبی واقعات کو بے باکانہ انداز میں بیان کیا گیا ہے۔

غلام باغ

گزشتہ 3 دہائیوں میں شاید ہی غلام باغ جیسا کوئی اور ناول لکھا گیا ہو۔ اردو ناول نگاری کی تاریخ میں علامتی اور تجریدی ادب پر خال خال ہی لکھا گیا ہے۔ مگر مرزا اطہر بیگ کے غلام باغ کو اردو ادب کا واحد ناول کہا جاسکتا ہے جو ایک وقت میں کئی رجحانات اپنے پلاٹ میں سموئے ہوئے ہے۔

غلام باغ علامتی، حقیقی، تجریدی اور اینٹی ناول ہے۔ ناول کا مرکزی خیال اس کے مرکزی کردار کبیر مہدی کے ایک جملے ’وقت کا کوئی وجود ہی نہیں، یہ محض ایک واہمہ ہے‘ سے جانا جاسکتا ہے۔ اس ناول کا ہر کردار اپنی ذات میں ایک دانشور ہے اور زندگی کو جانچنے اور پرکھنے کا ہر ایک کا اپنا نظریہ ہے جو دوسروں کے نظریے سے قطعی مختلف ہے۔

اردو ادب میں غلام باغ سے پہلے کا لکھا جانے والا ناول روایت اور یکسانیت سے لبریز ہے۔ مرزا اطہر بیگ نے غلام باغ میں جو کردار اور پھر ان کرداروں کو جن مناظر میں سمویا ہے، وہ اپنی طرز پر اردو ادب میں ایک اچھوتا تجربہ ہے۔ غلام باغ بیانیہ اور مکالموں سے زیادہ کرداروں کی خود کلامی کے ذریعے پلاٹ کو آگے بڑھاتا ہے۔ اردو ادب کے شائقین جب اس ناول کو پڑھنے لگیں تو صفحہ اول سے ہی خود کو ذہنی طور پر تیار کرلیں کہ وہ ایک اچھوتا اور انوکھا ناول پڑھنے جارہے ہیں۔


علی سجاد شاہ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور صحافی، بلاگر اور فلم میکر ہیں۔ ابوعلیحہ کے نام سے لکھتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر کافی معروف ہیں۔

ابوعلیحہ

علی سجاد شاہ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور صحافی، بلاگر اور فلم میکر ہیں۔ ابوعلیحہ کے نام سے لکھتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر کافی معروف ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (38) بند ہیں

Ishfaq Ahmed malik Feb 08, 2019 06:01pm
Plz add Raja Giteh of Bano quadsia thanks
Muhammad Arif Feb 08, 2019 06:59pm
Asslam O alykum, kia hi acha hota agar har navel kay sath uskay parnay ya download kay liyay link bhi day diya jata, aj kal kitab kharednay ki himmat kis main hay aur agar hay bhi to miltee kahan hay.
رانا تحمل علی Feb 08, 2019 07:16pm
رائٹ اپ دیکھا دل بہت خوش ہوا ۔۔۔۔ خدا کرے زور قلم اور زیادہ آمین
Waseem Feb 08, 2019 07:16pm
راجہ گدھ کیوں شامل نہیں کیا آپ نے؟
طاہر یاسین طاہر Feb 08, 2019 07:27pm
علی سجاد بہت عمدہ۔شاہ جی بے شک امرائو جان ادا اردو کے بہترین ناولوں میں سے ہے۔۔۔اسی طرح آگ کا دریا اور غلام باغ بھی شاندار ہیں۔۔۔ دیگر قارئین کو آپ کے منتخب کردہ 10 بہترین ناولوں کے سلسلہ انتخاب سے اختلاف ہو سکتا ہے۔۔ لیکن اصل چیز ادب کی عرق ریزی ہے، نئے گوشوں کی تلاش اور قاری کو کتاب کی طرف لانا ہے۔۔۔ آپ اس حوالے سے عمدہ کام کر رہے ہیں۔۔
یمین الاسلام زبیری Feb 08, 2019 08:00pm
علی سجاد شاہ صاحب، بہت خوب۔ یقیناً آپ خوب کتابیں پڑھنے والے ہیں۔ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں کی کتابیں آپ نے خوب پڑھ رکھی ہیں۔ کیا آپ نے خود بھی کوئی ناول لکھا ہے، یا لکھنے کا ارادہ ہے؟ آپ کے تبصرے متاثر کن ہیں۔ بعض اردو کے ناولوں کے نام مجھے تو پتا ہی نہیں تھے آج پتا چلے۔ آپ کی تحریروں کا انتظار رہے گا۔ کچھ اپنی فلموں کے بارے میں بھی لکھیے۔ شکریہ
فیضِ عالم بابر Feb 08, 2019 08:31pm
ابو بھائی ہم تو سمجھے تھے آپ صرف فلمی وجود ہیں مگر یہ تعارف نامہ پڑھ کر آگاہی ہوئی کہ آپ تو ادب کے بھی شناور ہیں۔اس تعارف نامہ کو پڑھنا یوں ضروری سمجھا کہ اس میں ہمارے پسندیدہ ناولز بھی شامل ہیں یا نہیں مگر دیکھ کر خوشی ہوئی کہ دشتِ سوس اور کئی چاند تھے سرِ آسماں شامل ہیں۔اگر یہ شامل نہ ہوتے تو ہم آپ سے وہی سلوک روا رکھتے جو جون ایلیا مرزا غالب سے رکھتے تھے۔یہ دونوں ناولز کئی بار پڑھے،خریدے مگر یار لوگ لے گئے تو واپس ہی نہیں کیےاور ڈھٹائی سے واپس دینے سے انکار بھی کردیا سو اب انتظار میں ہیں کہ کوئی ہمیں یہ گفٹ کرے۔
engr. awais ali Feb 08, 2019 08:51pm
nice keep update about more books that must be read by book lovers
HonorBright Feb 08, 2019 08:53pm
Urdu books are usually so expensive as compared to varied editions of English novels. I know that's lame excuse for not reading any book but somebody needs to do something about it. Maybe there should be an online bookstore for used Urdu novels and poetry books.
معظم عابدی Feb 08, 2019 09:06pm
اس فہرست میں راجہ گدہ کو بھی ہونا چاہیے تھا
Dua Feb 08, 2019 10:20pm
thanks for sharing, i have never heard names of these books but will try to get and read. I was wondering you will have "Pir-e-Kamil" in this list but never mind i have to read these to know how they make in top ten.
Napier Mole Feb 08, 2019 10:37pm
Excellent write up.
tahir javid Feb 08, 2019 10:55pm
Job well done,
imran javed Feb 08, 2019 11:19pm
@فیضِ عالم بابر Raja Gidh is one of the most read novel by Bano Qudsia which is missing in the outstanding list...
abdul qureshi Feb 08, 2019 11:25pm
i want to know id these novel available on internet with the need for the novelist to have interest of writer secured . can jang group help in this regard for the the people living in foreign country are very interested . the second generation of us will be not able to enjoy the urdu adab as we have been able to enjoy
فیضِ عالم بابر Feb 09, 2019 12:45am
@imran javed راجہ گدھ مجھے ناول سے زیادہ وعظ نامہ لگتا ہے۔اس لیےاخلاقیات کی رو سے مجھے پسند تو آیا مگر بہت زیادہ نہیں آیا۔
Muhammad Furqan Ijaz Feb 09, 2019 02:57am
sir e mail me ur research work and lists of novel. Thanks.
salman Feb 09, 2019 04:22am
My friend, I think that Pakistan (or Urdu ) belong to this planet, along with other countries and languages. So when we speak of International literature (Almi Adab), Pakistan and Urdu are automatically included. Othewise, why do you think, Pakistan is allowed to take part in international competitions, like hockey world cup or cricket world cup or olympics,... Or, why does the host country take part in it ?
Waseem Feb 09, 2019 09:10am
Great intro and thankyou for not including "Raja Gidh" in top 10.
Basharat Qamar Feb 09, 2019 09:19am
How can we forget Mumtaz Mufti, Ashfaq Ahmed and Bano Qudsia?
عبد الرشید ارشد Feb 09, 2019 09:20am
ماشآء اللّٰہ بہت خوب تجزیہ فرمایا شاہ جی۔ اللہ پاک تا دم حیات عافیت کے ساتھ رکھیں۔ ایک عرض ہے کہ ان ناولز کو اگر اردو یا ہندی میں فلمایا گیا ہو تو برائے مہربانی ان کے نام بھی عنایت فرمائیں۔ جزاک اللّٰہ
Faisal Feb 09, 2019 09:27am
@Dua actually, there's a difference between most popular novels among masses and technically best novels according to critics. At MANY times, there is a huge difference between these two. Peer-e-Kamil is one of the such novels. It always remained VERY popular among people but NEVER praised by any critic. Infact, if you are a huge admirer of that novel you would surely not like any of these novels. Try to read any of these!
مصدق سعید Feb 09, 2019 09:41am
شاہ جی یقینا آپ کی یہ کا وش قابل ستائش ہے لیکن اس فہرست میں راجہ گدھ کا ذکر نا کرنا میری دانست میں راجہ گدھ کے سا تھ نا انصافی ہے۔
Muhammad Ali Baig Feb 09, 2019 09:45am
Revived memories, thank you But doesn't "Alipur Ka Aili" find a place?
Adult Nazir Feb 09, 2019 10:21am
You have to explain that why have you not included RAJA GIDH. Though this is your own list, but you have wasted my/our time for reading your article without RAJA GIDH. "Apology" for harsh words. PS: I loved your article. PPS: I haven't read all novels that you listed. PPPS: APOLOGY again
Abdul Nasir Mughal Feb 09, 2019 11:45am
Kindly let us know the availability of these novels and their publishers.Thanks
ارشد حسین خان Feb 09, 2019 11:54am
قصہ چہار درویش؟؟؟؟؟ اردو ادب اور زبان کا عالیشان شاہ کار کہاں ہے؟ اور میرے خیال سے ان سب سے پرانا بھی ہے
احمد کیف Feb 09, 2019 04:21pm
آگ کا دریا کی نسبت راجہ گدھ بڑا ناول ہے۔ کیونکہ آگ کا دریا میں دو حصے منظر نگاری جبکہ ایک حصہ ناول ہے۔ راجہ گدھ کو شامل نہ کرنا جانبداری لگ رہا ہے۔
SALIM MANDVAWALA Feb 09, 2019 04:45pm
urdu literature is really amazing. lot of work to be done
Shah Qaimoos Feb 09, 2019 05:28pm
What about Bachpan ka December written by Hashim naseem
Basit Solat Khan Feb 09, 2019 08:34pm
NICE COLLECTION BROTHER
Abdul Nasir Mughal Feb 10, 2019 01:40am
Someone read Aram Bagh?? If yes.Pls comment? how is this book??
Rana Qamar Feb 10, 2019 01:43am
@Waseem True that. Raja gidh is a first class novel no doubt. should have been in the list I think.
Rana Qamar Feb 10, 2019 01:45am
@احمد کیف Agreed
ESHA AZIZ Feb 10, 2019 10:13pm
Every one has its own choice but majority decided what is good and what is bad.''Shahab Nama'' by Qudratullah Shahab is sophisticated form of an autobiographical novel.
Imran Siddiqi Feb 12, 2019 09:56am
Ali Pur Ka Aili should be in the list as well as Raja Gidh also deserved to be in top ten
خضرحیات Feb 13, 2019 09:52am
سبحان اللہ اردو ادب کے بہترین ناولوں کی میری فہرست بھی آپ کی بنائی گئی اس فہرست سے بہت ملتی جلتی ہے۔ میری فہرست میں انتظار حسین کا 'بستی' بھی شامل ہوگا۔ فہمیدہ ریاض کا 'قلعہ فراموشی' اور مرزا اطہر بیگ صاحب کا 'حسن کی صورت حال بھی شامل ہوگا'۔
علی اویس قرنی Mar 21, 2019 08:20pm
بہت بہترین انداز میں آپ نے ان بہترین کتابوں کا تجزیہ پیش کیا.