• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’بھارت میں پاکستانی سفیر کی طلبی انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش‘

شائع January 31, 2019
ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کی کشمیریوں کے لیے حمایت کا اعادہ کیا—فائل فوٹو: ڈان نیوز
ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کی کشمیریوں کے لیے حمایت کا اعادہ کیا—فائل فوٹو: ڈان نیوز

بھارت کی جانب سے پاکستانی سفیر کو طلب کر کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کشمیری رہنما میر واعظ عمر فاروق سے فون پر گفتگو پر احتجاج کرنے کے بعد پاکستان نے بھی بھارتی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرلیا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما میر واعظ عمر فاروق کو کال کر کے تمام بین الاقوامی فورمز پر کشمیر کا معاملہ اٹھانے اور بھارتی فوج کی جارحیت کا پردہ چاک کرنے کی پاکستانی کوششوں سے آگاہ کیا تھا۔

ان کا موقف تھا کہ بھارت اپنے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی تحقیقات کرنے کے لیے بین الاقوامی کمیشن کو آنے کی اجازت دے۔

جس پر میر واعظ عمر فاروق نے پاکستانی حکومت کی کوششوں کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ بھارتی مظالم سے بھارت کے زیر کشمیر کے لوگوں کا جذبہ کم نہیں ہوسکتا، ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری، بھارتی ظلم و ستم اور کالے قوانین کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 'کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر دنیا کی خاموشی افسوس ناک'

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے رہنما اے پی ایچ سی کو لندن میں ہاؤس آف کامنز کے زیر اہتمام آنے والی تقریب کے بارے میں بھی بتایا تھا، جس میں 4 اور 5 فروری کو ایک نمائش بھی کی جائے گی، جس پر میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی اس میں شرکت کے خواہشمند ہیں لیکن بھارتی حکومت نے ان کے پاسپورٹ ضبط کر رکھے ہیں تا کہ وہ بیرونِ ملک سفر نہ جاسکیں۔

اس حوالے سے دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ بھارت نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور میر واعظ عمر فاروق کے درمیان ٹیلی فونک رابطے پر احتجاج کے لیے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کیا تھا۔

جس کے ردعمل کے طور پر سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے پاکستانی سفیر کی طلبی پر احتجاج کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیلی فون کال پر بھارت کے اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے کشمیریوں کی جدوجہد اور حقِ خود ارادیت کے لیے حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: حریت قیادت کا اقوام متحدہ کو خط، مسئلہ کشمیر کے حل کا مطالبہ

سیکریٹری خارجہ نے بھارتی سفیر پر واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے بھارت کی جانب سے پاکستانی سفیر کی طلبی آئندہ انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے، 'اگر آپ الیکشن جیتنا چاہتے ہیں اس میں ہمیں ملوث نہیں کریں'۔

علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی قیادت پہلے بھی کشمیری رہنماؤں سے بات چیت کرتی رہی ہے لہٰذا وزیر خارجہ کی کشمیری رہنما کو ٹیلی فون کال کوئی انوکھی بات نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024