• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

کراچی: نادرا کے دفتر سے شناختی کارڈ کی چوری میں ملوث مرکزی ملزم گرفتار

شائع January 24, 2019
رینجرز نے ملزم سے 803 شناختی کارڈ برآمد کیے — فائل فوٹو: ڈان
رینجرز نے ملزم سے 803 شناختی کارڈ برآمد کیے — فائل فوٹو: ڈان

سندھ رینجرز نے کراچی کے علاقے لانڈھی میں واقع نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے دفتر سے شناختی کارڈ کی چوری میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق سندھ رینجرز نے گزشتہ روز نادرا سینٹر سے شناختی کارڈز کی چوری کی تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر لانڈھی نمبر ساڑھے 3 میں کارروائی کے دوران مرکزی ملزم ولید حسین کو گرفتار کرلیا۔

مزید پڑھیں: نادرا کے لانڈھی میں واقع دفتر سے 1800 شناختی کارڈ چوری

رینجرز کے مطابق ملزم کے قبضے سے چوری شدہ 8 سو 3 شناختی کارڈ بمعہ فارم اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے 2 کارڈ برآمد کیے گئے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم ولید حسین نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف کیا ہے کہ لانڈھی میں واقع نادرا کے دفتر سے چرائے گئے شناختی کارڈز کی تعداد 803 ہے جنہیں انہوں نے اپنے ایک رشتے دار کے گھر میں چھپایا ہوا تھا۔

رینجرز نے مزید قانونی چارہ جوئی کے لیے ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پولیس نے بتایا تھا کہ 22 جنوری کو رات گئے لانڈھی نمبر ساڑھے 3 میں واقع نادرا کے دفتر میں مشتبہ افراد داخل ہوئے اور تقریباً 1800 شناختی کارڈ اپنے ساتھ لے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین نادرا کا سینٹرز کا اچانک دورہ،عملے کی کارکردگی کا پول کھل گیا

اس حوال سے پولیس کا کہنا تھا کہ نادرا حکام کی شکایت پر مشتبہ افراد کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 457، 380 اور34 کے تحت فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کردی گئی۔

سندھ پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے لانڈھی میں نادرا کے دفتر میں چوری کے واقعے کا نوٹس لیا ہے اور ایس ایس پی کورنگی سے اس واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024