کراچی: فائرنگ سے پی ٹی آئی کے رکنِ سندھ اسمبلی زخمی
کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے رکنِ سندھ اسمبلی رمضان گھانچی کو فائرنگ کر کے زخمی کردیا گیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ واقعہ رات گئے اولڈ سٹی ایریا میں نیپیئر پولیس تھانے کی حدود میں پیش آیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس(ایس ایس پی) مقدس حیدر نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی رکنِ اسمبلی کا ٹمبر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلیمان سومرو اور ان کے 2 بیٹوں کے ساتھ مبینہ طور پر ’پانی کی لائن‘ کے معالے پر جھگڑا ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما زہرہ شاہد قتل کیس کا فیصلہ محفوظ
اس دوران انہیں ٹانگ میں ایک گولی لگی جس کے بعد انہیں فوری طور پر ڈاکٹر روتھ فاؤ سول ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔
ڈان نیوز ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق واقعے کا مقدمے زخمی اپم پی اے رمضان گھانچی کی مدعیت میں نیپئر تھانے میں درج کرلیا گیا۔
مقدمے میں 4 ملزمان کو نامزد کیا گیا جن میں سے 2 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ مقدمے میں اقدام قتل اور لڑائی جھگڑے کی دفعات کو شامل کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی، تحریک انصاف سندھ کی نائب صدر زہرہ شاہد قتل
رکنِ اسمبلی کے زخمی ہونے کے واقعے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ حکومت ملزمان کوسزا دے کر مثال قائم کرے انہوں نے بتایا کہ رمضان گھانچی کوکسی نجی اسپتال منتقل کیا جائے گا۔