عمران خان کا دورہ ترکی
وزیر اعظم عمران خان وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد ترکی کے 2 روزہ سرکاری دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے ترک صدر رجب اردوان سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔
عمران خان نے ترکی کے شہر قونیہ پہنچنے پر عظیم صوفی بزرگ حضرت جلال الدین رومی کے مزار پر حاضری دی، انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
وزیراعظم عمران خان قونیہ سے انقرہ پہنچے جہاں انہوں نے ترکی کی وزیر تجارت رہسار پیک جان نے ملاقات کی۔
انہوں نے جدید ترکی کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر پھول چڑھائے، وزیراعظم نے میثاقِ ملی بُرج میں محفوظ خصوصی رجسٹر پر اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔
عمران خان نے انقرہ میں پاک ترک بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات کی اور کہا کہ ہم سرمایہ کاروں کو تحفظ دینا چاہتے ہیں اور سرمایہ کاری کے لیے ہم انہیں سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے انقرہ میں ترک صدر کے ہمراہ جمعہ کی نماز ادا کی اور ایوان صدر میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوان صدر آمد پر وزیراعظم عمران خان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔