• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

لاکھوں سائنسی مشاہدات کرنے والی دوربین ایک خاتون کی تخلیق تھی

شائع January 28, 2019
نینسی گریس رومن کا انتقال 95 برس کی عمر میں ہوا—فائل فوٹو: ناسا
نینسی گریس رومن کا انتقال 95 برس کی عمر میں ہوا—فائل فوٹو: ناسا

25 دسمبر 2018 کو جب ساری دنیا میں کرسمس منائی جارہی تھی اور ہر کوئی خوشیوں سے سرشار تھا، ٹھیک اسی روز دنیا بھر کی سائنٹفک اور خاص کر ایسٹرا نامرز کمیونٹیز کو ایک خبر اداس کرگئی۔

وہ خبر مایہ ناز خاتون ایسٹرانامر، ناسا ایگزیکٹو اور ہبل ٹیلی اسکوپ سے طویل عرصے تک وابستہ رہنے والی نینسی گریس رومن کی وفات کی خبر تھی، جنہیں ان کی خدمات کے حوالے سے "مدر آف ہبل ٹیلی اسکوپ" بھی کہا جاتا ہے۔

نینسی رومن کو ناسا کی پہلی چیف ایسٹرا نامی اور پہلی خاتون ایگزیکٹو ہونے کا اعزاز بھی حاصل تھا۔

6 مئی 1925 کو امریکی ریاست ٹینیسی کے قصبے نیش وائل میں پیدا ہونے والی اس ذہین اور باصلا حیت خاتون کو نیچرل سائنسز میں دلچسپی والدین کی طرف سے ورثے میں ملی تھی، ان کی والدہ جارجیا اسمتھ رومن ایک میوزک ٹیچر تھیں، جبکہ ان کے والد ارون رومن ایک ماہرِ ارضیات تھے اور اکثر اوقات ان کے دوسرے علاقوں میں تبادلے کی وجہ سے نینسی کو امریکا کی دیگر ریاستوں ٹیکساس، اوکلاہاما، نیوجرسی اور ارون میں بھی رہنے کا موقع ملا۔

ان ہی دنوں میں کھلے آسمان تلے ان گنت ستاروں کو تکتے ہوئے نینسی کی فلکیات میں دلچسپی بڑھی جو آگے چل کر جنون بن گئی، محض 11برس کی عمر میں نینسی نے اپنے دوستوں اور پڑوسی بچوں کو ساتھ مل کر اپنا ایسٹرانامی کلب بنایا اور انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ مستقبل میں اسٹرانامر بننا چاہتی ہیں، مگر اس سلسلے میں پہلا دھچکہ انہیں اس وقت لگا جب ان کی ہائی اسکول کی کاؤنسلر نے انہیں ریاضی کے بجائےدوسرا مضمون اختیار کرنے پر مجبور کیا، کیونکہ ان کا خیال تھا کہ ریاضی یا سائنسی مضامین لڑکیوں کے لیے موزوں نہیں ہیں اور ان سے انہیں آگے بڑھنے یا کچھ غیر معمولی کر دکھانے کے زیادہ مواقع نہیں ملتے، مگر ان تمام مخالفتوں کے باوجود نینسی نے فلکیات اور طبیعات جیسے مشکل مضامین اپنے لیے منتخب کیے اور 1946 میں نمایاں اعزاز کے ساتھ ایسٹرانامی میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کی۔

ہبل ٹیلی اسکوپ دوربین نینسی گریس نے ہی ایجاد کی—فوٹو: سائنس اسپرنگس
ہبل ٹیلی اسکوپ دوربین نینسی گریس نے ہی ایجاد کی—فوٹو: سائنس اسپرنگس

نینسی رومن نے کئی دفعہ اپنے انٹرویوز میں ان مشکلات کا ذکر کیا جن سے انہیں اپنے گریجویشن کے دوران گزرنا پڑا، ان کا کہنا تھا کہ مخالفتوں کے ایک طوفان میں ان کی ایک استاد ہی واحد سہارا تھیں جو چاہتی تھیں کہ نوجوان لڑکیوں کو فزکس و ایسٹرا نامی جیسے مضامین ضرور اختیار کرنے چاہیے۔

نینسی رومن نے اس فیلڈ میں کچھ غیر معمولی کر دکھا نے کی جستجو جاری رکھی اور 1949 میں شکاگو یونیورسٹی سے ایسٹرانامی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی اور تقریباً 6 سال تک یونیورسٹی کی 'یرک آبزر ویٹری' میں اسسٹنٹ پروفیسر اور انسٹرکٹر کے طور پر خدمات سر انجام دیتی رہیں، مگر وہ شدت سے محسوس کرتی تھیں کہ فلکیات کے میدان اور تحقیقات میں خواتین کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔

کچھ عرصے بعد جب انہیں واشنگٹن میں واقع امریکی نیول ریسرچ لیبارٹری میں کام کرنے کا موقع ملا تو وہ حیران رہ گئیں کہ ایک باقاعدہ پوسٹ ہونے کے باوجود ان کے کرنے کاوہاں کوئی بھی کام نہیں تھا یا شاید ان کے ساتھ کرنے والے مرد حضرات صنفی امتیاز کا کچھ زیادہ ہی شکار تھے اور انہیں کوئی بھی کام دینے پر آمادہ نہیں تھے، مگر ایک دفعہ پھر نینسی رومن کی مستقل مزاجی ان کے کام آئی اور اپنے اچھے رویے سے وہ اپنے ساتھیوں کا اعتماد جیتنے میں کامیاب ہوگئیں اور ریڈیو ایسٹرانامی کے علاوہ مائیکرو ویو اسپیکٹرو اسکوپی پر کام کرنا شروع کردیا۔

کیریئر کے آغاز میں انہیں صنفی تفریق کا سامنا کرنا پڑا—فائل فوٹو: نیشنل ایئر اینڈ اسپیس میوزیم
کیریئر کے آغاز میں انہیں صنفی تفریق کا سامنا کرنا پڑا—فائل فوٹو: نیشنل ایئر اینڈ اسپیس میوزیم

1950 میں دوران ملازمت انہیں " چاند کے خلائی مشن " کے حوالے سے ناسا کی جانب سے دیے گئے ایک لیکچر سننے کا موقع ملا جو ان کے لیے زندگی تبدیل کر دینے والا لمحہ ثابت ہوا، اس لیکچر کے بعد ناسا کے ایک اہم عہدے پر فائض شخصیت نے انہیں جلد شروع کیے جانے والے اسپیس ایسٹرا نامی پروگرام کے بارے میں بتایا جس کے لیے وہ ٹیم کی تلاش میں تھے۔

اگرچہ نینسی رومن اس پروگرام کے حوالے سے زیادہ تجربہ نہیں رکھتی تھیں، تاہم اس کے باوجود انہوں نے اسے ایک چیلنج کے طور پر قبول کرنے کا فیصلہ کیا، یہ وہ دور تھا جب امریکہ میں بھی اسپیس ایسٹرانامی ایک نئی جہت تھی اور خلاء میں مزید تحقیق کے لیے نئے مشن اور طاقتور دور بین پر کام کا آغاز کیا گیا تھا۔

نینسی رومن نے اس کے بعد اپنی زندگی اسی مقصد کے لیے وقف کردی، خلائی تحقیق میں ان کی خدمات کو دیکھتے ہوئے 1964 میں نئے دریافت کیے جانے والے ایسٹی رائڈ یا سیارچے کا نام " 2516 رومن" رکھا گیا۔

مگر یہ تو نینسی رومن کے سفر کا محض آغاز تھا، ناسا سے ایک طویل عرصے تک وابستہ رہنے کے دوران وہ متعدد مشنز کا حصہ رہیں، مگر ناسا اور اسپیس سائنسز کو دیا گیا ان کا سب سے اہم تحفہ ' ہبل ٹیلی اسکوپ ہے۔

زندگی کے آخری وقت تک نیسنی کام کرتی رہیں—فوٹو: ٹوئٹر
زندگی کے آخری وقت تک نیسنی کام کرتی رہیں—فوٹو: ٹوئٹر

بلاشبہ ہبل دوربین سائنس اور انجینئرنگ کا ایک شاہکار ہے، بنیادی طور پر یہ آئیڈیا ہی لاجواب تھا کہ ایک بہت بڑے سائز کی دور بین خلاء میں بھیجی جائے، اس سے پہلے جو دوربینیں زمین سے خلاء میں مشاہدات کے لیے استعمال کی جاتی تھیں، ان سے صرف رات کے اندھیرے میں دیکھنا ممکن تھا، کیونکہ سورج کی روشنی میں زمین کا ایٹموسفئیر قابل مشاہدہ روشنی کے ویو لینتھ( طول موج) کو محدود کر دیتا ہے، چونکہ ہبل کو زمین کے ماحول سے اوپر بلندی پر نصب کیا گیا تھا، اس لیے اس کے ذریعے دن اور رات کی تخصیص کے بغیر مشاہدات ممکن تھے۔

رات میں ہم سادہ آنکھ سے جو ستارے دیکھ سکتے ہیں وہ ہمارے ملکی وے گلیکسی کا حصہ ہیں، ہماری کائنات میں مو جود دیگر کہکشائیں ہم سے بہت زیادہ فاصلے پر ہیں اس لیے ان کی روشنی زمین تک پہنچ کر بہت مدھم ہو جاتی ہے، ان کہکشاؤں کی تصاویر ہمیں ہبل ٹیلی اسکوپ کے ذریعے ہی حاصل ہوئی ہیں۔

اور اب تک یہ دوربین 12 لاکھ سے زیادہ مشاہدات اور 14 ہزار تحقیقی مقالات میں معاونت کر چکی ہے، مگر اس مشن کا آغاز اور پھر لانچنگ کا عرصہ نینسی رومن کے لیے زندگی کا کٹھن ترین دور تھا، انہیں کانگریس سے لے کر امریکی میڈیا اور عام افراد کو بھی یہ باور کرانا تھا کہ مستقبل کی تحقیقاتت کے لیے ہبل ٹیلی اسکوپ جیسے مشن کیوں ضروری ہیں، جس کے لیے ایک کثیر سرمائے کی ضرورت تھی۔

نینس ناسا کی پہلی خاتون ایگزیکٹو بھی تھیں—فائل فوٹو: فلکر
نینس ناسا کی پہلی خاتون ایگزیکٹو بھی تھیں—فائل فوٹو: فلکر

1974 میں کانگریس کی جانب سے اچانک اس مشن کے لیے سرمائے کی بندش کے بعد تقریباً ایک سال تک نینسی رومن نے اس کے لیے ایک مہم چلائی اور ان کی کوششوں سے ہی یہ مشن دوبارہ شروع ہوسکا، ہبل ٹیلی اسکوپ دوربین کی خلاء میں لانچنگ بلاشبہ نینسی رومن کی ایک بہت بڑی کامیابی تھی اور اسی باعث انہیں سائنسی و عام حلقوں میں " مدر آف ہبل ٹیلی اسکوپ " کہا جاتا تھا۔

ہبل دوربین کی لانچنگ کی تاریخ مقرر ہوتے ہی نینسی نے خود کو اس مشن سے الگ کر لیا تھا اور 1979 میں ناسا سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد انہوں نے اسپیس فلائٹ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے کام کرنا شروع کیا، مگر مرتے دم تک ناسا کے ساتھ ان کا تعلق کسی نہ کسی صورت میں برقرار رہا اور وہ مختلف تحقیقات میں معاونت کے علاوہ ناسا کی جانب سے لیکچرز بھی دیتی رہیں۔

نینسی رومن کا پورا کیریئر کامیابیوں سے معمور ہے اور انہوں نے 95 برس کی عمر میں وفات تک ایک بھرپور اور سرگرم زندگی گزاری اور یہ خوش نصیبی بہت کم لوگوں کے حصے میں آتی ہے، مگر خود ان کے خیال میں ان کے صرف 2 ہی اہم کارنامے "ستاروں پر تحقیق " اور "ہبل دوربین" ہی ہیں ۔

پی ایچ ڈی کے بعد یرک آبزرویٹری میں تحقیقات کے دوران نینسی رومن نے ایسے ستارے دریافت کیے تھے جن کے مدار دائرہ نما تھے، اس کے علاوہ ان کی ستاروں پر کی گئی اور بھی کئی تحقیقات مستقبل میں بہت معاون ثابت ہوئیں، جن میں سب سے اہم دیگر کہکشاؤں کی دریافت اور ان کے بارےمیں اہم معلومات کا حصول ہے۔

نینسی رومن کی فلکیاتی طبیعات میں خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے نام پر فیڈرل ویمن ایوارڈ اور ناسا کی جانب سے ایسٹرو فزکس میں ناسا فیلوشپ بھی جاری کی گئیں، جبکہ وہ اس کے علاوہ بھی متعدد سائنسی و فلکیاتی اعزازات رکھتی ہیں۔

نینسی رومن کا کہنا تھا کہ اس فیلڈ میں ابتدائی دور کی مشکلات کے علاوہ انہیں کبھی صنفی امتیاز کا سامنا نہیں کرنا پڑا، وہ کہتی تھیں کہ خواتین جب کسی بھی نو آموز فیلڈ میں قدم رکھتی ہیں تو بذات خود اور ان کے ساتھ کام کرنے والے افراد تحفظات کا شکار ضرور ہوتے ہیں مگر ان کا خود پر اور اپنی صلاحیتوں پر اعتماد ہی ہر رکاوٹ کو توڑنے اور آگے بڑھتے رہنے میں ان کا سب سے بڑا معان ثابت ہوتا ہے۔


صادقہ خان نے یونیورسٹی آف بلوچستان سے اپلائیڈ فزکس میں ماسٹرز کیا ہے، وہ پاکستان کی کئی سائنس سوسائٹیز کی فعال رکن ہیں۔ ڈان نیوز پر سائنس اور اسپیس بیسڈ ایسٹرا نامی کے آرٹیکلز/بلاگز لکھتی ہیں۔ ان سے [email protected] پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

انہیں ٹوئٹر پر فالو کریں saadeqakhan@


ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔


تبصرے (1) بند ہیں

taqi hyder Jan 11, 2019 12:57pm
Good to know about the brain behind revolutionary Hubble Telescope. Thanks for sharing.

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024