سندھ: گٹکا بیچنے پر مجرم کو 4ماہ تک مندر کی صفائی کا حکم
صوبہ سندھ کے شہر مٹھی میں سول جج نے بھارتی گٹکا بیچنے کا جرم ثابت ہونے پر مجرم کو بطور سزا 4ماہ تک مندر کی صفائی کا حکم دیا ہے۔
ضلع تھرپارکر میں جج گرموکھ داس نے گووند مہاراج کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے انہیں آئندہ چار ماہ تک مٹھی کے شیو مندر کی صفائی کا حکم دیا۔
اس کے ساتھ ساتھ ان پر ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔
مقامی پولیس پابندی کے باوجود گٹکا بیچنے پر مہاراج کو چند ہفتوں قبل گرفتار کیا تھا۔
جج نے متعلقہ پولیس افسر کو ہدایت کی کہ مجرم کی چار ماہ کی سزا مکمل ہونے پر عدالت میں رپورٹ جمع کرائے۔
ستمبر 2017 میں دادو کے سول جج نے منشیات بیچنے کا الزام ثابت ہونے پر مجرم کو ایک سال تک بے نظیرآباد کی مسجد کی صفائی اور پانچ وقت نماز کی ادائیگی کا حکم دیا تھا۔
تبصرے (1) بند ہیں